Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم پی ایس سی پیپر لیک معاملہ ایک ناکام عاشق کی شکایت پر روشنی میں آیا

Updated: August 29, 2026, 1:08 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

گورونامی نوجوان نے ایم پی ایس سی کو ای میل کرکے بتایا کہ اس کی معشوقہ کے والد نے ۵؍ لاکھ روپے کے عوض پرچہ حاصل کیا ہے۔

Police reached the door of MPSC. Picture: INN
پولیس ایم پی ایس سی کے دروازے تک پہنچ گئی۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ بدھ کو فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن گروپ بی کے امتحان کا پرچہ لیک ہونے کے معاملے میں ممبئی کرائم برانچ نے مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن (ایم پی ایس سی) سے وابستہ ۳؍ افسران سمیت کل ۶؍ ملزمین کو گرفتار کیا تھا ۔ تحقیقات میں یہ دلچسپ حقیقت سامنے آئی ہے کہ مذکورہ معاملہ پیپر لیک ہونے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک ناکام عاشق نےایم پی ایس سی کو ای میل کے ذریعے بتایا کہ اس کی محبوبہ کے  پاس  دو دن قبل پرچہ آ گیا تھا۔  اس معاملے میں لڑکی کے باپ پر معاملہ درج کیا گیا ہے ساتھ ہی شکایت کرنے والے نوجوان کو بھی اس کیس میں ملزم بنایا گیا ہے ۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ: ہزاروں مریض فوری طبی منتقلی کے منتظر، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا اظہار تشویش

واضح رہے کہ ممبئی کرائم برانچ نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن گروپ بی کے  امتحان کا پرچہ لیک کرنے کے جرم میں ایم پی ایس سی کے انڈر سیکرٹری ابھیجیت لیندوی،اسسٹنٹ سیکشن آفیسر گوپال مراٹھے، اور ویشویشور ناکاتےکے علاوہ کوتلیا کوچنگ کلاسیس کے ڈائریکٹر پروین پاٹل، اسکول ٹیچر امرت نامدیو پاٹل اور گورو پاٹل جو مالیگاؤں کے ایک فارما کمپنی کے ملازم ہیںکو گرفتار کیا ہے اور عدالت میں پیش کرکے ۲؍ ستمبر تک پولیس تحویل حاصل کی ہے ۔مذکورہ پیپر لیک کے تعلق سے ایک دلچسپ انکشاف یہ ہوا ہے کہ   ایک ناکام عاشق نے ایم پی ایس سی کو اطلاع دی تھی کہ اس کی معشوقہ کے والد نے ۵؍ لاکھ روپے کے عوض سوالیہ پرچہ حاصل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: انقرہ اسلامی دنیا میں اتحاد مضبوط اور اختلافات کم کرنے کیلئے کوشاں ہے: اردگان

اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس راج تلک روشن نے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’اس کیس میں گرفتار گورو نامی عاشق نےاپنی معشوقہ رتوجا پاٹل سے عشق میں ناکامی کے بعد ایم پی ایس سی کو ایک ای میل کے ذریعہ شکایت کرتے ہوئے امتحان میں برتی جانے والی بے ضابطگیوں اورسوشل میڈیا کے ذریعہ پیپر لیک کئے جانے کی اطلاع دی تھی ۔اس ضمن میں کرائم برانچ نے ایم پی ایس سی کے روبرو ابتدائی تفتیش کی جو رپورٹ پیش کی ہے اس میں رتوجا کے والد امرت پاٹل پر کوچنگ کلاسیس کے ڈائریکٹر پروین پاٹل کو سوالیہ پرچہ حاصل کرنے کیلئے ۵؍ لاکھ روپے دینے کا بھی الزام ہے ۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امتحان میں آنے والے ۲۹۴؍ سوالات میںوہ ۷۷؍ سوالات اور اس کے جوابات بھی شامل تھے جو رتوجا کو وہاٹس ایپ کے ذریعہ امتحان سے دو دن قبل فراہم کئے گئے تھے۔ یہی نہیںملزم گورو نے یہ بھی بتایا ہے کہ رتوجا نے مذکورہ سوالات اور اس کے جوابات اس کے بھائی سے بھی شیئر کئے تھے جو اس امتحان میں شریک ہوا تھا اور یہ کہ مذکورہ امتحان میں اسے نمایا ں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ یاد رہے کہ پولیس رتوجا سے بھی پوچھ تاچھ کر رہی ہے حالانکہ فی الحال اس ملزم نہیں بنایا گیا ہے۔ پولیس نے گورو کو گرفتار کیا ہے یعنی خود اس کا بھی اس معاملے میں عمل دخل ہے۔ ابھی تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے مزید پوچھ تاچھ کے بعد معلومات فراہم کرنے کی بات کہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK