Inquilab Logo

مکیش امبانی کا ریلائنس کو دنیا کی ۱۰؍ سرفہرست کمپنیوں میں شامل کرنے کا عزم

Updated: January 04, 2024, 10:33 AM IST | Mumbai

ریلائنس گروپ کے چیئرمین نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے معیارات کو بلند رکھنے کی ہمت دکھائی اور مسلسل ترقی کی ہے

Mukesh Ambani
مکیش امبانی

 ریلائنس گروپ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی  اپنی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کودنیا کی ۱۰؍ سر فہرست کمپنیوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بہر حال اس کیلئے کوئی  وقت طے نہیںکیا ہے ۔ واضح رہے ریلائنس انڈسٹریز جسے دھیرو بھائی امبانی نے ۱۹۵۷ء میں قائم کیا تھا، فارچون گلوبل ۵۰۰؍ کمپنیوںکی فہرست میں۸۸؍ ویں نمبر پر ہے۔مکیش امبانی کاکہنا ہےکہ ان کی قیادت میں ریلائنس گروپ کبھی بھی مطمئن نہیں ہوگا اور یہ دنیا کے ٹاپ۱۰؍ کاروباری گھرانوں کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نہ رکیں نہ تھکیں گے ،ریلائنس دنیا کی ٹاپ ۱۰؍ کمپنیوں میں شامل ہوگی۔گروپ نے کچھ ہی سالوں میں دنیا کے سب سے بڑے آئل ریفائننگ کمپلیکس سے ملک کے سب سے بڑے موبائل نیٹ ورک آپریٹر تک کا کاروبار کھڑا کیا  ہے۔گروپ کے بانی دھیرو بھائی امبانی کے یوم پیدائش(۲۸؍ دسمبر) کی مناسبت سے ‘ریلائنس فیملی ڈے’ پر ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے مکیش امبانی نے کہا کہ ریلائنس اب ڈیجیٹل ڈیٹا پلیٹ فارمز اور آرٹی فیشیل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو اپنانے میں عالمی کمپنیوں کے درمیان اپنی جگہ مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کاروبار کیلئے گھریلو اور عالمی ماحول کافی تیزی سے بدل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلائنس کو متواتر اختراعات اور نئی دریافت کے ذریعے مارکیٹ میں تبدیلی کیلئے جانا جاتا ہے ۔ممبئی میں ایک چھوٹے سے کلاتھ مینوفیکچرنگ یونٹ کے ساتھ شروع کرتے ہوئے ریلائنس نے ‘بیک وَرڈ انٹیگریشن’ کیا اور اس نے پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں قدم رکھا اور ملک کا سب سے بڑا پروڈیوسر بن گیا۔ اس کے بعد اس نے ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری قائم کی اور اس کو دنیا کے سب سے بڑے آئل ریفائننگ کمپلیکس میں پھیلا دیا۔‘بیک وَرڈ انٹیگریشن’ میں ایک کمپنی سپلائی چین میں شامل کاروبار سے وابستہ کاموں کو پورا کرنے کے لئے اپنے کردار کو وسیع کرتی ہے۔ ریلائنس گروپ  نے ۲۰۰۵ء میں ریٹیل سیکٹر میں قدم رکھا اور اب یہ ملک میں کرانا اسٹورز، بڑی دکانوں اور آن لائن ریٹیل کا سب سے بڑا آپریٹر ہے۔ ریلائنس نے ۲۰۱۶ءمیں ٹیلی کام سروس جیو کی شروعات کی اور آج یہ ہندوستان کی سب سے بڑی ٹیلی کام سروس کمپنی ہے۔ پوری دنیا میں ریلائنس جیو تیسرے نمبر پر ہے۔آج ریلائنس نیو اینرجی بزنس کے لئے بڑی صنعتیں بنا رہا ہے اور فائنانشیل سروسز میں بھی داخل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے معیارات کو بلند رکھنے کی ہمت دکھائی ہے اور مسلسل  ترقی کی ہے،ہم اور بھی بڑی چھلانگ لگانےکیلئے تیار ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK