Inquilab Logo

سانتا کروز میں مکان منہدم،۳؍مکین نالے میں بہہ گئے

Updated: August 05, 2020, 9:41 AM IST | Kazim Shaikh | Santacruz

ایک خاتون کی لاش برآمد ،۲؍ بچیوںکی تلاش جاری ۔کاندیولی میں چٹان کھسکنے سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر

Mumbai Rain - Pic : PTI
سانتا کروز میں نالے میں بہہ جانے والی ۲؍ بچیوں کو فائر بریگیڈ کے اہلکار تلاش کرتے ہوئے

یہاں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی  بارش کے دوران ایک بڑے نالے سے ملحق ۲؍ مکانات  نالے میں منہدم ہو گئے ۔  مکانوں میں رہنے والے ۵؍ مکین نالے میں بہنے لگے  ۔ شورو غل ہونے پر مقامی افراد نے ایک خاتون اور ایک بچی کو بچالیا۔ حادثہ کے بعد ایک خاتون کی لاش نالے سے نکال لی گئی ہے اور ۲؍ بچوں کی تلاش جاری ہے ۔ 
 ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مطابق سانتاکروز کے مشرقی علاقے میں واقع واکولہ کے تری مورتی چال روم نمبر ۶۹۴ ؍ اور ۶۹۵؍  میں کئی افراد رہتے تھے ۔ ان دونوں مکانوں سے ملحق  ایک بڑانالہ گزرتا ہے جس میں بارش کے دوران پانی کافی تیزی کے ساتھ بہتا رہتا ہے ۔   بی ایم سی کاکہنا ہے کہ بارش سے قبل میونسپل کارپوریشن کی جانب سے  نالے کے آس پاس کے مکینوں کو گھر خالی کرکے کسی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کیلئے نوٹس دیا گیا تھا ۔ اس کے باوجود لوگ خطرناک حالت میں یہاں  رہتے ہیں۔ 
 ممبئی فائر بریگیڈ کے مطابق منگل کو بارش کے دوران صبح ۱۱؍ بجے  ۲؍ مکانات نالے میں گرپڑے جس کی وجہ  سے خواتین اور بچے نالے میں  بہنے لگے  تھے ۔ حادثے کےبعد شور وغل ہونے پر مقامی افراد نے ایک خاتون اور ایک لڑکی کو  فوری طور پر نالے سے نکال کر بچالیا ۔ فائر کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ حادثے  کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے اہلکار وہاں پہنچ گئے اور انھوں نے نالے  میں گرنے والوں  کی جنگی پیمانے پر  تلاش شروع کردی  ۔تلاشی کے دوران ایک خاتون کی لاش ملی ہے جبکہ بقیہ ۲؍لوگوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔اس ضمن میں واکولہ پولیس کا کہنا ہے کہ نالے میں بچوں کے بہہ جانے پر مقامی افراد کی شکایت پر پولیس نے حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ 
چٹان کھسکنے سے ۲؍گاڑیوں کو نقصان
 ممبئی میں گزشتہ رات پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہونے والی تیز بارش کے دوران کاندیولی ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے ملحق ایک  پہاڑی   چٹان کے کھسکنے سے   چھوٹے بڑے پتھر سڑک پر آگئے  جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت  میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ چٹان کھسکنے سے ۲؍گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ممبئی ڈیزاسٹر ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح میں تقریباً ساڑھے ۶؍ بجے  ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے  پر کاندیولی سمتا نگر پولیس اسٹیشن کے علاقے میں اچانک پہاڑ کی  ایک بڑی چٹان کھسکنے سے وہاں سے گزرنے والی ۲؍ گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے بعد پہاڑی کے بڑے بڑے پتھر ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر آگئے تھے ۔ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے سڑک کے ایک ہی جانب سے دونوں طرف کی گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی تھی ۔ ایک طرف کا روڈ بند کردیا گیا تھا ۔ اسی وجہ سے بوریولی اورجوگیشوری کےد رمیان زبردست ٹریفک جام ہو گیا تھا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK