Inquilab Logo

ممبرامیونسپل اسپتال جلد شروع کیا جائے : وزیر صحت سے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی کا مطالبہ

Updated: August 27, 2020, 8:04 AM IST | Staff Reporter | Mumbra

رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے بدھ کو ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ ممبرا میں زیرتعمیر میونسپل اسپتال کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اسے عوام کیلئے شروع کیاجائے تا کہ ممبرا کوسہ کے لوگوں کو علاج کی بہتر سہولت میسر ہو سکے

Abu Asim Azmi - Pic :  INN
ابو عاصم اعظمی ۔ تصویر : آئی این این

 رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے  بدھ کو ریاستی وزیر صحت  راجیش ٹوپے سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ ممبرا میں زیرتعمیر میونسپل اسپتال کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اسے عوام کیلئے شروع کیاجائے تا کہ ممبرا کوسہ کے لوگوں کو علاج کی بہتر سہولت میسر ہو سکے۔  انہوں  نے ممبرا کے ایک وفد کے ساتھ وزیر صحت سے ملاقات کے دوران انہیں ایک میمورنڈم بھی دیا  جس میں کہا گیا ہے کہ میونسپل اسپتال کا کام ۲۰۱۴ء سے شروع کیا گیا تھا لیکن اب تک اسے مکمل نہیں کیا گیا ہے ۔ اسپتال  نہ ہونے سے ممبرا کوسہ کے غریب لوگوں کو تھانے اور ممبئی آنا پڑتا ہے جوکہ لاک ڈاؤن میں مزید پریشان کن ہے۔ اس پر وزیر صحت راجیش ٹوپے نے فوراً تھانے میونسپل کمشنر سے بات کی اور جلد از جلد میونسپل اسپتال شروع کروانے کا یقین دلایا ہے۔
 اس وفد میں ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے سماجوادی کے صدر عادل خان اعظمی، قمرالہدیٰ  ،چیتنا دکشت ، اکرم خان ، شاہد خان اوردیگر افراد موجود تھے۔
  منگل کو ممبرا میں واقع مولانا ابو الکلام آزاد اسٹیڈیم میں بنائے گئے تقریباً  ۴۰۰؍  بیڈ کے نئے کووڈ ہیلتھ سینٹر کا  وزیرہاؤسنگ جتیندر اوہاڑ نے دورہ کیا تھا۔ اس دوران  جب ان سے نمائندۂ انقلاب نے   یہ پوچھا تھاکہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ نے سبھی میونسپل کارپوریشنوں کو یہ ہدایت دی ہے کہ کووڈ۱۹؍  کے ساتھ ساتھ نان کووڈ مریضوں کے علاج کابہتر نظم کیاجائے تو پھر ممبرا میں برسوں سے زیر تعمیر میونسپل اسپتال کا کام کیوں مکمل نہیں کیاگیا ہے؟ اور یہ کب مکمل ہو گا؟ توانہوں  نےبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’آپ یہ غلط افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔ مَیں یہ  بتا  دینا چاہتا ہوں کہ ۲۰۱۷ء میں اس کا ورک آرڈر نکلا تھا اور اسپتال کی تعمیر کاکام شروع ہوا تھا۔ سرکاری اسپتال بنانا معمولی بات نہیں ہے۔ اس میں آکسیجن لائن لگتی ہے ، اے سی کی لائن ڈالنی پڑتی ہے۔بہت سارے کام رہتے ہیں۔ ۱۰۰؍بیڈ کا اسپتال بنانے کیلئے کم سے کم ۳؍ سال تو لگیں گے ۔ اسپتال کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے  البتہ مشینوں کا کام باقی ہے۔اچھے اسپتال میں وقت تو لگے گا  لیکن لگاتار جو لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہےکہ کئی سال ہو گئے اسپتال مکمل نہیں ہوا تو   اللہ کے واسطے یہ کہنا بند کردو۔‘‘
 واضح رہے کہ ممبرا کے این سی پی کے ہی سینئر لیڈر سید علی اشرف نے ۱۸؍ جون کو وزیر اعلیٰ کو لیٹر لکھ کر مطالبہ کیا تھاکہ ۶؍ سال بعد بھی ممبرا میونسپل اسپتال مکمل نہ کئے جانے کی انکوائری کی جائے۔ اس لیٹر میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ ۲۳؍ اگست ۲۰۱۴ء کو اسپتال تعمیر کرنےکی شروعات کیلئے متعلقہ کنٹریکٹر کو ۵۴؍ کروڑ ۸۰؍ لاکھ  روپے اور اسی ٹھیکیدار کو ۷؍ جولائی ۲۰۱۸ء کو مزید ۶۳؍  کروڑ ۴۰؍ لاکھ روپےاس طرح ۱۱۷؍ کروڑ  روپے خرچ دیئے گئے تھے، اس کے باوجود اسپتال اب تک تیار نہیں کیا گیا،  اس کی جانچ ہونی چاہئے۔
 اس لیٹر کی کاپی نائب وزیر اعلیٰ، وزیر ہاؤسنگ اور تھانے میونسپل کمشنر کو بھی بھیجی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK