جیو ورلڈ سینٹر میں کلیدی پروگرام ہوگا ، ہلیری کلنٹن، بل گیٹس، راجیو شاہ، عماد فخوری اورسچن تنڈولکرجیسی شخصیات شریک ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ فرنویس نےگزشتہ دنوں ممبئی کلائمیٹ ویک کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ تصویر:آئی این این
وسمیاتی تبدیلیوں کے درپیش چیلنجز پرتبادلہ خیال کرنے اور ان کا حل تلاش کرنے کیلئےملک کےپہلےکلائمیٹ ویک کا انعقاد ۱۷؍ تا ۱۹؍ فروری ممبئی میں منعقد ہوگا۔یہ ایونٹ گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو موسمیاتی قیادت کیلئے ایک نیا پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ تین روزہ تقریب میں عالمی سطح کے سرکاری نمائندے، عالمی صنعتی شعبے کے رہنما، موسمیاتی ماہرین، ادارےاور سماجی تنظیمیں شرکت کریں گی۔ ’پروجیکٹ ممبئی‘ نامی این جی او کے زیر اہتمام یہ ایونٹ منعقد کیاجارہا ہے جسے مہاراشٹر حکومت، محکمہ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی، ایم ایم آر ڈی اے اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی حمایت حاصل ہے۔
جیو کنونشن سینٹر میں پروگرام ہوں گے
جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ویک کے کلیدی پروگرام منعقد ہوں گے جبکہ شہر بھر کے کالجوں، کمیونٹی سینٹرز اور ثقافتی اداروں میں ’ہب اینڈ اسپوک ‘ ماڈل کے تحت مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ منتظمین کے مطابق آب و ہوا کے مسائل کے حل کیلئے امکانات پرتوجہ مرکوز کی جائے گی ۔ ان پروگراموں میں۳۰؍سے زائد ممالک کے نمائندے بشمول حکومت، مالیات، صنعت، اکیڈمی اور سماجی شعبے کے رضاکارشرکت کریں گے ۔ بین الاقوامی سطح پر، ہلیری کلنٹن، بل گیٹس، راجیو شاہ، آئی ایف سی کے عماد فخوری، کرکٹ لیجنڈ سچن تنڈولکر ،ملک کے سینئرسیاسی لیڈران، صنعت کار، مخیر شخصیات اور ماحولیاتی کارکن اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
محفوظ مستقبل کیلئے فرنویس کا عزم
’نوبھارت ٹائمس ‘کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ یہ تقریب آب و ہوا اورماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں ہندوستان کی قیادت کو ظاہر کرتی ہے۔ حکومت، صنعت، مالیات، ماہرین اور نوجوانوں کو ایک ساتھ لانا مہاراشٹر کے صاف، محفوظ اور پائیدار مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔ پروجیکٹ ممبئی کے بانی اور سی ای او ششیر جوشی نے کہا کہ یہ اقدام آب و ہوا اور موسمیاتی بحران کے مقابلے میں ممبئی کے عزم کا اظہار ہے۔ اسے ہندوستان کی پہلی جامع آب و ہوا کی تحریک کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
شبھانشو شکلا طلبہ سے ملاقات کریں گے
پروگرام میں مختلف موضوعات پر سمپوزیم، اختراعی مقابلے، یوتھ گرین انوویشن چیلنج جیسےپروگرام پیش کئے جائیں گے اور نمائش رکھی جائے گی ۔پہلے دن ارتھ شاٹ پرائز کی طرف سے ایک خصوصی پریزنٹیشن پیش کی جائے گی جس میں فطرت، خوراک کے نظام اور شہریوں پر مرکوز حل پر توجہ دی جائے گی۔ خلاباز شبھانشو شکلا طلبہ کے ساتھ بات چیت کریں گے اور سائنس، خلا اور آب و ہوا کے درمیان تعلق کی وضاحت کریں گے۔