ایک سرکاری کالج سے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر ہٹانے سے بی جےپی کارکن برہم ۔شیو تیرتھ کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی۔
EPAPER
Updated: September 02, 2026, 12:17 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ایک سرکاری کالج سے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر ہٹانے سے بی جےپی کارکن برہم ۔شیو تیرتھ کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی۔
ایک سرکاری کالج سےوزیر اعظم کی تصویر ہٹانےپر منگل کو بی جے پی کے کارکنوں نے ماہم میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ اس احتجاج کیلئے بڑی تعداد میں بی جے پی کے نوجوان کارکن جمع بھی ہو گئے تھے، اسی دوران ایم این ایس کے کارکن بھی وہاں پہنچے، دونوں جماعت کےکارکنوں کے درمیان شدید تصادم اور مارپیٹ ہوئی۔
یہ بھی پڑھئے: کوکن جانے والوں کیلئے خوشخبری! ممبئی علی باغ فیری سروس کا آغاز
راج ٹھاکرے کی رہائش گاہ جانے کی کوشش
بی جے پی کےکارکن راج ٹھاکرے کی ذاتی رہائش گاہ شیو تیرتھ (دادر) پر جانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن پولیس نے کئی مظاہرین کو حراست میں لے کر حالات کو قابو میں کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس دوران نریندر مودی کی تصویر لئے ہوئے بی جے پی کے مظاہرین مودی کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے اور اسی کے ساتھ راج ٹھاکرے کی تصویر پر چپل بھی برساتے ہوئے دیکھے گئے۔دریں اثناء بی جے پی کے یووا مورچہ کے احتجاج کے پیش نظر ایم این ایس کے کارکنوں کا بھی ہجوم دادر میں واقع راج ٹھاکرے کی رہائش گاہ شیو تیرتھ اور ایم این ایس کے دفاتر کے باہر جمع ہو گیا تھا۔ یہ کارکن بی جے پی کو بھی للکار رہے تھے اور اس کیلئے تیا ر بھی تھے کہ اگر بی جے پی کے کارین وہاں پہنچتے ہیں تو انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ جب بی جے پی کے کارکن وہاں نہیں پہنچے تو ایم این ایس کے کارکنوں نے بی جے پی کے احتجاجی مقام پر حملہ کر دیا جس کے باعث دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور حالات کشیدہ ہوگئے۔ اس دوران پولیس نے دونوں فریق کے کارکنوں کو گرفتار کرکے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ احتجاج کرنے والے بی جے پی کے کارکنوں کا مطالبہ تھا کہ ایم این ایس کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’کیا جمہوری حقوق گروی رکھ دیئےگئےہیں؟‘‘
تنازع کیوں ہوا؟
مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس)کے سربراہ راج ٹھاکرے کے بیٹے اوران کی پارٹی کے نوجوان لیڈر امیت ٹھاکرے کی طرف سے پونے کے ایک سرکاری کالج میں تقریب کے دوران شیواجی مہاراج کےقریب میں لگی ہوئی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر ہٹائی گئی تھی۔