مغربی بنگال کے ۱۰؍ اسمبلی حلقوں میں استعمال ہوئی تھیں،ٹی ایم سی نے پوچھا: یہ حادثہ ہے یا ثبوتوں کو ختم کرنے کی دانستہ کوشش؟
EPAPER
Updated: June 13, 2026, 7:55 AM IST | Kolkata
مغربی بنگال کے ۱۰؍ اسمبلی حلقوں میں استعمال ہوئی تھیں،ٹی ایم سی نے پوچھا: یہ حادثہ ہے یا ثبوتوں کو ختم کرنے کی دانستہ کوشش؟
مغربی بنگال جہاں کے اسمبلی الیکشن کے نتائج پرپہلے ہی شبہات کا اظہار کیا جارہاہے، میں ایک سرکاری عمارت میں لگنے والی بھیانک اور پُراسرار آگ میں ۴؍ ہزار ای وی ایم مشینیں (کنٹرول یونٹ، بیلٹ یونٹ اور وی وی پیٹ)جل کر خام ہوگئیں۔ ریاستی حکومت نے آگ کی فوری جانچ کا حکم دیدیا ہے۔۹؍ منزلہ عمارت میںآگ دوسرے اور تیسرے منزلہ پر شروع ہوئی اور حیرت انگیز طور پر چوتھے، پانچویں اور چھٹےمنزلہ کو نقصان پہنچائے بغیر ساتویں اور آٹھویں منزلہ پر پہنچ گئی۔ پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے مغربی بنگال کے وزیر کوشک چودھری نےبھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ’’نارمل‘‘ نہیں لگتا۔ٹی ایم سی اور کانگریس نے سوال کیا ہے کہ یہ واقعی حادثہ تھا یا ثبوت مٹانے کی کوشش ہے؟
آگ بجھانے میںزائد از ۲۴؍ گھنٹےلگ گئے
پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ آگ بدھ کی رات کو جنوبی کولکاتا کے علی پور میں واقع ۶؍منزلہ سرکری عمارت میں لگی۔ اس عمارت میں دیگر محکموں کے علاوہ جنوبی۲۴؍پرگنہ ضلع پریشد کا دفتر بھی ہے۔وزیر مملکت برائے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسیزکوشک چودھری نے تصدیق کی کہ ’’آگ میں تقریباً۴ ؍ ہزارای وی ایم مشینیں تباہ ہو گئیں۔ یہ مشینیں اس سال ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران۱۰؍اسمبلی حلقوں میں استعمال کی گئی تھیں۔‘‘ انہوں نے کہاکہ’’یہ عام نوعیت کی آگ معلوم نہیں ہوتی۔ ہم تخریب کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آگ ساتویں اورآٹھویں منزل تک کیسے پہنچی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’آگ سب سے پہلے عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر دیکھی گئی ، چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزل کو متاثر کئے بغیر آگ ساتویں اور آٹھویں منزل تک کیسے پہنچ گئی؟ اس کی تحقیقات جاری ہیں۔‘‘
جانچ کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل
آگ لگنے کے پیٹرن کو دیکھتے ہوئے کسی بڑی سازش کا شبہ ظاہر کیا جارہاہے۔ عوامی سطح پر اٹھنےوالے سوالات کے پیش نظر کولکاتا پولیس نے جانچ کیلئے جمعہ کو ایس آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس سے قبل جنوبی۲۴؍پرگنہ انتظامیہ نے علی پور پولیس تھانے میں تحریری شکایت درج کرا کے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی شکایت پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آگ شارٹ سرکٹ سے لگی یا کوئی اور وجہ تھی۔ حکام کے مطابق ابھی تک آگ لگنے کی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ تفتیشی ٹیمیں اس بات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں کہ آگ مختلف منزلوں تک کس طرح پہنچی۔ پولیس نے عمارت کے اطراف نگرانی بڑھا دی ہے۔
ٹی ایم سی اور کانگریس کا سوال
یہ بھی حیرت انگیز ہے کہ آگ بدھ کی رات کو لگی اور جمعرات کو دن بھر اس پر قابو پانے کی کوششوں ہوتی رہیں مگر اس کی تفصیلات میڈیا سے غائب رہیں ۔ یہ سوال اہم ہے کہ اس معاملے کو منظر عام پر آنے میں جمعہ تک کا وقت کیوں لگ گیا؟