Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشرقی ودربھ میں موسلادھار بارش سے تباہی

Updated: July 09, 2025, 11:16 AM IST | Nagpur

مشرقی ودربھ میں موسلادھار بارش سے تباہی گڈچرولی میں سیلاب کا خطرہ، سطح آب میں تیزی سے اضافے کے سبب گوسی کھرد ڈیم کے تمام ۳۳؍ دروازے کھول دئیے گئے۔ کئی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند۔ بھنڈارہ میں پین گنگا ندی خطرہ کی سطح سے تجاوز کر گئی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ریاست بھر کے کئی علاقوں میں گزشتہ ۲؍ دنوں سے زبردست بارش ہورہی ہے۔ ودربھ میں بھی موسلادھار بارش کا  سلسلہ جاری ہے اور مشرقی ودربھ میں تو بارش نے  تباہی مچا رکھی ہے۔ یہاں کئی دریا، ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اور تالاب و ڈیم چھلک گئے ہیں۔ کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی سڑکوں کو ٹریفک کے لئے  بند کر دیا گیا ہے۔ 
 ضلع انتظامیہ نے ممکنہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں سے ہوشیار رہنے اور احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے گوندیا ضلع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارش کے باعث ندی اور نالوں کی سطح آب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور کئی مقامات پر ندیوں کے پل زیر آب ہیں۔ جس کی وجہ سے اب تک گوندیا ضلع کی کل ۲۱ ؍سڑکوں کو آمد ورفت کیلئے   بند کردیا گیا ہے۔ بھنڈارہ ضلع میں بھی گزشتہ ۳۶؍گھنٹوں سے جاری بارش سے ندی اور نالوں میں طغیانی صورتحال ہے اور ضلع کی ۱۳؍ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
سیلاب کے خدشے کے سبب ضلع انتظامیہ نے ندی کنارے آباد  دیہاتیوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے مطلع کیا ہے کہ بھنڈارہ ضلع میں پین گنگا ندی  ۸؍جولائی کو خطرے کا نشان عبور کر گئی ہے۔ ندی کنارے آباد دیہاتوں کو خبردار کیا گیا ہے۔ گڈچرولی ضلع میں  وقفے وقفے سے ہو نے والی  بارش سے کئی علاقوں میں  پانی بھر گیا ہے اور پل زیر آب آجانے کی وجہ سے ضلع کی ۱۰؍ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ گوسی کھرد ڈیم کے ۳۳ ؍ گیٹ کھول دیے گئے ہیں اور ساڑھے تین لاکھ کیوسک سے زائد پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ یہ پانی منگل کی شام تک گڈچرولی ضلع میں پہنچنے کا امکان ہے، جس سے بڑے سیلاب کا خطرہ ہے۔ 
خیال رہے کہ گڈچرولی ضلع کو پیر کو ہی ریڈ الرٹ اور منگل کو اورنج الرٹ دیا گیا ہے۔ پیر کی آدھی رات سے ہی موسلادھار بارش ہو رہی ہے اور پین گنگا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہنے سے ندی کنارے واقع دیہاتوں کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ دیسائی گنج، گڈچرولی، چامورشی تعلقہ میں پین گنگا کے پانی اور اہیری، سرونچا تعلقہ میں پرانیتا ندی کے پانی کی وجہ سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ گوسی کھرد ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں گزشتہ رات سے مسلسل بارش کے باعث ڈیم کے پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ۔ جس کے نتیجے میں  ڈیم کے پانی کی سطح کو کنٹرول کرنے کیلئے  ڈیم انتظامیہ نے منگل کی صبح سے ہی تمام ۳۳؍گیٹ کھول دیے ہیں۔ ان میں سے ۹؍ گیٹ ڈیڑھ میٹر سے کھولے گئے ہیں جبکہ باقی ۲۴ ؍گیٹ ایک میٹر کھولے گئے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے کیچمنٹ ایریا اور ڈیم میں مسلسل بارش سے دوپہر تک پانی کے اخراج میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK