امریکی کانگریس میں بجٹ تعطل کے باعث یکم اکتوبر کو امریکی حکومت شٹ ڈاؤن میں چلی گئی۔ جاری شٹ ڈاؤن اب تک کا چوتھا طویل ترین بند ہے۔
EPAPER
Updated: October 09, 2025, 5:19 PM IST | Mumbai
امریکی کانگریس میں بجٹ تعطل کے باعث یکم اکتوبر کو امریکی حکومت شٹ ڈاؤن میں چلی گئی۔ جاری شٹ ڈاؤن اب تک کا چوتھا طویل ترین بند ہے۔
مرکزی کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے بدھ کو گلوبل فنٹیک فیسٹ۲۰۲۵ء میں کہا کہ حکومت امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن سے تجارتی مذاکرات پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے میں آگے کے راستے کی وضاحت متوقع ہے۔ امریکی کانگریس میں بجٹ تعطل کے باعث یکم اکتوبر کو امریکی حکومت شٹ ڈاؤن میں چلی گئی۔ جاری شٹ ڈاؤن اب تک کا چوتھا طویل ترین بند ہے۔پچھلے مہینے، گوئل نے نیویارک کا دورہ کیا، جہاں ہندوستان اور امریکہ نے تجارتی معاہدے کی ’ممکنہ شکل‘ پر تبادلہ خیال کیا۔
گوئل کی قیادت میں ایک وفد نے۲۲؍ سے۲۴؍ ستمبر تک امریکہ کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران، انہوں نے امریکہ کے کامرس سکریٹری جیمیسن گریر اور ہندوستان میں امریکہ کے نامزد سفیر سرجیو گور سے ملاقات کی۔ گوئل کے ساتھ کامرس ڈپارٹمنٹ کے سینئر افسران بھی تھے جن میں اسپیشل سکریٹری اور چیف مذاکرات کار راجیش اگروال بھی شامل تھے۔قبل ازیں، دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اس وقت تعطل کا شکار ہوگئی جب ہندوستان نے امریکہ کو اپنی سیاسی طور پر حساس زراعت اور ڈیری کے شعبوں تک غیر محدود رسائی دینے سے انکار کردیا۔
ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے پر ہندوستان پر ۲۵؍ فیصد ڈیوٹی اور۲۵؍ فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کر دی جس سے دو طرفہ تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے۔گلوبل فنٹیک فیسٹ میں الگ سے بات چیت کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ ہندوستانی حکومت بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کھپت سے چلنے والی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، گھریلو معیشت کو فروغ دینے کے لیے بڑے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت بین الاقوامی تجارت کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عزم اس قدر مضبوط ہے کہ تمام عالمی ہنگاموں کے باوجود سال کے پہلے ۶؍ مہینوں میں اشیا اور خدمات دونوں کی ہندوستان کی برآمدات مثبت مقام پر رہی۔
گوئل نے مزید کہاکہ ’’یہ ہندوستان کی لچک ہے۔ یہ نوجوان ہندوستان کی طاقت ہے۔ یہ ہندوستان کے ٹیلنٹ کی طاقت ہے۔‘‘انہوں نے کہاکہ ہندوستان ایک نازک موڑ پر ہے، مضبوط میکرو اکنامک بنیادی اصولوں کے ساتھ، دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دے رہا ہے اور اعلیٰ معیار اور کم ٹیکسوں کے ذریعے صارفین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔گوئل نے کہا کہ ہندوستان فنٹیک دنیا کا کلیدی معمار بن گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی جامع ترقی کا محرک بن گئی ہے۔ آج ہر شہری ڈجیٹل ٹولز سے بااختیار ہے۔ گوئل نے نشاندہی کی کہ ہندوستان کا ریئل ٹائم پیمنٹ پلیٹ فارم، یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا میں اہمیت حاصل کر رہا ہے۔ گوئل نے کہاکہ پرسوں پہلے، میں نے دوحہ اور قطر میں یو پی آئی لانچ کیا۔ فی الحال ۹؍ ممالک یو پی آئی کا استعمال کر رہے ہیں۔