• Thu, 09 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوی ممبئی نئی اُڑان کیلئے تیار، ایئر پورٹ کاافتتاح

Updated: October 09, 2025, 9:43 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر اعظم مودی نے۱۹؍ ہزار کروڑ کی لاگت سے تیار ایئر پورٹ کا افتتاح کیا ، عروس البلاد ممبئی اُن چنندہ عالمی شہروں میں شامل جن کے پاس ۲؍ انٹر نیشنل ایئر پورٹ ہیں

Prime Minister Modi, Governor Devendra Fadnavis, Chief Minister Farnborough, Deputy Chief Ministers Ajit Pawar and Eknath Shinde inspect the model of the airport after the inauguration. Union Minister Ram Mohan Naidu can also be seen with him. (PTI)
وزیر اعظم مودی، گورنر دیوورت ،وزیر اعلیٰ فرنویس، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے افتتاح کے بعد ایئر پورٹ کے ماڈل کا معائنہ کرتے ہوئے ۔ساتھ میں مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔(پی ٹی آئی )

وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو نوی ممبئی میں تعمیر کئے گئے نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح کیا۔ ۱۹؍ہزار ۶۵۰؍ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ یہ ہوائی اڈہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی ) اسکیم کے تحت اڈانی گروپ کے ذریعے تعمیرکیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن( ایم ایم آر) میں یہ دوسرا بین الاقوامی ایئر  پورٹ ہے۔ اس طرح سے ممبئی ان چنندہ عالمی شہروں میں سے ایک ہو گیا ہے جہاں ۲؍ بین الاقوامی ایئر پورٹ ہیں۔ وزیر اعظم نے  اس موقع پر  زیر زمین میٹرو۳؍ اور مختلف پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے ممبئی وَن ایپ کا افتتاح بھی کیا ۔ امید ہے کہ  اس ایئر پورٹ سے دسمبر سے کمرشیل پروازیں شروع ہوجائیں گی۔  اس موقع پروزیر اعظم مودی نے کانگریس پر جم کر تنقید بھی  اور اپوزیشن پارٹیوں کو ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے والا قرار دیا۔
  ایئر پورٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم نے کہاکہ آج ممبئی کو دوسرا انٹر نیشنل ایئر پورٹ مل گیا ہے۔اسی کے ساتھ  ایشیا کے سب سے بڑے کنکٹی ویٹی ہب کی صورت میں پوری طرح زیر زمین میٹرو بھی ملی ہے۔ اس سے  یہاں کےشہریوں کا وقت بچے گا اور سفر آسان ہوگا ۔ یہ سبھی ’’وکست‘‘ ہوتے بھارت کی پہچان ہے۔ وزیر اعظم نے  اس ایئر پورٹ کی اہمیت کے تعلق سے کہا کہ نوی ممبئی انٹر نیشنل ایئرپورٹ کنول کے پھول کی شکل کا بنایاگیا ہےیعنی یہ تہذیب اور سمردھی کی نشانی ہے۔ اس ایئر پورٹ سے یہاں کے مہاراشٹر کے کسانوں کی فصلیں  اور ماہی گیروں کی مچھلیاںتیزی سے گلوبل مارکیٹ تک پہنچ سکیں گی ۔ یہاں کے چھوٹے کاروباروں کیلئے لاگت  بھی کم ہو جائے گی کیوں کہ ایئر پورٹ بالکل ان کے پاس آگیا ہے۔  
 وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا  کہ ۲۰۱۴ء  میں جب ملک نے مجھے موقع دیا تو میراخواب تھا کہ ہماا ملک میں اتنی ترقی ہو کہ جس سے ہوائی چپل پہننے والا شخص بھی ہوائی سفر کر سکے۔ مودی نے دعویٰ کیاکہ ۲۰۱۴ء میں ہمارے ملک میں محض۷۴؍ ایئر پورٹ تھے لیکن آج ان کی تعداد ۱۶۰؍ کو پار کر گئی ہے ۔ ملک کے چھوٹے چھوٹے شہروں میں ایئر پورٹ بننے سے شہریوں کو ہوائی سفر میں آسانی ہوتی ہے ۔ ہوائی جہاز کا سفر سستا  ہو سکے اس کیلئے ہم نے ’اڑان ‘اسکیم شروع کی ہے۔ اس اسکیم کےتحت لاکھوں لوگوں نے پہلی مرتبہ ہوائی سفر کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس موقع پر مَیں  ڈی وائی پاٹل جی کو بھی یاد کر رہا ہوں ۔ انہوںنے سماج اور کسانوں کیلئے جس جذبے کے ساتھ کام کیا وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آج پورا دیش وکست بھارت بن رہا ہے اور یہ ایئر پورٹ اس کی واضح مثال ہے۔  
   وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ نوی ممبئی ایئر پورٹ کے افتتاح کے ساتھ ہی  بھارت دنیا کا تیسرا بڑا ’ڈومیسٹک ایوی ایشن مارکیٹ ‘بھی بن گیا  ہے۔ دنیا  کے لوگوں کو تعجب ہوتا ہے جب انہیں یہ پتہ چلتا ہےکہ طیارے بنانے والی کمپنیوں کے پاس ہندوستان سے ایک ہزار کروڑ  روپے کا آرڈر دیا گیا ہے۔ اس سے پائلٹوں، کیبن کریو ، انجینئرس اور گراؤنڈ ورکرس کیلئے نئے مواقع دستیاب ہوں گے۔ جب جہاز بڑھتے ہیں تو  ان کی دیکھ ریکھ کا کام بھی بڑھتا ہے، ا س کیلئے ہم بھارت میں نئی سہولتیں بھی مہیا کر وا  رہے ہیں ۔  ہماری کوشش ہے کہ اس دہائی کے آخر تک بھارت ایک بڑا ’ایم آر او ‘ ہب بن جائے ۔ اس سے نوجوانوں کو ملازمت کے نئے مواقع ملیں گے۔ اس دوران وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک میں تیار اشیا کا ہی استعمال کریں ۔ ہر گھر، بازار اور ہر شہری  اگر گھریلو اشیاء کو اہمیت دے گااور کپڑے، جوتے  اور دیگر اشیا بھی گھریلو ہی خریدے گا تو ملک کا پیسہ ملک میں ہی لگے گا ۔ایئر پورٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ فرنویس، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے    ، دیگر کابینی وزراء مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی، صنعتکار گوتم اڈانی اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK