Inquilab Logo

ممبرا: گلاب پارک مارکیٹ میں خریداروں کی رہنمائی کیلئے واچ ٹاور قائم

Updated: March 22, 2024, 5:33 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

خریداروں کی سہولت اور رہنمائی کیلئے راجیو گاندھی ہاکرس یونین(گلاب پارک مارکیٹ)کی جانب ایک واچ ٹاور بنایا گیا ہے جہاں سے خریداروں کی رہنمائی کی جائے گی۔

Gulab Park Market. Photo: INN
گلاب پارک مارکیٹ۔ تصویر: آئی این این

رمضان المبارک میں ۱۰؍ روزے کے بعدسے ممبرا میں واقع گلاب پارک مارکیٹ میں خریداروں کی بھیڑ میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔ یہاں تھانے، کلیان، الہاس نگر، بھیونڈی اور ممبئی کے بھی مختلف علاقوں سے لوگ عید کی خریداری کیلئےآتے ہیں۔ خریداروں کی سہولت اور رہنمائی کیلئے راجیو گاندھی ہاکرس یونین(گلاب پارک مارکیٹ)کی جانب ایک واچ ٹاور بنایا گیا ہے جہاں سے خریداروں کی رہنمائی کی جائے گی۔ اسی کے ساتھ مارکیٹ کے قریب ٹریفک جام کا مسئلہ نہ ہو، اس کیلئے ہاکرس یونین کے رضاکار ٹریفک پولیس اہلکاروں کی مدد بھی کرتے ہیں۔ 
اس سلسلے میں راجیو گاندھی ہاکرس یونین (گلاب پارک)کے صدر محمد ارشاد فاروق شاہ سے رابطہ قائم کرنے پرانہوں نے بتایاکہ ’’ گلاب پارک میں ۱۰؍ روزہ سے خریداروں کی بھیڑ ہونے لگتی ہے۔ خریداروں کے ساتھ آنے والے بچے اکثر گم ہو جاتے ہیں یا کوئی چیز کھوجاتی ہے ا س لئے ہر سال کی طرح امسال بھی مارکیٹ کے بیچ واچ ٹاور بنایا گیاہے۔ یہ واچ ٹاور ۱۰؍ رمضان سے شروع ہو جائے گا۔ اس پر اناؤنسمینٹ کے ذریعے خریداروں کی رہنمائی کی جائے گی ساتھ ہی ٹریفک جام کے مسئلہ کے حل کیلئے ٹاور سے رضاکاروں کومامور کیا جاتا ہے۔ حالانکہ ٹریفک کنٹرول کر نے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکار کو تعینا ت کیا گیا ہے، اس کے باوجود کبھی کبھی ٹریفک بڑھ جاتا ہے اس لئے ٹریفک پولیس کی مدد کیلئے اورینج جرسی پہنے رضاکار ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں تعاون کرتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ’’ ہم نے میونسپل کارپوریشن اور پولیس سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی ہاکر کو بیرکیڈ کے باہر اسٹال لگانے نہ دیں۔ ‘‘
خریداروں کیلئے افطاری کا نظم 
محمد ارشاد نےیہ بھی بتایاکہ ’’ہر سال کی طرح امسال بھی اجوا سوئیٹس کے قریب روڈ کے کنارے افطاری کا بھی نظم کیا گیاہے جہاں خریدار اور ہاکرس کے علاوہ راہگیر بھی افطار کر سکتے ہیں۔ ‘‘
رمضان میں افطاری اور رات کے وقت امرت نگر سے قسمت کالونی کے درمیان ممبرا کی جانب آنے والی سڑک کے کنارے پھل فروشوں اور مختلف اشیاء کے اسٹال لگائے جاتے ہیں ۔ اس سے ٹریفک جام نہ ہو، اس کیلئے تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) میں اپوزیشن لیڈر اشرف (شانو) پٹھان کی بیٹی مرضیہ پٹھان اور ان کی ٹیم سرگرم ہے۔ ان کی ٹیم کے تقریباً ۱۰۰؍ رضاکار روزانہ شام ۵؍ بجے سے رات ساڑھے ۱۰؍ تا ۱۱؍ بجے تک ٹریفک پر نگاہ رکھتے ہیں تاکہ ممبرا اور کوسہ جانے والےلوگ ٹریفک جام میں نہ پھنس جائیں۔ مرضیہ پٹھان کی جانب سے امرت نگر اور گلاب پارک مارکیٹ میں خریداری کیلئے گاڑی سے آنے والے افراد کیلئے پنٹیادادا میدان، دادی کالونی میں پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ان انتظامات سے متعلق ایک آٹو رکشا ڈرائیور سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK