Inquilab Logo

بہار اسمبلی کا مانسون اجلاس : پہلے دن ایوان کے باہراپوزیشن کامظاہرہ

Updated: July 27, 2021, 1:16 PM IST | Inquilab News Network/Agency | Patna

اپوزیشن کے اراکین ایوان کے باہر حکومت کیخلاف ایک ساتھ کھڑے نظر آئے، اُن کے ہاتھوں میں تختیاں تھیں جن پر مختلف نعرے درج تھے۔ مہا گٹھ بندھن کے اراکین ایوان میں کالا ماسک پہن کر پہنچے ۔ آرجے ڈی اراکین اسمبلی ہیلمٹ پہن کر آئے، حملہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یا دو کو تجو یز پیش کرنے کی اجازت نہیں دی

Opposition members outside the house. .Picture:INN
اپوزیشن کے اراکین ایوان کے باہر ۔تصویر: پی ٹی آئی

پیر سے بہار اسمبلی کا۵؍ روزہ  مانسون اجلاس   شروع ہوا ۔ اس اجلاس میں ہنگا مہ کے آثار ہیں ۔ پہلے ہی دن اس کی جھلک دیکھنے کو ملی ۔ اپوزیشن نے ایوان کے باہر مظاہر ہ کیا  ۔ علامتی طور پر کا لا ماسک پہن  کرا پنا ارادہ ظاہر کردیا  جبکہ ۲؍ اراکین   اپنے ہیلمٹ کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز رہے۔  اپوزیشن کے اراکین ایوان کے اندرپہلے  دن کوشش کے باجود  خاص احتجاج نہیں کرسکے ، حالانکہ گزشتہ اجلاس میں اپوزیشن  اراکین  پر ہونے والے تشدد  اور ماپیٹ کا کا معاملہ اٹھایا گیا ۔  پیر کو  اپوزیشن اراکین نے ایوان  کے باہر مظاہرہ کیا ۔ وہ ایوان کے باہر حکومت کیخلاف ایک ساتھ کھڑے  نظر آئے، اُن کے ہاتھوں میں تختیاں تھیں جن پر مختلف نعرے درج تھے۔  خاص بات یہ ہے کہ اپوزیشن کے اراکین ایوان میں  کالا ماسک پہن کر پہنچے ۔ آر جے ڈی  کے اراکین اسمبلی ستیش کمارداس اور مکیش کمار روشن  ہیلمٹ پہن کرجھال بجاتے ہوئے ایوان  پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایوان میں بھی محفوظ نہیں ہیں ، ان پر حملہ ہوسکتا ہے ، اپنی حفاظت کیلئے ہیلمٹ پہن کر آئے ہے ۔  اس طرح  پہلے دن ایوان کے باہر ہی اپوزیشن نے اپنے   ان اقدام سے یہ اشارہ دے دیا ہے کہ یہ ۵؍روزہ اجلاس ہنگامہ خیز ہوگا۔ بعدا زاں اسمبلی کی کارروائی شروع ہوتے ہی سی پی آئی ایم ایل کے سداما پرساد نے گزشتہ ا جلاس  میں اپوزیشن اراکین اسمبلی  سےمار پیٹ کے معاملے کو اٹھایا اور کہاکہ اراکین اسمبلی  سے بدسلوکی کرنے والے افسران پر کارروائی نہیں ہوئی ہے ۔ اس پر اسمبلی اسپیکر وجے کمار سنہا نے انہیں خاموش ہوکر سیٹ پر بیٹھنے کی درخواست کی  اور کہاکہ ابھی وہ ایوان کی کارروائی چلنے دیں۔اس پر رکن اسمبلی سداما پر ساد  اپنی جگہ پر بیٹھ گئے ۔ 
  اس دوران ایک اور موقع  آیا جب اپوزیشن  نے پہلے  ہی دن   ہنگامہ کرنے کی کوشش کی۔اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے   ایوان میں کھڑے ہو کر کہاکہ وہ ایک اہم تجویز ایوان میں  پیش کرنا چاہتے ہیں۔ اسمبلی اسپیکر نے  اس کی اجازت نہیں دی تو اپوزیشن کے کچھ اراکین اپوزیشن لیڈر کی حمایت میں کھڑے ہوگئے اور اسپیکر کی جانب انگلی اٹھانے لگے ۔  اس پر سنہا نے سیٹ پر کھڑے ہوئے اپوزیشن اراکین اسمبلی کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ ایوان میں غیر مہذب رویہ برداشت نہیں کیاجائے گا۔اسپیکر کی عزت کرنا سب کا فریضہ ہے ۔ اسپیکر کے تلخ تیور کے بعد اپوزیشن اراکین اسمبلی اپنی سیٹوں پر بیٹھ گئے ۔ اسمبلی اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر سے کہاکہ کل(منگل کو) آپ اپنی تجویزپیش کیجئے گا ۔ آج اس کے لئے مناسب وقت نہیں ہے۔ اس کے بعد اپوزیشن لیڈر  خاموش ہوکر اپنی سیٹ پر بیٹھ گئے۔ اس ا جلاس کے دوران کل ۵؍ اجلاس مقرر ہیں جس میں مالی سال۲۲۔۲۰۲۱ءکے پہلے سپلمنٹری اخراجات کی تفصیل  پیش کرنے کیلئے ایک دن ، ریاستی بل کیلئے دو دن اور غیر سرکاری قرار داد کیلئے ایک دن مقرر ہے ۔  اس موقع پر  اسمبلی اسپیکر وجے کمار سنہا نے  کہاکہ یہ اجلاس  مختصر ہونے کے باوجود  اہم ہے ۔ اس میں تمام اراکین کی  شرکت لازمی ہے کیونکہ ریاست کے مسائل کے حل کیلئے ایوان میں بامعنی بحث  ضروری ہے ۔ یہ بحث  زیادہ سے زیادہ اراکین  کی حاضری ہی ہی کامیاب ہوپائے گی۔اسمبلی اسپیکر نے کہاکہ عوام نے حزب اقتدار اور اختلاف دونوں کو تعمیری کردار اداکرنے کی ذمہ داری دی ہے ۔ امید ہے کہ اجلاس کی کامیابی  میں تمام اراکین کا مثبت تعاون ملے گا۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK