ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی نےٹیک ارب پتی رابرٹ پیرا کی نیویارک میں ہیوبرٹ اسٹریٹ پر خالی عمارت حاصل کی ہے ۔
EPAPER
Updated: September 15, 2025, 5:04 PM IST | New Delhi
ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی نےٹیک ارب پتی رابرٹ پیرا کی نیویارک میں ہیوبرٹ اسٹریٹ پر خالی عمارت حاصل کی ہے ۔
ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی نے اپنی کمپنی کے امریکی یونٹ کے ذریعے نیویارک میں ۱۱؍ ہیوبرٹ اسٹریٹ پر ایک خالی عمارت حاصل کی ہے، جو پہلے ٹیک ارب پتی رابرٹ پیرا کی ملکیت تھی۔ ایشیا کے امیر ترین صنعتکار مکیش امبانی نے حال ہی میں نیویارک کے ٹریبیکا محلے میں۱۱؍ ہیوبرٹ اسٹریٹ پر ایک خالی عمارت۴ء۱۷؍ ملین ڈالرس (تقریباً۱۵۳؍ کروڑ روپے) میں خریدی ہے۔
ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل ، امریکہ) کی امریکی یونٹ کی طرف سے کی جانے والی خریداری کو سنیچر کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ پراپرٹی پہلے ٹیک انٹرپرینیور رابرٹ پیرا کی ملکیت تھی، جس نے اسے ۲۰۱۸ءمیں تقریباً۲۰؍ ملین امریکی ڈالر میں خریدا تھا۔
پیرا نے نیو یارک شہر میں مقیم آرکیٹیکٹ ایرک کوب کی مدد سے عمارت کو۱۷؍ہزار مربع فٹ کی پرتعیش رہائش گاہ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ تاہم، رہائش کے لیے کوب کے منصوبے کبھی کامیاب نہیں ہوئے کیونکہ پیرا نے ۳؍ سال بعد جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
امبانی کی تازہ ترین خریداری تقریباً دو سال بعد ہوئی جب انہوں نے نیو یارک شہر کے مرکز میں دو بیڈ روم کا کونڈو فروخت کیا۔ نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اگست ۲۰۲۳ء میں امبانی نے مین ہٹن کے ویسٹ ولیج میں اپنا۹؍ ملین ڈالر کا گھر بیچا جو دریائے ہڈسن کے کنارے واقع ہے۔