Updated: September 18, 2026, 10:07 PM IST
| Mumbai
مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے جمعرات کو ممبئی میں میونسپل کارپوریشن کے زیرِ انتظام نائر اسپتال کی ایک کینٹین اور قلابہ میں واقع ۱۰۸؍ سال پرانے تاریخی اولمپیا کافی ہاؤس کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔ نائر اسپتال کے معائنے کے دوران انسپکٹروں نے صحت اور غذائی تحفظ کے قواعد کی سنگین خلاف ورزیاں پائیں۔
ممبئی کا نائر اسپتال۔ تصویر: آئی این این
مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے جمعرات کو ممبئی میں میونسپل کارپوریشن کے زیرِ انتظام نائر اسپتال کی ایک کینٹین اور قلابہ میں واقع ۱۰۸؍ سال پرانے تاریخی اولمپیا کافی ہاؤس کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔ نائر اسپتال کے معائنے کے دوران انسپکٹروں نے صحت اور غذائی تحفظ کے قواعد کی سنگین خلاف ورزیاں پائیں۔ ایف ڈی اے نے بتایا کہ مریضوں اور عملے کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کینٹین کا لائسنس معطل کیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ تاہم اسپتال کے ڈین شلیش موہتے نے اسکرول کو بتایا کہ ایف ڈی اے نے ۱۲؍ فروری کو معائنہ کیا تھا جب دوپہر کو کھانےکے بعد میس بند ہو چکی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال انتظامیہ کو فی الحال مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق ایجنسی کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے، البتہ ایف ڈی اے نے میس کے ٹھیکیدار کو نوٹس جاری کیا ہے۔مزید برآں موہتے نے بتایا کہ اسپتال میں کل تین کینٹین ہیں جن میں سے دو اب بھی چل رہی ہیں، مریضوں ا ور ان کے رشتہ داروں کو کھانا فراہم کر رہی ہیں، جبکہ جس کینٹین کو بند کیا گیا ہے وہ اسپتال میں زیرِ تعلیم اور برسرِ خدمت تقریباً ۴۰۰؍ نرسوں کیلئے کھانا تیار کرتی تھی۔
یہ بھی پرھئے: مخدوم علی مہائمیؒ فلائی اوور اوروائی بریج کو جوڑنے کا کام ۲۲؍ فیصد مکمل
دوسری جانب قلابہ کے مشہور اولمپیا کافی ہاؤس ، جہاں ’دی اوڈیسی ‘ فلم کے ہدایتکار اور اداکار نےپروموشن کے دوران کافی پی تھی،میں بدھ کو کئے گئے معائنے کے دوران ایف ڈی اے کو انتہائی غیر صحتمندانہ حالات ملے۔ رپورٹس کے مطابق معائنہ ٹیم کو فوڈ اسٹوریج (کھانا رکھنے کی جگہ) میں پیشاب گھر (یورینل) ملا، جبکہ وہاں کاکروچوں اور مکھیوں کی بھر مار تھی اور فریج میں گوشت کے خون کے بقایا جات موجود تھے۔ اس کے علاوہ کھانا براہِ راست زمین پر رکھ کر تیار کیا جا رہا تھا، برتن دھونے کا انتظام غیر معیا ری اور استعمال ہونے والا پانی گندا تھا۔ سبزیاں اور گوشت بغیر کسی الگ تھلگ انتظام کے ایک ساتھ رکھے گئے تھے اور سبزی و گوشت کاٹنے والے لکڑی کے بورڈ ٹوٹے ہوئے اور خراب تھے۔ ایجنسی نے بتایا کہ کھانا بنانے اور دینے والے عملے نے مناسب حفاظتی کپڑے بھی نہیں پہنے ہوئے تھے اور کل ۳۵؍ ورکروں میں سے ۳۴؍ نے لازمی فوڈ سیفٹی ٹریننگ حاصل نہیں کی تھی۔ علاوہ ازیں ریسٹورنٹ میں پانی کی جانچ کی رپورٹس اور صفائی ستھرائی کے ریکارڈ بھی دستیاب نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ’بھکاری‘ بننے والے رکن اسمبلی نے سموسہ اور بریانی دینے والوں کی عزت افزائی کی
بعد ازاں کینٹین اور ریسٹورنٹ کے علاوہ ایف ڈی اے نے چیمبور میں واقع بلنک کامرس پرائیویٹ لمیٹڈکا لائسنس بھی حفظانِ صحت اور صفائی کے معیا رات کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا ہے۔ معائنے کے بعد ممبئی کے جن دیگر اداروں کے لائسنس معطل کئے گئے ہیں ان میں گھاٹ کوپر ویسٹ کے وشواس سویٹس اینڈ اسنیکس اور اے-ون جنرل اینڈ ڈرائی فروٹس، ورلی کےملن پنجاب اور ملاڈ ایسٹ کے سدگرو سویٹس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ یہ تمام کارروائیاں تہواروں کے دوران غذائی تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں اور کھانے پینے کے دیگر مراکز کے خلاف ایف ڈی اے کی جاری خصوصی مہم کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل منگل کو بھی ایف ڈی اے نے ممبئی کے چار نامور ریسٹورنٹس کا لائسنس معطل کیا تھا، جن میں قلابہ کا تاریخی کیفے مونڈیگار، کاندیولی ایسٹ کا مہاراشٹر بریانی سینٹر، گھاٹ کوپر ویسٹ کا تریبھوون ڈیری فارم اور گھاٹ کوپر ایسٹ کا مہاویر کیشو اینڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈشامل ہیں۔