Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کا ورلڈ کپ مہم کا آغاز آج پیراگوئے کے خلاف، نظریں فاتحانہ شروعات پر

Updated: June 12, 2026, 8:05 PM IST | New York

فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے شریک میزبان امریکہ اپنی مہم کا آغاز جمعہ کو پیراگوئے کے خلاف گروپ ڈی کے افتتاحی میچ سے کرے گا۔

USA Players.Photo:X
امریکی ٹیم کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے شریک میزبان امریکہ اپنی مہم کا آغاز جمعہ کو پیراگوئے کے خلاف گروپ ڈی کے افتتاحی میچ سے کرے گا۔ لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ امریکی ٹیم کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وہ اپنے ہی میدان پر عالمی کپ کا سفر شروع کرے گی۔
گروپ ڈی میں آسٹریلیا اور ترکیہ (ترکی)بھی شامل ہیں، جس کے باعث ابتدائی میچ میں کامیابی دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔امریکی ٹیم کوچ موریسیو پوچیٹینو کی قیادت میں مضبوط اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اترے گی، جس میں کرسچین پولیسک، ویسٹن میک کینی، ٹائلر ایڈمز اور فولارن بالوگن جیسے اہم کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیم تیز رفتار کھیل، مؤثر پریسنگ اور فوری جوابی حملوں پر انحصار کرے گی۔
دوسری جانب پیراگوئے نے کوچ گستاوو الفارو کی رہنمائی میں۲۰۱۰ء کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ جنوبی امریکی ٹیم دفاعی نظم و ضبط، جسمانی طاقت اور جوابی حملوں کی صلاحیت کے لیے جانی جاتی ہے، جبکہ میگوئل المیرون اور ڈیاگو گومیز اس کے اہم ہتھیار ہوں گے۔
ورلڈ کپ تاریخ میں دونوں ٹیمیں صرف ایک بار آمنے سامنے آئی ہیں۔۱۹۳۰ء کے پہلے ورلڈ کپ میں امریکہ نے پیراگوئے کو ۰۔۳؍گول  سے شکست دی تھی، جس میں برٹ پیٹینوڈ نے ورلڈ کپ تاریخ کی پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کی تھی۔ پوچیٹینو نے پیراگوئے کو ایک مضبوط اور منظم حریف قرار دیا ہے، جبکہ الفارو کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں چھوٹی غلطیاں بھی بڑے نتائج کا سبب بن سکتی ہیں۔
کنیڈا فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے تاریخی آغاز کے لیے پوری طرح تیار
کنیڈا فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے تاریخی آغاز کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کنیڈا فیفا ورلڈ کپ کے میچوں کی میزبانی کر رہا ہے اور قومی ٹیم جمعہ کو اپنے افتتاحی میچ میں گھریلو میدان پر بوسنیا و ہرزیگووینا کا سامنا کرے گی۔ کنیڈاکے وزیر اعظم مارک کارنی نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا’’کنیڈا خوبصورت کھیل (فٹبال) کے لیے تیار ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:’’کالا ہرن‘‘ تنازع: سلمان خان ہائی کورٹ سے رجوع ، ریلیز روکنے کی درخواست


انہوں نے یاد دلایا کہ کنیڈانے پہلی بار ۱۹۸۶ء کے ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی اور اس کے بعد سے ملک میں فٹبال کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔مارک کارنی کے مطابق ان کی حکومت نے فٹبال کے فروغ کے لیے۷۵؍ کروڑ کینیڈین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔ توقع ہے کہ ورلڈ کپ کے انعقاد سے تقریباً ۲۵؍ ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور ملکی معیشت میں دو ارب کینیڈین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:ورلڈ کپ سے محروم عمر آرتان کو یوئیفا کا بڑا اعزاز مل گیا


ٹورنٹو میں پری میچ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنیڈا کے ہیڈ کوچ جیسی مارش نے کہا کہ ٹیم اس بڑے موقع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ ’’دباؤ یقیناً موجود ہے، لیکن یہ اس ذمہ داری کے احساس سے پیدا ہوتا ہے جو ہم اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے محسوس کرتے ہیں۔‘‘ مارش نے مزید کہا کہ کینیڈین کھلاڑی دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں کہ وہ صرف اچھے اور مہذب لوگ ہی نہیں بلکہ میدان میں سخت مقابلہ کرنے والے اور پُرجوش کھلاڑی بھی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK