Inquilab Logo

گڈچرولی میں پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث نکسل حامی گرفتار

Updated: March 23, 2024, 11:39 AM IST | Ali Imran | Gadchiroli

کئی معاملات میں مطلوب ملزم نکسلیوں کی ایما پر میٹنگیں کیا کرتا تھا اور ان کے پمفلٹ وغیرہ تقسیم کیا کرتا تھا۔

Accused Pika Madi in Pongati police custody. Photo: INN
ملزم پیکا ماڈی پونگاٹی پولیس کی حراست میں۔ تصویر : آئی این این

نکسل زدہ ضلع گڈ چرولی کے بھامرہ گڑھ علاقے میں ناکہ بندی کے دوران ایک نکسل حامی کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر پولیس کانسٹیبل کے اغوا، قتل اور آتش زنی وغیرہ کا الزام ہے۔ اس کا نام پیکا ماڈی پونگاٹی ہے۔ اس پر ڈیڑھ لاکھ روپے کا انعام بھی تھا۔ 
 اطلاع کے مطابق پو لیس فورس نے ۲۱؍ مارچ کو بھامرا گڑھ علاقے میں نکسلائٹ ٹی سی او سی مدت میں اور آئندہ لوک سبھا عام انتخابات کے سلسلے میں ناکہ بندی شروع کررکھی تھی۔ جب کیو آر ٹی، سی آر پی ایف اہلکار اور بھامرا گڑھ پولیس ڈیوٹی پر تھے، ناکہ بندی کی جگہ پر ایک شخص مشکوک نظر آیا۔ جب اسے حراست میں لے کر مزید پوچھ تاچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ ایک مطلوبہ نکسل حامی پیکا پونگاٹی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ناسک میں گئودان ایکسپریس کے ڈبے میں آگ، بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا

تصدیق کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ واضح رہے کہ ۱۹؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو نکسلیوں نے ہددور گاؤں میں گوٹول کے قریب ۳؍ ٹریکٹروں اور ایک جے سی بی کو آگ لگا دی تھی اور مزدوروں کو مارا پیٹا تھا۔ پیکا پونگاٹی بھی اس واردات میں شریک تھا۔ ۲۰۱۶ءمیں وہ بھامرا گڑھ میں ایک پولیس کانسٹیبل کے اغوا اور قتل کے معاملے میں بھی براہ راست ملوث تھا۔ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ وہ ماؤوادیوں کو راشن اناج فراہم کرنے، گاؤں کے لوگوں کو زبردستی میٹنگ کیلئے اکٹھا کرنے اور مہم کے دوران بینر اور کتابچے تقسیم کرنے کا کام کیا کرتا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نیلوتپل، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ (مہم) یتیش دیشمکھ، اہیری کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ ایم رمیش کی رہنمائی میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ امر موہتے اور ان کے ساتھیوں نے یہ کارروائی انجام دی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK