Updated: June 19, 2026, 11:18 PM IST
| Mumbai
آج ماک ڈرل ،ملک گیر سیکوریٹی مشق،۲ء۵؍ لاکھ اہلکار شامل ہوں گے،کل امتحانی مراکز پر ۳؍ سطحی سیکوریٹی نافذ ہو گی ،ریلوے نے
میگا بلاک نہ کرنے کا اعلان کیا ، طلبہ کی مدد کیلئے اپنے اہلکار بھی تعینات کریگی ، مرکزی داخلہ سیکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس،انتظامات کا جائزہ لیا
نیٹ کے ری اگزام کیلئےاس مرتبہ کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی ہے
نیٹ یوجی امتحان کا پیپر لیک ہونے کے بعد ہونے والے تنازع اور پھرطلبہ کو ہونے والی شدید دشواریوں کے پیش نظر مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومتوں نے بھی یہ امتحان دوبارہ کروانے کیلئے کمر کس لی ہے۔ ساتھ ہی مرکزی حکومت کی تمام اہم ایجنسیوں نے بھی اس امتحان کے انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ اسی کے تحت تمام امتحانی مراکز ۳؍ دن قبل ہی این ٹی اے کی نگرانی میں دے دئیے گئے ہیں۔ غرض نیٹ کا پیپر منعقد کروانے کیلئے جنگی پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔
سیکوریٹی موک ڈرل
قومی جانچ ایجنسی (این ٹی اے) نیٹ یو جی کے دوبارہ امتحان کے پُرامن، شفاف اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے آج یعنی سنیچر کو ملک گیر سطح پر ایک وسیع سیکوریٹی موک ڈرل کرے گی۔ حکا م کے مطابق یہ مشق صبح ۹؍بجے شروع ہوگی اور رات دیر تک جاری رہے گی۔ اس دوران ملک بھر میں ڈھائی لاکھ سے زائد سیکوریٹی اہلکار حصہ لیں گے۔ تمام امتحانی مراکز پہلے ہی نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کے حوالے کئے جا چکے ہیں
۳؍ سطحوں کی سیکوریٹی
امتحان کے دن امتحانی مراکز پر تین سطحی سکیوریٹی نظام نافذ رہے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا بدعنوانی کو روکا جا سکے۔اطلاعات کے مطابق سوالیہ پرچوں اور جوابی کتابچوں کی حفاظت اور نقل و حمل کی ذمہ داری نیم فوجی دستوں کے سپرد ہوگی۔ ملک بھر کے پانچ ہزار سے زائد امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی نگرانی کے ساتھ ساتھ نیم فوجی دستوں کے اہلکار بھی تعینات رہیں گے۔ اس موک ڈرل کا مقصد مختلف ایجنسیوں کے درمیان رابطے، تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینا ہے تاکہ ۲۱؍ جون کو ہونے والے امتحان میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
نیشنل میڈیکل کمیشن بھی میدان میں
دریں اثناء نیشنل میڈیکل کمیشن نے ملک بھر کے تمام میڈیکل کالجوں اور اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ۲۰؍ اور ۲۱؍ جون کو غیر معمولی حالات کے علاوہ اپنے طلبہ کو چھٹی نہ دیں اور مکمل چوکسی برقرار رکھیں ۔ یہ ہدایت ڈمی امیدوار وں کے امتحان میں بیٹھنے کی شکایتوں کے پس منظر میں جاری کی گئی ہے۔
مرکزی داخلہ سیکریٹری کی میٹنگ
مرکزی داخلہ سیکریٹری گووند موہن نے نیٹ یو جی امتحان سے قبل سیکوریٹی اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریاستی حکومتوں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیاجس میں طلبہ کی سہولت، سیکوریٹی انتظامات اور امتحانی عمل کی شفافیت کو خصوصی اہمیت دی گئی۔میٹنگ کے دوران مرکزی داخلہ سکریٹری نے تمام ریاستی حکومتوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ امتحان کیلئے طے شدہ تمام حفاظتی پروٹوکولز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا گیا کہ وہ امتحان میں شریک ہونے والے طلبہ کے سفر اور آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں تاکہ کسی امیدوار کو امتحانی مرکز تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔