Inquilab Logo

ممبئی : ٹھنڈ میں اضافہ،اتوارامسال کا سرد ترین دن رہا

Updated: December 26, 2022, 11:07 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

دسمبر ۲۵کو درجہ حرارت ۱۵؍ ڈگری سلسیس ریکارڈ کیاگیا جبکہ مہابلیشور کا ۱۴ء۶؍ تھا ، محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی آنکھ مچولی جاری رہے گی

Cold has hit in Aros al-Bilad. (File Photo)
عروس البلاد میں سردی دستک دے چکی ہے ۔(فائل فوٹو)

 ممبئی واسیوں نے اتوار کو ۱۵؍ ڈگری سیلسئس کے ساتھ موسم کے اب تک کے سب سے ٹھنڈے دن کے ساتھ صبح کی البتہ محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی اور مضافات میں درجہ حرارت میں فوری طور پر کوئی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے اور موسم کی آنکھ مچولی جاری رہنے کا اندیشہ ہے جس سے موسم کبھی زیادہ سرد اور کبھی درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے۔ 
 اس دوران کشمیر اور شمالی ہند کے مختلف علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا اثر ممبئی پر پڑنےسے انکار بھی نہیں کیا گیا ہے۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کے قلابہ علاقے میں معمول کے درجہ حرارت میں ۳؍ ڈگری سلسیس اور سانتاکروز میں ۲؍ ڈگری کی کمی دیکھنے کو ملی۔ اگرچہ دونوں علاقوں میں ایک ڈگری کا فرق تھا اس کےباوجود سانتاکروز میں کم از کم درجہ حرارت ۱۵؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ مہابلیشور میں کم از کم درجہ حرارت ۱۴ء۶؍ ڈگری تھا۔
 مہابلیشور ممبئی سے قریب ہل اسٹیشنوں میں شامل ہے جہاں اکثر چھٹیوں میں لوگ ممبئی کی گرمی سے نجات حاصل کرنے جاتے ہیں البتہ اتوار کو ممبئی اور مہابلیشور کے درجہ حرارت میں معمولی فرق ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف جنوبی ممبئی کے قلابہ میں کم از کم درجہ حرارت ۱۸ء۵؍ ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
 یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ۲۸؍ تاریخ کو کم سے کم درجہ حرارت ۱۷ء۴؍ ڈگری  ریکارڈ کیا گیا تھا اور اس سال دسمبر میں اس سے زیادہ ٹھنڈی ریکارڈ ہوچکی ہے۔
 یہاں دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ موسم کا سب سے ٹھنڈا دن ریکارڈ ہونے سے تقریباً ۲؍ ہفتہ قبل ہی ۳۵؍ ڈگری  کے ساتھ شہر میں سال کا سب گرم دن بھی ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔
 اس دوران محکمہ موسمیات نے ممبئی سے متعلق آئندہ ۴۸؍ گھنٹوں کے لئے پیش گوئی کی ہے کہ عام طور پر آسمان صاف رہے گا لیکن شام کے اوقات میں شہر بادلوں سے گھرا رہے گا اور ٹھنڈ اور کہرا کی وجہ سے فضائی آلودگی زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے ایسے افراد کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے جنہیں ’’سائنس ‘‘ یا ’’استھما‘‘ جیسی بیماریاں ہیں یا دھول مٹی کی وجہ سے انہیں سانس لینے میں تکلیف ہوتی ہے۔
 اس دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے درجہ حرارت میں فوری طور پر کوئی خاص تبدیلی کی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے اور ممبئی کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۳۳؍ اور کم سے کم ۲۰؍ ڈگری  رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کچھ دنوں قبل ہی کہا جارہا تھا کہ دسمبر گزرنے  کے قریب ہے لیکن ممبئی میں ابھی تک سردی نہیںپڑی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اشارہ دیاگیاتھا کہ شمالی ہندمیں ٹھنڈی بڑھنے کے بعد اس کے اثرات میںممبئی دسمبرکے آخر تک پہنچ سکتے ہیں۔ ممبئی میں شہری خیرت زدہ تھے کہ اب تک سردی کیوں نہیںپڑرہی ہے۔بہر حال گزشتہ تین چار دنوں سے عروس البلاد میںبھی درجہ حرارت میںگراوٹ شروع ہوئی  ۔ شہر میںزیادہ سے ز یادہ درجہ حرارت ۲۵؍ سے ۳۰؍ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت میں۱۸؍سے۲۰؍ ڈگری تک رہنے کا اندازہ لگایاجارہا ہے۔یعنی ا تنا تو ہےکہ سردی ممبئی میں اب دستک دے چکی ہے۔حالانکہ اس کے آتے آتےدسمبر کا مہینہ گزرچکا ہےجبکہ عام طورپر سردیوں کا موسم نومبر سے ہی شروع ہوجاتا ہے۔


متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK