اس سال مانسون۱۰؍ دن پہلے مہاراشٹر میں داخل ہوا ہے۔پونے، ممبئی، تھانے، پالگھر، ناندیڑ، لاتور اور چندر پور کے اضلاع میں بھاری بارش کی پیش گوئی۔
EPAPER
Updated: May 26, 2025, 11:21 AM IST | Ali Imran | Nagpur/ Mumbai
اس سال مانسون۱۰؍ دن پہلے مہاراشٹر میں داخل ہوا ہے۔پونے، ممبئی، تھانے، پالگھر، ناندیڑ، لاتور اور چندر پور کے اضلاع میں بھاری بارش کی پیش گوئی۔
مانسون مہاراشٹر میں داخل ہوچکا ہے، اس سال یہ۱۰؍ دن پہلے مہاراشٹر میں داخل ہوا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کیرالا میں بھی مانسون مقررہ وقت سے پہلے پہنچ گیا تھا جس کے بعد اتوار کو مانسون نہ صرف مہاراشٹر پہنچ گیا بلکہ کوکن میں دیوگڑھ تک داخل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی اس سال ریاست میں معمول سے زیادہ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سال ملک اور ریاست میں اوسط سے زیادہ بارش ہو گی۔ اس سال ملک میں مانسون کی بارش ۱۰۷؍ فیصد کے لگ بھگ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کوکن کے دو اضلاع رتناگیری اور سندھودرگ کے ساتھ ساتھ کولہاپور اور ستارہ اضلاع کے کچھ حصوں میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پونے، ممبئی، تھانے، پالگھر، ناندیڑ، لاتور اور چندر پور کے اضلاع میں بھی بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
مانسون کی آمد کے درمیان مہاراشٹر میں گزشتہ۴-۳؍ دنوں میں موسم بدل گیا ہے۔ ممبئی سمیت ساحلی علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ جنوبی کوکن کے رتناگیری اور سندھو درگ اضلاع میں اتوار کو بارش کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ رتناگیری اور داپولی میں تیز بارش، گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں۔مرکزی محکمۂ موسمیات کے سائنسداں شبھانگی اے بھوٹے کے مطابق دباؤ کی وجہ سے مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں بہت زیادہ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے ساحلی اضلاع کو بھی الرٹ کیا ہے اور ماہی گیروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خراب موسم کی وجہ سے سمندر میں نہ جائیں۔
محکمۂ موسمیات نے کہا کہ رتناگیری اور داپولی کے درمیان گزرنے والے دباؤ کے پیش نظر جنوبی کوکن میں رتناگیری اور سندھو درگ کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریڈ الرٹ میں ان اضلاع میں مختلف مقامات پر انتہائی بھاری بارش کے امکان کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ رائے گڑھ کو بھی اورنج الرٹ کے تحت رکھا گیا ہےجبکہ ممبئی، تھانے اور پالگھر کے لئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، ان علاقوں میں درمیانی سے بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بحیرہ عرب میں مانسون کے فعال نظام کی وجہ سے سمندری حالات غیر محفوظ ہیں، اس لئے مہاراشٹر اور گجرات کے ساحلوں پر ماہی گیروں کو وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ بھوٹے نے کہا کہ ہم نے مانسون کے فعال موسم کے پیش نظر پورے مہاراشٹر اور گجرات کے ساتھ ساتھ جنوبی کوکن کے ماہی گیروں کو وارننگ جاری کی ہے۔
ساحلی کوکن پٹی کے علاوہ مغربی مہاراشٹر کے ستارا اور کولہاپور اضلاع کو بھی ریڈ الرٹ پر رکھا گیا ہے جس میں کچھ حصوں میں بہت بھاری سے انتہائی شدید بارش کا انتباہ دیا گیا ہے۔ ریاست کے باقی اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، انہیں محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بھوٹے نے کہا کہ رتناگیری کے قریب کم دباؤ کا علاقہ رتناگیری اور داپولی کو عبور کر گیا ہے۔ صبح ساڑھے ۸؍بجے موسم کے مشاہدے کی بنیاد پر رتناگیری، سندھو درگ، ستارا اور کولہاپور کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
یکم سے ۳؍ جون کے دوران مانسون ناگپور پہنچے گا
اس بار مانسون نے توقعات سے۸؍ دن پہلے کیرالا میں دستک دی ہے۔ اگر موسم تبدیل نہیں ہوا ہے تو یکم اور۳؍ جون کے درمیان ناگپور سمیت ودربھ میں مانسون کے بادل پہنچ جائیں گے۔ عام طور پر کیرالا سے مانسون کو یہاں پہنچنے میں ۸؍سے۱۰؍ دن لگتے ہیں لیکن اگر اس میں ۴۔۲؍دن کی تاخیر ہوتی ہے تو شہر میں مانسون ۳؍ جون تک پہنچ سکتا ہے۔شہر میں پری مانسون بارش شروع ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے۲۴؍ مئی کو کیرالا میں مانسون کی آمد کا اعلان کیا تھا۔کیرالا میں مانسون کی آمد کی تاریخ یکم جون ہے۔ ۲۰۰۹ء میں مانسون کیرالا میں۲۳؍ جون کو پہنچا تھا اور اس سال یہ۲۴؍ مئی کو پہنچا ہے۔
واضح رہےکہ ممبئی میں مانسون کے بادلوں کی آمد کے۲۴؍ سے۴۸؍ گھنٹے کے اندر ناگپور سمیت ودربھ میں یہ سرگرم ہو جاتا ہے۔ پچھلے سال ۲۰۲۴ء میں مانسون۳۰؍ مئی کو کیرالا پہنچا تھا اور اسے ناگپور سمیت ودربھ تک پہنچنے میں۲۱؍ دن لگے تھے۔