• Fri, 16 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ :میونسپل انتخابات کیلئے پرامن پولنگ کا عمل مکمل،آج کے نتائج پر سب کی نظریں

Updated: January 16, 2026, 3:18 PM IST | ZA Khan | Nanded

شہر کے پربھاگ نمبر۱۴؍کے کانگریس امیدوار کے گھر پر حملے کا الزام، پولیس میں شکایت درج،اکا دُکا پولنگ مراکز پر گرما گرمی کا ماحول رہا۔

An elderly man goes to a polling booth to cast his vote in Nanded. Picture: INN
ناندیڑ میں ایک معمر شخص ووٹ دینے کیلئے پولنگ بوتھ پرجاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
ناندیڑ (زیڈ اے خان): ناندیڑ میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے جمعرات کو شہربھر  میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پُرامن انداز میں مکمل ہوگیا۔ صبح۳۰:۷؍ بجے سے ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ ابتدائی اوقات میں شدید ٹھنڈ کے باعث ووٹرز کی تعداد کم رہی، تاہم صبح۱۰؍ بجے کے بعد مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان کی اچھی خاصی بھیڑ دیکھنے میں آئی۔یہاں۸۱؍ سیٹوں کےلئے۴۷۰؍ امیدوار اپنی قسمت آزمار ہے ہیں ۔پُرامن اور شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ۔ شہر بھر کے پولنگ سینٹروں پر ووٹرز کے لیے تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں، تاکہ ووٹنگ کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔دورانِ پولنگ بعض مقامات پر ای وی ایم  میں تکنیکی خرابیوں کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ خاص طور پر پربھاگ نمبر۵؍ میں واقع کامگار منڈل دفتر کے پولنگ سینٹر پر صبح تقریباً۹؍ بجے ۳؍ مشینوں میں سے ایک مشین میں بٹن دبانے پر لائٹ نہ جلنے کی شکایت سامنے آئی، جس کے باعث رائے دہندگان میں تشویش پائی گئی۔ جیسے ہی اس معاملے کی اطلاع متعلقہ افسران کو دی گئی، فوری طور پر ٹیکنیکل ٹیم موقع پر پہنچی اور خراب مشین کو تبدیل کر دیا گیا ۔ اس دوران تقریباً۱۵؍ منٹ تک ووٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔دوسری جانب پربھاگ نمبر۱۱؍ میں دیگلور ناکہ پانی کی ٹانکی کے سرکاری اسپتال میں قائم پولنگ سینٹروں پر ووٹرز کی بڑی تعداد  قطاروں میںدیکھی گئی۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق شام۳۰:۳؍ بجے تک شہر میں مجموعی طور پر۴۲؍  فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔آخری کے دو گھنٹوں میں اگر مزید۱۵؍  فیصد پولنگ ہوتی ہے تو مجموعی طورپر۵۵؍  سے۶۰؍  فیصد کے درمیان پولنگ ہونے کی امیگ ہے ۔ چند ایک مقامات پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنان کے درمیان معمولی جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، تاہم پولیس کی بروقت مداخلت کے بعد صورتحال پر قابو پا لیا گیا اور معاملہ رفع دفع ہو گیا۔ 
 پربھاگ نمبر۱۴؍میں سیاسی حریفائی تشدد میں تبدیل
شہر کے پربھاگ نمبر۱۴؍ سے کانگریس کے امیدوار عزیز قریشی کے مکان پر حملے کاواقعہ سامنے آیا ہے۔ کانگریس امیدوار کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یہ حملہ مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے امیدوار چاند پاشا قریشی کے حامیوں نے کیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق حملے کے دوران دھاردار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی۔عزیز قریشی نے اِتوارا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK