۲۹؍ میں سے ۱۵؍ میونسپل کارپوریشنوں کی قیادت کا ذمہ خواتین کے سپرد ہوگا،۴؍بڑے شہروں کی میئر خواتین ہوں گی
EPAPER
Updated: January 23, 2026, 7:58 AM IST | Mumbai
۲۹؍ میں سے ۱۵؍ میونسپل کارپوریشنوں کی قیادت کا ذمہ خواتین کے سپرد ہوگا،۴؍بڑے شہروں کی میئر خواتین ہوں گی
میونسپل انتخابات کے نتائج کے ایک ہفتے بعد بالآخر میئر ریزرویشن کااہم مرحلہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔ریاست کی۲۹؍ میونسپل کارپوریشنوں کےمیئر عہدہ کیلئے جمعرات کو منترالیہ میںقرعہ اندازی کا عمل انجام دیا گیا۔ زمروں کے اعتبار سے ریزرویشن طے پاتےہی اقتدار سازی کیلئے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ کچھ میونسپل کارپوریشنوں کیلئے سیاسی پارٹیوں کو ایک بار پھر سے حکمت عملی نئے سرے سے ترتیب دینی پڑرہی ہے۔
جمعرات کو صبح۱۱؍ بجے منترالیہ کے کانفرنس ہال میں روٹیشن طریقۂ کار کے تحت یہ قرعہ اندازی کی گئی۔۲۰۱۱ء کی مردم شماری کو بنیاد بنا کر درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، شہری پسماندہ طبقہ اور خواتین کے لیے۵۰؍ فیصد ریزرویشن طے کیا گیا ہے۔ اس عمل کے ذریعے آئندہ ڈھائی برس کیلئے یہ تصویر اب واضح ہو گئی ہے کہ کون سی میونسپل کارپوریشن پر کس طبقے یا گروہ کا غلبہ رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق شہری ترقی کی ریاستی وزیر مادھوری مِسل ودیگر حکام کی موجودگی میں یہ عمل انجام دیا گیا۔ اس اعلان کے مطابق۵۰؍ فیصد خواتین ریزرویشن پالیسی کے تحت،۲۹؍ میں سے۱۵؍ شہروں میں اس بار خواتین میئر ہوں گی۔ اس سے ریاست کے مقامی خود اختیاری اداروں میں خواتین کے غلبے کو ایک بار پھر تقویت ملی ہے۔
سیاسی طور پر نہایت اہم مانے جانے والے ممبئی، پونے، ناگپور اور ناسک سمیت چاروں بڑے شہروں کی میونسپل کارپوریشن میں خواتین کے لیے جنرل ریزرویشن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسکے نتیجے میں اب ان شہروں میں خواتین میئر بنیں گی ، اس طرح ریاست کے بڑے شہروں کی ترقی کی باگ ڈور خواتین کے ہاتھوں میں ہوگی۔
مہاراشٹر میں مجموعی طور پر ۱۵؍ خواتین میئر ہوں گی۔ اب ریاست میں خواتین کی قیادت دیکھنے کو ملے گی۔ ممبئی، ناگپور اور ناسک جیسے بڑے شہروں کی باگ ڈور اب خواتین کے ہاتھوں میں ہوگی۔ اس دوران، انتخابات کے نتائج کے اعلان اور میئرریزرویشن صورتحال واضح ہونے کے بعد، میونسپل کارپوریشنوں میں سیاسی مساوات پر اثر پڑسکتا ہے۔ اس ریزرویشن نے ان تجربہ کار مرد لیڈروں کے لیے ایک بڑی دُشواری کھڑی کر دی ہے جو برسوں سے میئر بننے کا خواب دیکھ رہے تھے اور بھاری اکثریت سے انتخابات جیت چکے تھے۔ خاص طور پر ممبئی، پونے اور ناگپور جیسے شہروں میں، اقتدار کے توازن کو برقرار رکھتے ہوئے پارٹی سطح پر ایک مضبوط خاتون لیڈر کی تلاش تیزی سے شروع ہو گئی ہے۔
کہاں کس زمرہ کا میئر امیدوار ہوگا؟
کارپوریشن کا نام میئر کس زمرہ کا ہوگا؟
(۱) ممبئی(بی ایم سی) جنرل خاتون
(۲) کے ڈی ایم سی ایس ٹی
(۳) تھانے(ٹی ایم سی) ایس سی جنرل
(۴) پنویل او بی سی جنرل
(۵)نوی ممبئی جنرل خاتون
(۶) وسئی ویرار جنرل
(۷) میرابھائندر جنرل خاتون
(۸)الہاس نگر او بی سی جنرل
(۹) بھیونڈی نظامپور جنرل
(۱۰) پونے (پی ایم سی) جنرل خاتون
(۱۱) پمپری چنچوڑ جنرل
(۱۲) ناسک جنرل خاتون
(۱۳)اورنگ آبا د جنرل
(۱۴)مالیگاؤں جنرل خاتون
(۱۵) دھولیہ جنرل خاتون
(۱۶) جلگاؤں او بی سی خاتون
(۱۷) اہلیہ نگر(احمد نگر) او بی سی خاتون
(۱۸) ناندیڑواگھالا جنرل خاتون
(۱۹)شولاپور جنرل
(۲۰) لاتور ایس سی خاتون
(۲۱) جالنہ ایس سی خاتون
(۲۲) اِچل کرنجی او بی سی جنرل
(۲۳) چندرپور او بی سی خاتون
(۲۴) اکولہ او بی سی خاتون
(۲۵)کولہاپور او بی سی جنرل
(۲۶)ناگپور جنرل خاتون
(۲۷) امراوتی جنرل
(۲۸)پربھنی جنرل
(۲۹)سانگلی میرج جنرل