Inquilab Logo

نریندر مودی کا لہجہ تبدیل، بی جے پی کی جیت کے دعوے کے بجائے کانگریس کی کامیابی کے خدشہ کا اظہار

Updated: April 30, 2024, 9:12 AM IST | Agency | Solapur

پیر کو مہاراشٹر میں وزیراعظم نریندر مودی کی ۳؍ ریلیاں ہوئیں جن میں انہوں نے اپنی جیت کے دعوے کے بجائے بار بار کانگریس کی کامیابی کی صورت میں ملک کو ہونے والے نقصانات کے تعلق سے خدشات کا اظہار کیا۔

Narendra Modi with Ajit Pawar during a rally. Photo: INN
نریندر مودی ایک ریلی کے دوران اجیت پوار کے ساتھ۔ تصویر : آئی این این

پیر کو مہاراشٹر میں وزیراعظم نریندر مودی کی ۳؍ ریلیاں ہوئیں جن میں انہوں نے اپنی جیت کے دعوے کے بجائے بار بار کانگریس کی کامیابی کی صورت میں ملک کو ہونے والے نقصانات کے تعلق سے خدشات کا اظہار کیا۔ 
شولاپور میں  اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم نے کہا  بدعنوانی اور دہشت گردی کے تعلق سے داغدار  تاریخ کے پس منظر کے ساتھ، کانگریس اقتدار میں واپس آنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔ وزیر اعظم  نے خبردار کیا کہ اگر اتنے بڑے ملک کا اقتدار ان کے حوالے کیا گیا تو ملک میں دوبارہ بدعنوانی اور دہشت گردی پھیلے گی اور ملک تقسیم ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر اس بات کی وضاحت ضروری سمجھی اگر بی جے پی کو ۴؍ سو سیٹیں مل گئیں تو وہ آئین کو تبدیل کر دے گی۔وزیراعظم نے  یقین دلایا کہ وہ دلتوں، خانہ بدوش ذاتوں اور قبائلیوں کی ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے  دعویٰ کیا کہ گزشتہ ۱۰؍ سال میں دلتوں، آدیواسیوں اور او بی سی کی ترقی کیلئے انہوں نے اس سے کہیں زیادہ  کام کیا ہے جو پچھلی کانگریس حکومت نے ۶۰؍ سال میں کیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم جب بھی کہیں ریلی کرتے تھے تو اس میں بی جے پی کی جیت  اور ۴؍ سو سیٹیں حاصل کرنے کا دعویٰ شامل ہوتا تھا لیکن  حالیہ الیکشن کے ۲؍ مراحل میں انتہائی کم پولنگ نے ان کے لہجے کو تبدیل کر دیا ہے۔ مہاراشٹر کے  پونے، ستارا اور شولاپور ان تینوں مقامات  پر کی گئی تقاریر میں انہوں نے  کانگریس کے جیت جانے پر ملک کو کیانقصانات ہو سکتے ہیں اس پر زیادہ زور دیا ہے۔  اس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ کانگریس کی جیت کے امکانات کو تسلیم کر رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: جموں کشمیر میں شدید بارش اور برف باری ، معمولات متاثر

میں زندہ ہوں تب تک آئین تبدیل نہیں ہوسکتا
 یاد رہے کہ اب تک وزیراعظم مودی پر الزام عائد ہوتا رہا ہے کہ اگر اس بار انہیں مکمل اکثریت حاصل ہو گئی تو وہ ملک کا آئین تبدیل کرکے رکھ دیں اور اقلیتوں نیز پسماندہ طبقات کے حقوق سلب کر لیں گے۔ لیکن  پونے میں انہوں نے یہ الزام کانگریس پر لگاتے ہوئے کہا کہ میں جب تک زندہ ہوں کانگریس کو آئین میں تبدیلی کرنے نہیں دوں گا۔  انہوں نے کہا کہ کانگریس بی جے پی پر جھوٹا الزام لگا رہی ہے کہ دوبارہ اقتدار میں آنے پر آئین کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ مودی نے کہا ’’ میں جب تک زندہ ہوں کانگریس کو آئین میں تبدیلی کرنے نہیں دوں گا۔ وہ مذہب کے نام پر ریزرویشن تقسیم کرکے آئین کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔‘‘  
 وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ کانگریس نے سی اے اے کے تعلق سے ملک کو گمراہ کیا ہے۔ یہ کسی کی شہریت چھیننے کیلئے نہیں بلکہ باہر کےمصیبت زدہ لوگوں کو شہریت دینے کیلئے لایا گیا قانون ہے۔  وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کے بحری بیڑے پر گزشتہ ۷۰؍ سال سے برطانوی راج کا نشان ہی لگا ہوا تھا ہماری حکومت آنے کے بعد ہم نے شیواجی مہاراج کے نشان کو بحری بیڑے پر دوبارہ لگایا۔ انہوں نے کہا گزشتہ ۸۰؍ سال میں بھی کانگریس کی غلامانہ ذہنیت نہیں گئی ہے۔ کانگریس اگر دوبارہ اقتدار میں آ گئی تو ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی اور بدعنوانی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ مودی کی ان تقریروں میں دعوئوں سے زیادہ خدشات کا اظہار تھا ۔ اس سے لگ رہا ہے کہ نہیں کانگریس کی جیت کا خوف بھی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK