Inquilab Logo

ممبئی سے نوی ممبئی کیلئے سستی واٹر ٹیکسی کیلئے مزید انتظار

Updated: February 21, 2022, 9:55 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اسپیڈ بوٹ کا زیادہ کرایہ عام مسافروں کیلئےا دا کرنا مشکل ، پیٹرول مہنگا ہونے کے سبب کرایہ زیادہ ، عام شہریوں کیلئے واٹرٹیکسی کب شروع ہوگی؟اس کاجواب نہیں ملا

Bella Portak water taxi service was started from Bhaucha Dhaka in Navi Mumbai.Picture:PTI
نوی ممبئی میں  بھاؤچا دھکہ سے بیلا پور تک واٹر ٹیکسی سروس شروع کی گئی۔ تصویر: پی ٹی آئی

: ممبئی سے نوی ممبئی  آمد و رفت کیلئے واٹر ٹیکسی کا عام شہریوں کو بے صبری سے انتظار تھا اور ۱۷؍ فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی ،وزیر اعلیٰ ادھوٹھاکرے  اور دیگر وزرا ءاور افسران کی موجودگی میں ملک کی سب سے پہلی واٹر ٹیکسی کا افتتاح  ضرور کر دیا گیا لیکن افتتاح کے بعد سے عام  شہریوں کیلئے سستے کرائے والی کیٹا ماران واٹر ٹیکسی بند کر دی گئی ہے، البتہ اسپیڈ  واٹر ٹیکسی کی خدمات جاری ہیں  اور  اس کا کرایہ اتنا مہنگا( ۸۰۰؍ روپے)  ہے کہ عام شہری کیلئے اسے ادا کرنا مشکل ہے۔ ادھرکم کرایہ والی واٹر ٹیکسی کیلئے عام مسافروں کوابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔  واٹر ٹیکسی سروس   افتتاح کے موقع پر وزیر برائے بندرگاہ و فشریز اسلم شیخ نے کہا تھا کہ واٹر ٹیکسی سروس کا آغاز۸؍کشتیوں کے ساتھ کیا جارہاہے جس میں۷؍ اسپیڈ بوٹس شامل ہیں جن میں۱۰؍ تا ۳۰؍ مسافروں کی گنجائش ہے اور ایک کیٹاماران بوٹ ہے جس میں۵۶؍مسافروں کی گنجائش ہے۔ جنوبی ممبئی کے بھاؤچا  دھکہ سے بیلا پور تک اسپیڈ بوٹ کے ذریعے صرف۳۰؍ منٹ  میں جبکہ کیٹاماران بوٹ کے ذریعے ۴۵؍  تا  ۵۰؍ منٹ میں یہ سفر کیا جاسکے گا۔اسپیڈ بوٹ کا کرایہ مختلف کیٹیگری کے حساب سے ۸۰۰؍ روپے سے لے کر ۱۲۰۰؍ روپے فی مسافرہے جبکہ کیٹاماران بوٹس  کا کرایہ ۲۹۰؍ روپے فی مسافر ہے۔ بیلا پور سے بھاؤ کے دھکہ کے علاوہ ایلیفنٹا، جے این پی ٹی کیلئے بھی واٹر ٹیکسی چلائی جائے گی۔  ۱۷؍ فروری کو اسپیڈ واٹر ٹیکسی کی تو شروعات ہو گئی لیکن فیری( کیٹاماران  ) کی خدمات ابھی شروع نہیں کی گئی ۔ معتبر ذرائع کے مطابق تقریباً ڈیڑھ کروڑ مسافر ہر سال مہاراشٹر کی ساحلی بندرگاہوں اور کھاڑی کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔یہ دعویٰ کیا گیا  تھا کہ واٹر ٹیکسی کے شروع ہونے سے شہریوں کو سستا سفر میسر ہوگا جس سے ایندھن اور وقت کی بچت ہوگی اور یہ ماحول دوست بھی ہے۔ ریاستی حکومت نے ممبئی، نوی ممبئی اور تھانے جیسے بھاری ٹریفک والے شہروں کے لئے سڑک اور ریل نقل و حمل کے متبادل کے طور پر ممبئی کے مشرقی ساحل پر آبی گزرگاہوں کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ علی باغ تک پھیلنے والی آبادی کو بھی یہ سہولت  دستیاب کرائی جائے گی۔اس سلسلے میں مزید معلومات حاصل کرنے اور عام شہریوں کیلئے واٹر ٹیکسی کب سے شروع ہو گی؟ پوچھنے کیلئے مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ  ( ایم ایم بی ) کے افسر  پردیپ بدھیے  اور اسلم شیخ سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن بات نہیں ہو سکی۔ 
کرایہ مہنگا کیوں؟
 اسپیڈ واٹر ٹیکسی  خدمات فراہم کرنے والی ’ ممبئی واٹر ٹیکسی ‘ کمپنی سے جب نمائندۂ انقلاب نے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ’’ اسپیڈ بوٹ پیٹرول سے چلتی ہے اورپانی میں بوٹ تیز چلنے کیلئے پیٹرول زیادہ درکار ہوتا ہے۔ چونکہ پیٹرول تقریباً  ۱۱۰؍ روپے ہے ،اسی  لئے اسپیڈ واٹر ٹیکسی کا کرایہ  زیادہ ہے۔‘‘
 جب اس افسر سے یہ پوچھا گیا کہ واٹر ٹیکسی کا افتتاح کرتے ہوئے تو یہ بھی کہا گیا تھا کہ ۲۹۰؍ روپے میں بھی سفر کیاجاسکتا ہے ؟ افسر نے جواب دیا کہ ’’ وہ فیری بوٹ( کیٹا مرین ٹیکسی) ہوگی  جو ابھی شروع نہیں کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں مائے بوٹ رائڈ سے رابطہ کریں۔‘‘
  راقم نے جب مائی بوٹ رائڈ سے رابطہ قائم کیا تو فون  اٹھانے والی ایک خاتون اہلکار نے بتایاکہ’’  فی الحال پرائیویٹ ٹیکسی سروس ہی  شروع ہوگئی ہے،  کیٹاماران بوٹ کیلئے ابھی انتظار کرنا پڑے گا۔‘‘
کہاں سے کہا ں کیلئے واٹر ٹیکسی ( اسپیڈ بوٹ)
 واٹر ٹیکسی کی تفصیل ممبئی واٹر ٹیکسی پر بھی دستیاب ہے جہاں درج ذیل تفصیل دی گئی ہے: 
۱۔  ڈومیسٹک کروز ٹرمینل ( ڈی سی ٹی ) ،مجگاؤں سے  جے این پی ٹی : کرایہ ۸۰۰؍ روپے  سفر کا وقت: ۲۰؍منٹ، 
۲۔جے این پی ٹی  سے ایلیفینٹا: کرایہ :۶۰۵؍ روپے ، سفر کا وقت (۱۵؍ منٹ)
۳۔ ایلیفینٹا سے ڈی سی ٹی : کرایہ : ۸۰۰؍ روپے (۲۰؍ منٹ )
۴۔ سی بی ڈی سے جے این پی ٹی : کرایہ : ۸۰۰؍ روپے  سفر کا وقت : ۲۰؍ منٹ 
۵۔ سی بی ڈی ۔جے این پی ٹی ۔ الیفینٹا: کرایہ : ۸۰۰؍ روپے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK