دوستوں کے ساتھ منالی گھومنے گئےویر سورین کی اچانک طبیعت بگڑ گئی اور وہ اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے ، پولیس تحقیقات جاری ۔
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین ، انسیٹ: ویر سورین- تصویر:آئی این این
جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین کے پوتے ویر سورین کی ہماچل پردیش کے علاقے کلو میں مشتبہ حالات میں موت ہوگئی ہے۔ اطلاع کے بعد سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، ان کے بیٹے بابولال سورین اور خاندان کے دیگر افراد شملہ کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ فی الحال ویر سورین کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ مقامی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے لیا ہے اور تحقیقات کر رہی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین کے پوتے ویر سورین اپنے دوستوں کے ساتھ کلو منالی گھومنے گئے تھے جہاں وہ ایک ہوٹل میں رکے تھے۔ وہاں سارے دوستوں نے مل کر برف پر اسکیٹنگ کی تھی اور اپنے ہوٹل وا پس آئے تھےجس کے بعد ویر کی طبیعت بگڑنے لگی اور ۲۴؍ فروری کو ان کا انتقال ہو گیا۔ دوسری جانب پوتے ویر سورین کی موت کی اطلاع کے بعد جھارکھنڈ کے سیاسی حلقوں سمیت کولہان علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فی الحال سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین کا پورا خاندان شملہ کیلئے روانہ ہو گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق ۲۲؍ فروری کو ویر سورین اپنے دوستوں کے ساتھ کلو منالی پہنچے جہاں انہوں نے ہوٹل میں کمرہ کرایہ پر لیا۔۲۳؍ فروری کو یہ تمام دوست سولنگ نالہ اور ہامٹا اسنو پوائنٹ کی سیر کے بعد اپنے کمرے پر لوٹ آئے تھے۔ اس کے بعد ویر کی طبیعت کچھ ٹھیک نہیں لگ رہی تھی۔ ۲۴؍فروری کو سارے دوست سیروتفریح کیلئے روانہ ہوئے لیکن ویر سورین نے طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کے ساتھ نہیں جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ جب ان کے دوست واپس لوٹے تو ویر سورین نے سر میں شدید درد ہونے کی بات بتائی ۔ دوستوں نے اسے دوا دی، جسے کھا کر ویر سو گیا۔ دوپہر ڈھائی بجے دوستوں کو ویر کے بستر سے نیچے گرنے کی آواز سنائی دی۔ دوستوں نے جا کر دیکھا تو وہ نیچے گرا ہوا تھا، اس کے منہ سے جھاگ نکل رہا تھا۔ فوری طور پر اسے سول اسپتال لے جایا گیا۔ سول اسپتال میں اسے سی پی آر دی گئی لیکن معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ویر کے جسم پر چوٹ کا کوئی بھی نشان موجود نہیں تھا۔
سابق وزیر اعلیٰ کے پوتے کی موت کے سلسلے میں ڈی ایس پی منالی کے ڈی شرما کا کہنا ہے کہ ’’سول اسپتال منالی سے اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی تھی۔ پوچھ تاچھ کرنے پر معلوم ہوا ہے کہ سول اسپتال منالی میں متوفی ویر سورین کی لاش اسٹریچر پر پائی گئی۔ جانچ کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جسم پر کسی بھی قسم کے بیرونی چوٹ کے نشانات نہیں پائے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے گا۔چمپئی سورین نے سوشل میڈیا پر ویر کی موت کی اطلاع دی ہے جبکہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔