پائیدھونی میں میاں بیوی اور دو بیٹیوں کی پراسرار موت ہنوز معمہ ہے۔ تربوز کھانے سے موت نہ ہونے کی تصدیق کے بعد ایک مخصوص قسم کے زہر سے موت ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان متاثرین کے گھر تربوز کاٹنے کے لئے استعمال ہونے والے چاقو، پلاؤ، کھانے کی پلیٹ کے علاوہ چوہے مارنے کی دوا اور دیگر مسالوں کو فورینسک جانچ کے لئے بھیجا گیا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر ان میں بھی کسی بھی قسم کے زہریلے ذرات نہیں پائے گئے ہیں ۔
پائیدھونی میں میاں بیوی اور دو بیٹیوں کی پراسرار موت ہنوز معمہ ہے۔ تربوز کھانے سے موت نہ ہونے کی تصدیق کے بعد ایک مخصوص قسم کے زہر سے موت ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان متاثرین کے گھر تربوز کاٹنے کے لئے استعمال ہونے والے چاقو، پلاؤ، کھانے کی پلیٹ کے علاوہ چوہے مارنے کی دوا اور دیگر مسالوں کو فورینسک جانچ کے لئے بھیجا گیا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر ان میں بھی کسی بھی قسم کے زہریلے ذرات نہیں پائے گئے ہیں ۔ فورینسک رپورٹ کے موصول ہونے کے بعدموت سے متعلق کچھ واضح نہیں ہوا۔ واضح رہےکہ پائیدھونی میں رہنے والےعبداللہ ڈوکاڈیا، ان کی بیوی نسرین اوردو بیٹیاں عائشہ اور زینب کی۲۶؍ اپریل کو قے اور دست کی شکایت کے بعد اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی تھی۔ اس پراسرا رموت پر ابتداءمیں تربوز کھانے سے موت ہونے کی افواہ گشت کرتی رہی۔ اسی دوران اپنے رشتہ داروں کے ساتھ گھر پر پلاؤ کھانے اور اس میں یا کسی کھانے کی اشیاء میں ممکنہ طور پر زہر موجود ہونے کی قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں ۔ پائیدھونی مغل بلڈنگ میں رہنے والے متاثرہ خاندان کی موت سے متعلق حالیہ فورینسک رپورٹ کے منفی آنے پرمزید انتظار کرناہوگا۔ پولیس نے بتایا کہ ابھی اس معاملے میں جانچ کا سلسلہ جاری ہے - ایک سینئر آفیسر نے اب بھی خود کشی یا قتل کے زاویہ سے تفتیش جاری ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ متاثرہ خاندان کی سب سے چھوٹی بیٹی زینب کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اب بھی موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ متاثرین کے فون کی تجزیاتی رپورٹ بھی موصول نہیں ہوسکی ہے۔ حتیٰ کہ چوہے مارنے کی دوا جس کی فورینسک جانچ کرائی گئی تھی کھانے کی چیزوں میں اس کے ذرات نہیں ملے ہیں ۔ اس کے علاوہ گھر کے کے سرپرست کے مالی ٹرانزکشن کی بھی جانچ جاری ہے لیکن اب تک قتل کے شبہ سے متعلق یا اجتماعی خودکشی یا کسی قسم کے زہر کی ملاوٹ کے سبب موت ہونے کا کوئی واضح ثبوت نہیں مل سکا ہے۔