Inquilab Logo

رُکن اسمبلی رئیس شیخ کا استعفیٰ، سماج وادی پارٹی میں تنازع

Updated: April 21, 2024, 6:21 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی کو استعفیٰ بھیج دیا،ابوعاصم نے تصدیق کی لیکن استعفے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

Member of Assembly Raees Sheikh. Photo: INN
رکن اسمبلی رئیس شیخ۔ تصویر : آئی این این

انتخابات کے موسم میں مختلف پارٹیوں میں ٹوٹ پھوٹ ہوتی ہے اور اس کا شکار مہاراشٹر کی سماج وادی پارٹی بھی ہوئی ہے۔ ریاست میں پارٹی کے قد آور لیڈر اور بھیونڈی ( ایسٹ) سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے پارٹی اوراسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی ریاستی  صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کو بھیج  دیا ہے۔ ابو عاصم اعظمی نے بھی استعفیٰ نامہ ملنے کی تصدیق کی ہے لیکن تادم تحریر انہوں نے استعفے پر کوئی فیصلہ نہیںکیا ہے۔ 
اس سلسلے میں رئیس شیخ سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے نمائند ہ کو بتایا کہ ’’ریاست میں سماج وادی پارٹی کی توسیع میں میرا اہم رول ہے۔ پچھلے ایک سال سے میں پارٹی کے مسائل کو ریاستی قیادت کے سامنے پیش کر تا رہا لیکن  وہاں سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس ضمن میں اسی سال  یکم جنوری کو بھی مَیں نے پارٹی کے ریاستی صدر کو لیٹر دیا تھا لیکن اس پر کوئی غور نہیں کیا گیا۔‘‘رئیس شیخ نے پارٹی چھوڑنے کی خبر کی تردید کی اور کہاکہ سماج وادی پارٹی سے میری وفاداری برقرار ہے۔ پارٹی نے مجھے ایم ایل اے کے طور پر کام کرنے کا موقع دیا ہے اس کیلئے شکریہ۔ میں پارٹی کا کٹر کارکن ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔ اگرچہ میں ایم ایل اے نہیں رہا تب بھی میرا عزم پارٹی کی تنظیمی طاقت بڑھانا ہی ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’یہ فرنویس ہی تھے جنہوں نے کہا تھا کہ میں آدتیہ کو وزیراعلیٰ بنانے کی تگ ودو کرتا ہوں‘‘

رئیس شیخ نے مزید کہا کہ میں نے پارٹی کے تنظیمی مسائل کو کئی مرتبہ پیش کیا لیکن وہاں سے مثبت جواب نہیں ملا۔ اسی لئے میں نے سماج وادی پارٹی کے مہاراشٹر کے صدر ابو اعظمی کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ یہ استعفیٰ اسمبلی کی رکنیت سے ہے۔ مجھے امید ہے کہ ریاست میں قیادت پارٹی کے مفاد میں مناسب فیصلہ کرے گی۔‘‘ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا آپ نے اسپیکر کو بھی اپنا استعفیٰ بھیجا ہے تو رئیس نے کہا کہ ’’ریاستی صدر کو  استعفیٰ دیتے ہوئے مَیں نے ان سے درخواست کی ہے اسے اسپیکر کے پاس بھیج دیجئے گا۔‘‘جب ان سےیہ پوچھا گیا کہ فرقہ پرستوں کے خلاف متحد ہونے کے بجائے آپ آپس میں اختلافات بڑھارہے ہیں ، تو انہوں نے کہا کہ ’’ مَیں نے ذہنی طور پر شدید پریشان ہونے کے بعد ہی یہ قدم اٹھایا ہے۔‘‘ اس ضمن میں ابو عاصم اعظمی  سے استفسار کرنے پر انہوں نے اس کی تصدیق کی کہ رئیس شیخ کا  اسمبلی کی رکنیت سےاستعفیٰ مجھے موصول ہوا ہے لیکن اب تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’رئیس پارٹی کی تنظیم کے متعدد عہدے اپنے اختیار میں لینا چاہتے ہیں جس سے پارٹی میں انتشار پیدا ہو  نے کا خدشہ ہے۔ البتہ رئیس کے استعفے پر غور و خوض کیا جارہا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK