Inquilab Logo

خسرہ کا ٹیکہ لینے میں غفلت نقصان کا باعث ہے

Updated: November 21, 2022, 11:41 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Govandi

اس مرض سے متعلق بیداری اوروالدین کی ذہن سازی کیلئے گوونڈی کے اسکول میں منعقدہ میٹنگ میں رضااکیڈمی کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جواحتیاطی تدابیراپنائی جارہی ہیں اور جو مشورے دیئے جارہے ہیں ، ان پرضرورعمل کریں ۔ میٹنگ میں فوت ہونے والے ۳؍بچوں کے والد بھی شریک ہوئے

 A view of Reza Academy meeting at Evergreen School in Shivaji Nagar for Measles awareness. .Picture:INN
خسرہ سے متعلق بیداری کیلئےشیواجی نگر کے ایورگرین اسکول میں رضااکیڈمی کی میٹنگ کا منظر۔ ۔ تصویر:آئی این این

خسرہ اورروبیلا کا مرض شدت اختیار کرتا جارہا  ہے ۔اس لئے مرکزی اورریاستی حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیراپنانے کے ساتھ اس مرض پرقابو پانے کیلئے کوشش جاری ہے اورڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔خسرہ کا ٹیکہ لگوانے میںغفلت نقصان کا باعث ہے ۔ گوونڈی کے ایورگرین اسکول میںاتوار کو رضا اکیڈمی کی جانب سےاس مرض سے متعلق بیداری اور والدین کی ذہن سازی کے لئے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔حیرت کی بات تھی کہ اس اہم موضوع پرمنعقد ہونے والی میٹنگ میںشرکاء کی تعداد کافی کم رہی، البتہ فوت ہونےوالے کچھ بچوں کے والدین بھی آئے اورانہوںنے اپنی رودادِغم بیان کی۔ اس موقع پر رضااکیڈمی کے جنرل سیکریٹری محمد سعید نوری نے کہا  کہ ’’ خسرہ کا ٹیکہ لگانے میںغفلت یا تساہل نقصان کاباعث ہے اس لئے بچوں کی صحت کی خاطر ٹیکہ لگوائیںاورحکومت کی جانب سے جو احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں اور جو مشورے دیئے جارہے ہیں،ان پر ضرور عمل کریں۔‘‘ انہوں  نے یہ بھی کہا کہ ’’خسرہ اور روبیلا جان لیوا  بیماریوں سے بچنے اوراپنے بچوں کی حفاظت کی خاطر ہمیں مشترکہ طور پر جدو جہد کرنے کی ضرورت ہے، ورنہ حالات اورخراب ہوسکتے ہیں ۔  اسلام میں بھی یہی تعلیم دی گئی ہے کہ بیماری پھیلنے سے پہلے ہی اس کی روک تھام کی جائے ۔ ‘‘  محمدسعید نوری نے رفیع نگر قبرستان کے قریب رہنے والے عبدالرحیم خان سے بھی بات چیت کی ۔ عبدالرحیم خان کے تین بیٹے حسنین (۵)، نورین (۳)اور فیضل علی(۱۴؍ماہ )اس مرض  سے فوت ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سعید نوری نے فوت ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کو ۵، ۵؍ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا۔
’’جمعہ کے خطاب میں متوجہ کریں‘‘
 قاری محمد سلیمان خان( ناظم دارالعلوم گلشنِ مدینہ) نے عوام الناس میںبیداری لانے کیلئے جمعہ کے خطاب میں اس پر روشنی ڈالنے کی تجویز پیش کی اوریہ بھی کہا کہ خصوصاً  صاف صفائی پرزور دیں۔ ‘‘ مولانا محمد عالم مصباحی (امام مسجد عائشہ)نے کہا کہ’’ خسرہ اور روبیلا کا خطرہ بڑھ رہا ہے اورکئی اموات ہوئی ہیں ،اس کے باوجود اس کےخاتمے کی اس انداز میںحکومت کی جانب سے کوشش نہیں ہورہی ہےجس طرح ہونی چاہئے۔‘‘  قاری محمد توفیق اعظمی مصباحی (دارالعلوم اشرفیہ)کی رائے مختلف تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ حکومت اس مہلک بیماری کے تئیںسنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بھی تعاون کریں اوراحتیاط برتیں۔اگر محکمۂ صحت کا عملہ آپ کے گھر پہنچے توان کا تعاون کریں اور بچوں کوٹیکہ لگوائیں۔ ‘‘ دوران ِ میٹنگ مولانا مفتی محمد عثمان اشرف اشرفی،  قاری عبدالرحمٰن ضیائی ، حافظ جنید رشیدی اور دیگر علماء وائمہ نے بھی اس مسئلے پر حاضرین کو متوجہ کیا اوراس بات پر زور  دیا کہ کسی صورت غفلت نہ ہونے پائے۔ 

govandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK