۱۰؍مئی سے گاہکوں کو نقد ادائیگی کرنی ہوگی۔ ودربھ پیٹرولیم ڈیلرز اسوسی ایشن نے کہا کہ سائبر فراڈ اورمبینہ جعلی لین دین کی وجہ سے بینکوں نے کئی پمپ آپریٹرز کے کھاتے منجمد کردئیے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 11:17 AM IST | Ali Imran | Nagpur
۱۰؍مئی سے گاہکوں کو نقد ادائیگی کرنی ہوگی۔ ودربھ پیٹرولیم ڈیلرز اسوسی ایشن نے کہا کہ سائبر فراڈ اورمبینہ جعلی لین دین کی وجہ سے بینکوں نے کئی پمپ آپریٹرز کے کھاتے منجمد کردئیے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
بڑھتے سائبرفراڈ کے سبب ودربھ پٹرولیم ڈیلرز اسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ سنیچر ۱۰؍مئی سے ناگپور ضلع کے تمام پیٹرول پمپوں پر ڈیجیٹل ادائیگی (فون پے، گوگل پے، پے ٹی ایم، ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈ) کی سہولت ختم کردی جائے گی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اسلئے کیا گیاہے کیونکہ سائبر فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے بینک اکاؤنٹس منجمد کئے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ کووڈ وباء کے بعد سے ملک بھر میں ڈیجیٹل لین دین میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم، سائبر کریمنلز اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، اور بینکوں نے پیٹرول پمپ آپریٹرز کے کھاتوں میں کچھ جعلی لین دین کی وجہ سے لاکھوں روپے منجمد کر دئیے ہیں۔ کچھ معاملات تو ایسے ہیں جس میں، پورے بینک اکاؤنٹس کو منجمد کردیا گیا ہے۔
اسوسی ایشن نے یہ قدم کیوں اٹھایا؟
ودربھ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر گورو جیسوال نے کہا کہ ’’اگر یہ مسئلہ جلد حل نہیں ہوتا ہے، تو تنظیم پورے مہاراشٹر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کو روکنے پر غور کر رہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو یہ بھی بتایا کہ’’ وزارت داخلہ کے حکم کے بغیر متعلقہ کھاتوں میں رقم واپس نہیں کی جا سکتی۔ یہ عمل انتہائی پیچیدہ ہے اور سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ میں شکایت درج کرانے کے باوجود ابھی تک کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔ اس کے نتیجے میں ایندھن کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے اور کاروبار ٹھپ ہونے کے دہانے پر ہے۔ ‘‘
پمپ آپریٹرز کے مطابق روزانہ ہزاروں ڈیجیٹل لین دین ہوتے ہیں۔ یہ جاننا پمپ آپریٹرز کی پہنچ سے باہر ہے کہ صارف کس اکاؤنٹ سے رقم بھیج رہا ہے، اور اس کی اکاؤنٹ ہسٹری کیا ہے۔ لہٰذا، ہر لین دین کی تصدیق کرنا ناممکن ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اس سے صارفین کو تکلیف ہوگی۔ تاہم، ہم مجبور ہیں کیونکہ ہمارے اکاؤنٹ میں رقم منجمد کر دی گئی ہے۔ تنظیم کے عہدیدار امیت گپتا، مصطفیٰ حسن جی، نریندر مولے، ابھیجیت بھگت نے متفقہ طور پر کہا ’’ہمارا یہ اٹل فیصلہ جسے واپس نہیں لیا جاسکتا اور ودربھ پیٹرو ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیجیٹل ادائیگیوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن یہ یقینی ہے کہ ان کا اثر صارفین پر پڑے گا۔ ‘‘ یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ ڈیجیٹل انڈیا کیلئے پرعزم حکومت اس فیصلے پرکیا موقف اختیار کرتی ہے۔