Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی کو حیدرآباد کیخلاف ہر قیمت پر جیت درکار

Updated: April 29, 2026, 11:54 AM IST | Agency | Mumbai

آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میںممبئی انڈینس کیلئے بقا کی جنگ، سن رائزرز حیدرآباد کی طوفانی بلے بازی اور جارحانہ گیندبازی کو روکنے کا چیلنج۔

Sunrisers Hyderabad Captain Pat Cummins (Right) And Mumbai Indians Captain Hardik Pandya Can Play An Important Role In Their Team`s Victory.Photo:INN
سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز(دائیں)اور ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیااپنی ٹیم کی فتح میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں- تصویر:آئی این این
انڈین پریمیر لیگ  کا ۴۱؍ واں  مقابلہ بدھ کے روز وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں ۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس کا سامنا اس وقت زبردست فارم کا مظاہرہ کرنے والی سن رائزرز حیدرآباد سے ہوگا۔ ممبئی کے لئے یہ مقابلہ کرو یا مرو سے کم نہیں ہے کیونکہ ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کے لئے انہیں اب ہر قیمت پر جیت درکار ہے۔
۷؍میچوں میں صرف ۲؍ فتوحات کے ساتھ ممبئی کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر انتہائی نازک پوزیشن میں ہے۔ کپتان ہاردک پانڈیا کی قیادت کے لئے یہ کڑا امتحان ہے کیونکہ ٹیم کی  بلے بازی اور  گیند بازی میں ہم آہنگی کا فقدان نظر آ رہا ہے۔ ٹیم کی امیدیں روہت شرما کے تجربے اور سوریہ کمار یادو کی جارحانہ بلے بازی پر ٹکی ہیں۔ جسپریت بمراہ کے علاوہ دیگر گیند بازوں میں وہ دھار نظر نہیں آ رہی جو حریف بلے بازوں کو دباؤ میں لا سکے۔ مڈل اوورز میں وکٹیں نہ لینا ممبئی کے لئے سب سے بڑا دردِ سر بن چکا ہے۔
 
 
دوسری جانب  حیدرآباد نے اب تک شاندار کھیل پیش کیا ہے۔ ۸؍ میچوں میں ۵؍ فتوحات کے ساتھ وہ پلے آف کی دوڑ میں مضبوطی سے شامل ہیں۔ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ کی جوڑی حریف گیندبازوں کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہو رہی ہے۔ ہینرک کلاسن اپنی جارحانہ  بلے بازی سے کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ٹیم اس سیزن میں کئی بار ۲۰۰؍ سے زائد کا اسکور بنا کر اپنی  بلے بازی کی گہرائی کا ثبوت دے چکی ہے۔اگرچہ موجودہ فارم حیدرآباد کے حق میں ہے، لیکن ریکارڈز بتاتے ہیں کہ گزشتہ ۶؍ مقابلوں میں سے ۵؍میں ممبئی انڈینس نے سن رائزرز حیدر آباد کو شکست دی ہے۔ تاہم اس سیزن میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں واضح فرق کی وجہ سے یہ ریکارڈز شاید زیادہ اہمیت نہ رکھیں۔
 
 
وانکھیڈے کی پچ روایتی طور پر بلے بازوں کیلئے سازگار سمجھی جاتی ہے جہاں باؤنڈریز چھوٹی ہیں۔یہاں پہلی اننگز کا اوسط اسکور ۱۸۷؍ رن کے قریب رہا ہے۔پچھلے ۹؍ میچوں میں سے ۵؍ میچ دوسری اننگز میں بلے بازی کرنے والی ٹیموں نے جیتے ہیں۔ اس لئے ٹاس جیتنے والا کپتان پہلے  گیندبازی کرنے کو ترجیح دے گا تاکہ شبنم (اوس) کے اثرات اور لائٹس میں بلے بازی کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔ممبئی انڈینس کے لئے یہ مقابلہ اپنے وجود کو بچانے کی لڑائی ہے جبکہ حیدرآباد اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔ بلاشبہ اس سنسنی خیز مقابلے میں سن رائزرزحیدرآباد کا پلڑا تھوڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK