• Sun, 14 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹرو، لوکل ٹرینوں اور بسوں کیلئے ’ممبئی وَن ایپ‘ کامنصوبہ

Updated: July 29, 2025, 11:58 PM IST | Mumbai

ایسا پہلی مرتبہ ہوگا جب لوکل ٹرینوں کو دیگر ٹرانسپورٹ سے ایپ کے ساتھ جوڑا جائے گا۔رواں سال کے آخر تک ۴؍ نئی میٹرولائنیں شروع ہونے کا امکان

Construction work on Metro Line 9 is underway in Kashigaon area of Mira Road.
میراروڈ کے کاشی گاؤں علاقے میں میٹرو لائن ۹؍ کی تعمیر کا کام کیا جارہا ہے۔ (تصویر: ستیج شندے)

 رواں سال کے آخر تک ۴؍ نئی میٹرو لائنیں شروع ہونے کا امکان ہے اور اس کے ساتھ ہی ’ممبئی وَن‘ ایپ شروع کیا جائے گا جس میں میٹرو اور ممبئی کی لوکل ٹرینوں سمیت ۱۱؍ ٹرانسپورٹ آپریٹرس شامل رہیں گے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوگا جب لوکل ٹرینوں کو دیگر ٹرانسپورٹ کے ایپ کیساتھ جوڑا جارہا ہے۔ 
 میٹرو کی لائنوں کو ایک دوسرے سے اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ سے جوڑا جارہا ہے جس کی وجہ سے میٹرو کی ایک لائن سے دوسری لائن پر یا پھر آگے کا سفر بس یا لوکل ٹرین سے طے کرنے کیلئے مسافروں کو نئے سرے سے ٹکٹ خریدنے کی ضرورت پیش آتی ہے اور بار بار لمبی قطاروں میں کھڑے رہنے سے بچنے اور سفر کو آسان بنانے کیلئے یہ ایپ متعارف کرایا جائے گا۔اس ایپ کے ذریعہ سینٹرل، ہاربر اور ویسٹرن لائن کی لوکل ٹرینوں، میٹرو لائنوں، مونو ریل اور ’برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ)، ’تھانے میونسپل ٹرانسپور ‘ (ٹی ایم ٹی)‘، ’کلیان ڈومبیولی میونسپل ٹرانسپورٹ(کے ڈی ایم ٹی)‘، ’میرا بھائندر میونسپل ٹرانسپورٹ(ایم بی ایم ٹی)‘ اور ’نوی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ(این ایم ایم ٹی)‘ کیلئے ڈیجیٹل ٹکٹ خریدی جاسکیں گی۔
 اس ایپ کی خوبیوں میں یہ بھی شامل ہے کہ نقشہ پر علاقہ منتخب کرکے سفر کیلئے ٹکٹ خریدی جاسکے گی۔ مختلف ٹرانسپورٹ کیلئے ایک ہی کیو آر کوڈ سے  کام چل جائے گا۔ مسافروں اور خصوصاً خواتین کے تحفظ کیلئے ’ایس او ایس‘ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ٹکٹ کیلئے پیسوں کی ادائیگی آسان ہوگی۔
 واضح رہے کہ ’ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے)‘ ممبئی میں میٹرو کی ایک درجن لائنیں تعمیر کررہی ہے جن میں سے رواں سال کے آخر تک کم از کم ۴؍ میٹرو لائنوں کو جزوی طور پر شروع کئے جانے کی قوی امید ہے۔ 
 فی الحال ان میں سے ۴؍ لائنیں عوام کیلئے جزوی طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔ جو لائنیں مستقبل قریب میں شروع ہوسکتی ہیں، ان میں دہیسر سے میرا بھائندر کے درمیان میٹرو- ۹ (ریڈ لائن)، اندھیری میں ڈی این نگر سے منڈالے کے درمیان ۲؍بی (یلو لائن)، قلابہ سے اندھیری میں سیپز کے درمیان میٹرو ۳؍ (ایکوا لائن) کا بچا ہوا حصہ اور وڈالا سے کاسروڈولی اور گائے مکھ تک میٹرو لائن ۴؍ اور ۴؍ اے (گرین لائن) شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK