Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہرمز شپنگ بحران کے باعث ممبئی میں جائیداد کی قیمتوں میں اضافہ متوقع

Updated: March 20, 2026, 4:08 PM IST | Mumbai

ہندوستان کا مالیاتی دارالحکومت ممبئی، جہاں پہلے ہی رہائش بہت مہنگی ہے، وہاں جائیداد کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ ایناراک گروپ کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں خلل کے باعث تعمیراتی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں پراپرٹی کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔

Mumbai Property.Photo:INN
ممبئی جائیداد۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کا مالیاتی دارالحکومت ممبئی، جہاں پہلے ہی رہائش بہت مہنگی ہے، وہاں جائیداد کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ ایناراک گروپ  کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں خلل کے باعث تعمیراتی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں پراپرٹی کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی شپنگ راستوں کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث جہازوں کو طویل اور مہنگے متبادل راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں اہم تعمیراتی سامان کی ترسیل میں دو سے تین ہفتوں تک کی تاخیر ہو رہی ہے جبکہ ایندھن کی قیمتوں اور جنگی خطرے کے بیمہ (انشورنس) کی بڑھتی لاگت کے باعث فریٹ چارجز میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اس صورتحال کے باعث ممبئی میں تعمیراتی کمپنیوں کو لاگت میں تیزی سے اضافے کا سامنا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں اسٹیل کی قیمتوں میں تقریباً ۲۰؍ فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایلومینیم، فٹنگز اور درآمد شدہ سنگِ مرمر جیسے دیگر ضروری مواد بھی مہنگے ہو گئے ہیں چونکہ ممبئی کی پہچان بلند و بالا عمارتیں ہیں، اس لیے تعمیراتی مواد کی قیمت میں معمولی اضافہ بھی منصوبوں کے مجموعی بجٹ پر بڑا اثر ڈال سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:امیزون پرائم کے ۲۰۲۶ء کے بڑے شوز کی فہرست جاری


ایناراک کے مطابق یہ بڑھتی ہوئی لاگت مکمل طور پر ڈیولپرز برداشت نہیں کریں گے، بلکہ اسے خریداروں پر منتقل کیا جائے گا، خاص طور پر مہنگے اور لگژری رہائشی منصوبوں میں۔جنوبی ممبئی، ورلی، باندرہ کرلا کامپلیکس اور لوور پریل  جیسے علاقوں میں، جہاں اس وقت کئی اعلیٰ معیار کے منصوبے زیرِ تعمیر ہیں، قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:فیفا:فلسطین کے خلاف ’امتیازی سلوک‘ پر اسرائیل کے خلاف پابندیاں عائد

رپورٹ کے مطابق اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو کچھ حصوں میں جائیداد کی قیمتیں کم از کم ۵؍ فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔ شہر میں اس وقت ۱۰؍ہزار سے زائد لگژری رہائشی یونٹس زیرِ تعمیر ہیں، اس لیے اس کا اثر کافی بڑا ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ بحران غیر مقیم ہندوستانیوں(این آر آئیز) کی طلب کو بھی متاثر کر سکتا ہے، جو ممبئی کی لگژری پراپرٹی مارکیٹ میں خریداروں کا ایک اہم حصہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK