ضابطہ اخلاق نافذ، ۴؍ مئی کو نتائج، مغربی بنگال اور آسام توجہ کا مرکز۔
EPAPER
Updated: March 16, 2026, 9:34 AM IST | New Delhi
ضابطہ اخلاق نافذ، ۴؍ مئی کو نتائج، مغربی بنگال اور آسام توجہ کا مرکز۔
الیکشن کمیشن آف انڈیانے اتوار کومغربی بنگال، کیرالا، تمل ناڈو، آسام اور پڈو چیری میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔ مغربی بنگال میں دو مرحلے میں ۲۳؍ اور ۲۹؍ اپریل کو پولنگ ہوگی جبکہ کیرالا، آسام اور پڈوچیری میں ۹؍ اور تمل ناڈو میں ۲۳؍ اپریل کو ایک مرحلہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اتوار کو الیکشن کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہیں مذکورہ پانچوں ریاستوں میں ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیاہے۔ تمام ریاستوں کے انتخابی نتائج کا اعلان ۴؍ مئی کو کیا جائےگا۔ اس طرح یہ انتخابی عمل ۵۱؍ دنوں پر مشتمل ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: محبوبہ مفتی کا ایران سے اظہار یکجہتی، مسلم ممالک سے بھی حمایت کا مطالبہ
نئی دہلی کے وگیان بھون میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس ایس سندھواورالیکشن کمشنر ڈاکٹر وویک جوشی نے تاریخوں کا اعلان کیا۔ یا درہے کہ مغربی بنگال میں گزشتہ اسمبلی انتخابات ۸؍مرحلے میں کرائے گئے تھے جس پر الیکشن کمیشن تنقیدوں کی زد پر رہاتھا۔ اس بار محض دو مرحلے میں پولنگ کرائے جانے کے سوال پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تفصیلی غور و خوض کے بعدانتخابی مراحل کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی ایم سی اور دیگر سیاسی پارٹیوں نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں توجہ کا مرکز مغربی بنگال اور آسام رہیں گے۔ بنگال میں بی جےپی اقتدار ٹی ایم سی سے چھین لینے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے جبکہ آسام میں اس کے سامنے اقتدار بچانے کا چیلنج ہے۔ کیرالا اور تمل ناڈو میں بھی وہ اپنی موجودگی بڑھانے کی کوشش کریگی مگر ان ریاستوں میں اقتدار کا حصول اس کیلئے ابھی ممکن نہیں۔