مکر سنکرانتی کے دن لڑکا اپنے والد کے ساتھ بائک پر جارہا تھا کہ سڑک پر اچانک نائلون مانجھا میں پھنس کر اس کا گلا کٹ گیا
EPAPER
Updated: January 16, 2023, 12:41 PM IST | Ali Imran | nagpur
مکر سنکرانتی کے دن لڑکا اپنے والد کے ساتھ بائک پر جارہا تھا کہ سڑک پر اچانک نائلون مانجھا میں پھنس کر اس کا گلا کٹ گیا
: مکرسنکرانتی کے تہوار پر یہاں ایک۱۱؍ سالہ لڑکے کی نائلون کے دھاگے سے گلا کاٹنے کے سبب موت ہوگئی۔ یہ افسوسناک واقعہ ناگپور کے جری پٹکا پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا ہے۔۱۱؍ سالہ لڑکے کا نام وید ساہو ہے۔ سنیچر کی شام کو وید اپنے والد کے ساتھ بائیک پر جارہا تھا۔ سڑک پر اچانک نائیلون کا پتنگ مانجھا آیا جس میں پھنس کر بچہ کا گلا کٹ گیا۔ اس بچے کو زخمی حالت میں مانکاپور کے ایک اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم، وہاں اس کا کوئی علاج نہیں ہوسکا۔ آخر کار دیر رات اسے دھنتولی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ دھاگے کی کاٹ اتنی سنگین تھی کہ علاج میں تاخیر ہونے سے وید ساہو کی موت ہوگئی۔ ایک روز قبل دھنتولی میں ایک لڑکا پتنگ پکڑتے ہوئے ٹرین کے نیچے گر کر ہلاک ہونے کے بعد اس۱۱؍ سالہ لڑکے کی موت سے شہر میں سنسنی ہے۔انسانی جانوں، جانوروں اور پرندوں کیلئے خطرہ بننے والے نائیلون کے دھاگے بازار میں بڑے پیمانے پر فروخت ہورہے ہیں۔چائنا میڈ نائیلون مانجھا عام طور پر پتنگ بازی میں استعمال ہورہا ہے۔ کئی لوگوں کی گردنوں پر شدید زخم ہونےکے واقعات بھی ہو چکے ہیں۔ پچھلے سال بھی نائیلون مانجھے میں پھنس کر کئی بائیک سواروں کے گلے کاٹنے کے واقعات ہوئے تھے۔ اس سال مکر سنکرانتی سے پہلے فلاحی و سماجی تنظیموں نے نائیلون مانجھے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج بھی کیا تھا۔ پولیس محکمہ بھی اس معاملے میں اپنے الرٹ ہونے کا دعویٰ کرتا رہا۔ڈرون کی مدد سے نائیلون مانجھا استعمال کرنے والوں کی نگرانی کی بات بھی کہی گئی لیکن لڑکے کی موت نے ان تما م دعوؤں اورکارروائیوں پر سوال کھڑے کردئیے ہیں۔