Inquilab Logo Happiest Places to Work

تمام ترتنقیدوں اور پریشانیوں کے درمیان آج نیٹ کا دوبارہ امتحان

Updated: June 20, 2026, 10:58 PM IST | New Delhi

۲۲؍ لاکھ سے زائد طلبہ ’’ری اگزام‘‘ کیلئے تیار، حکومت اور انتظامیہ کا اپنی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرلینے کا دعویٰ ،کئی شہروں میں تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ایجنسیوں نے مل کر ماک ڈرل کیا

Metal detectors are being installed at an examination center in Chak Mangalore. (PTI)
چک منگلور کے ایک امتحانی مرکز پر میٹل ڈٹیکٹر نصب کیا جارہا ہے۔(پی ٹی آئی )

تمام تر تنقیدوں، حیرانیوں اور پریشانیوں کے درمیان آج نیٹ یوجی کا امتحان دوبارہ منعقدہو گا۔اس امتحان میں ۲۲؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار طلبہ شریک ہونگے۔دوبارہ امتحان کے انعقاد سے قبل ملک بھر میں سیکوریٹی  اور انتظامی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ۲۱؍ جون کو ہونے والے اس اہم امتحان کے پیش نظرمختلف ریاستی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے غیرمعمولی انتظامات  کئےہیں۔ واضح رہے کہ یہ امتحان دوپہر ۲؍ بجے سے شام ۵؍ بجکر ۱۵؍ منٹ تک قلم اور کاغذ کے ذریعے منعقد ہوگا۔ امتحانی مراکز ملک کے۵۵۱؍ شہروں اور بیرونِ ملک کے ۱۴؍شہروں میں قائم  کئےگئے ہیں۔ این ٹی اے نے امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ صبح ۱۱؍ بجے سے دوپہرڈیڑھ بجے کے درمیان امتحانی مراکز پہنچ جائیں کیونکہ داخلے کے دروازے دوپہر ڈیڑھ بجے بند کردئیے جائیں گے۔  
تمام مراکز کا معائنہ مکمل 
  این ٹی اے کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق تمام  امتحانی مراکز کا معائنہ مکمل ہو چکا ہے۔ کچھ جگہوں پر دو سطحی جبکہ باقی تمام مراکز پر ۳؍ سطحی  حفاظتی نظام نافذ کیا گیا ہے۔امتحانی مراکز کے باہر مقامی پولیس تعینات ہوگی جبکہ اندر این ٹی اے اور متعلقہ ایجنسیوں کا عملہ امیدواروں کی جانچ پڑتال کرے گا۔ طلبہ کو اسکیننگ کے بعد ہی اگزام سینٹر میںداخلے کی اجازت دی جائے گی۔ تمام مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے اور سگنل جامر نصب کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی طرح کی بے ضابطگی یا نقل کے امکانات کو ختم کیا جا سکے۔
انتظامیہ کی تیاری 
  امتحان کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر مرکز پر’’ اسٹیٹک‘‘ اور سیکٹر افسران تعینات کئے گئے ہیں جو پورے امتحانی عمل کی  علاحدہ سے نگرانی کریں گے۔سوالیہ پرچوں کے مراکز تک پہنچنے سے لے کر امتحان ختم ہونے کے بعد ان کی واپسی تک مکمل حفاظتی نگرانی برقرار رکھی جائے گی۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ نیم فوجی دستوں کی تعیناتی امتحان کے تقریباً ہر مرکز پر ہے جبکہ سوالیہ پرچوں کی نقل و حمل اور ان کی  حفاظت کیلئے ایئر فورس تک کی مدد لی گئی ہے۔
طلبہ کی سہولت کے اقدامات  
  این ٹی اے اور حکومت نے طلبہ کی سہولت کے لئے ریلوے اور روڈویز حکام کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کئے اور خصوصی بسیں اور ٹرینیں چلانے تک کا انتظام کیاہے۔ حکومت کی جانب سے طلبہ کے  لئے کرایوں میں جو رعایت دی گئی ہے، اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ شہروں کے اندر نقل و حمل کے مسائل سے بچنے کے لئے اے آر ٹی او کی خصوصی ٹیم بھی تعینات کی گئی ہے۔شدید گرمی کے پیش نظر امتحانی مراکز کے اطراف طبی عملہ، ایمبولینس اور ہنگامی طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

NEET Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK