اس مرتبہ پہلی باربی ایم سی محکمہ تعلیم کی ہدایت پر پرچم کشائی سے قبل ماس پی ٹی کااہتمام کیاگیا، ثقافتی سرگرمیوں کےعلاوہ دیگر پروگرام مثلاً ’اسکول ایپ ‘ کااجراء وغیرہ بھی کیا گیا ، انجمن اسلام میں پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔
EPAPER
Updated: August 16, 2025, 2:02 PM IST | Saadat Khan
اس مرتبہ پہلی باربی ایم سی محکمہ تعلیم کی ہدایت پر پرچم کشائی سے قبل ماس پی ٹی کااہتمام کیاگیا، ثقافتی سرگرمیوں کےعلاوہ دیگر پروگرام مثلاً ’اسکول ایپ ‘ کااجراء وغیرہ بھی کیا گیا ، انجمن اسلام میں پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔
۷۹؍ویں یومِ آزادی کے موقع پر جمعہ کو شہر ومضافات کے اسکولوں میں جوش و خروش سے پرچم کشائی کی رسم ادا کرنے کے ساتھ متعدد قسم کے ثقافتی پروگراموں کاانعقاد کیا گیا ، جس میں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے ساتھ طلبہ اور سرپرستوں نے شرکت کی ۔ پہلی مرتبہ بی ایم سی محکمہ تعلیم کی ہدایت پر پرچم کشائی سے قبل اسکولوں میں ماس پی ٹی کا اہتمام کیا گیا، متعدد اسکولوں میں ثقافتی سرگرمیوں کے علاوہ دیگر پروگراموں مثلاً ایک اسکول میں ’اسکول ایپ ‘کا اجراء کیاگیا۔ انجمن اسلام اسکول سی ایس ایم ٹی میں ادارہ کے صدر پدم شری ڈاکٹرظہیر قاضـی نےپرچم کشائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستان کی آزادی پر سیر حاصل تقریر بھی کی۔
مہانگر پالیکا شکشک سبھا کے خزانچی اور سنجے نگر میونسپل اسکول کے سینئر معلم عابد شیخ نے بتایا کہ ’’ امسال بی ایم سی محکمہ تعلیم نے پہلی مرتبہ پرچم کشائی سے قبل ماس پی ٹی کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی تھی چنانچہ بی ایم سی کے سبھی اسکولوں میں پرچم کشائی سے پہلے ماس پی ٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلبہ نے جوش وخروش سے حصہ لیابعدازیں پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی ۔ پرچم کشائی کی رسم میں طلبہ ، اسکولی عملے کےعلاوہ مقامی سیاسی لیڈران اور معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ہمارے اسکول میں رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کے ہاتھوں پرچم کشائی کی رسم اداکی گئی۔ ‘‘
یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے موقع پر مدنی ہائی اسکول کے عملے کے اراکین کی گروپ فوٹو
ملاڈ ،مشرق میں واقع پٹھان واڑی اُردو ہائی اسکول میں انتظامیہ کے جانب سے اسکولی عملے، طلبہ اور سرپرستوں کو پرچم کشائی کی رسم کےبعد ’اسکول ایپ ‘کااچانک اجراء کر کے سرپرائز پیش کیاگیا۔ بتایا گیا کہ اس ایپ کو پلے اسٹور سےبھی اپ لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ اسکول انتظامیہ کمیٹی کے رکن شاکر ایوب رنساریہ نے بڑی محنت سے ایپ تیار کیا ہے ۔ ایپ کا افتتاح اسکول انتظامیہ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد قاسمی کے ہاتھوں کیا گیا ۔اس ایپ پر طلبہ کی حاضری ، اسکول کی سرگرمیوں سے سرپرستوں کی آگا ہی ،ہوم ورک ,چھٹیاں ، اسکول کا ٹائم ٹیبل، رزلٹ، نصاب اور میٹنگ کی اپ ڈیٹ جیسے کئ اہم کار آمد سہولیات دسیتاب ہوں گی۔بدلتے وقت کے ساتھ اسکول کو جدید تکنیک سےآراستہ کرنے کی یہ ایک کوشش ہے،جس سے اسکول ,اساتذہ اور سرپرست سب کو فائدہ ہوگا۔ایپ کی مدد سے اب سرپرست طلبہ کے اسکول کی حاضری، ہوم ورک اور اسکول کی سرگرمیوں وغیرہ سے آ گاہ ہوسکیں گے۔‘‘
جوگیشوری ( مغرب) میں واقع مدنی اُردو ہائی اسکول میں ہندوستان کے ۷۹؍ ویں یوم آزادی کو بڑے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبہ کے تحت ساتھ منایا گیا۔ پرچم کشائی کی رسم سینئر موٹر مین، ٹرین منیجر اور اسکول کے ٹرسٹی کےہاتھوں ادا کی گئی۔علاوہ ازیں ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے ، جس میں حب الوطنی پرمبنی گیت اور رقص پیش کئے گئے ۔ تقریب میں ۲۵؍ سے زیادہ موٹر مینوں، ٹرین منیجر وںاور اسٹیشن ماسٹر وںنے شرکت کی۔ امبولی اسٹیشن کے پولیس سب انسپکٹر بھی تقریب میں شریک رہے۔ ان قومی ہیروز کو قلم، پھول، شال اور ٹرافی سے نوازا گیا ۔ طلبہ نے شکریہ کے خطوط اور چارٹ میکنگ مقابلے بھی حصہ لیا، مہمانوں کے ہاتھوں ان طلبہ کو انعامات سے نوازاگیا۔