Updated: July 21, 2025, 10:57 PM IST
| Mumbai
یہاں مشرقی جانب ماتوشری نگر میں واقع ریپیڈ ریسیڈینسی کے فیز ایک اور دو میں گزشتہ ۳؍ دنوں سے پانی کی شدید قلت سے سخت پریشان مکینوں نے پیر کو دوپہر زبردست مورچہ نکالاجس میں خواتین بھی شامل تھیں اور مظاہرین خالی ہنڈا کلسی لے کر گرام پنچایت کے دفتر پہنچ گئے تھے
پانی نہ ملنے کی وجہ سے مکین گرام پنچایت کے دفتر پر احتجاج کرتے ہوئے
یہاں مشرقی جانب ماتوشری نگر میں واقع ریپیڈ ریسیڈینسی کے فیز ایک اور دو میں گزشتہ ۳؍ دنوں سے پانی کی شدید قلت سے سخت پریشان مکینوں نے پیر کو دوپہر زبردست مورچہ نکالاجس میں خواتین بھی شامل تھیں اور مظاہرین خالی ہنڈا کلسی لے کر گرام پنچایت کے دفتر پہنچ گئے تھے۔ دوپہر تقریباً ۱۲؍ بجے نکالے گئے اس مورچے میں شامل افراد نے انتظامیہ سے پانی کا مسئلہ حل کرنے کا پر زور مطالبہ کیا، خاتون مظاہرین ہنڈا کلسی لے کر آئی تھیں۔ ایک خاتون نے کہا کہ ’’اطراف کی عمارتوں میں پانی برابر آرہا ہے لیکن صرف ریپیڈ ریسیڈینسی میں پانی کی شدید قلت ہے۔ اگر مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ہم دن بھر یہاں دھرنا دیں گے۔‘‘
مجاہد کھوت نے کہا کہ شکایت کے بعد افسر جب چیکنگ کیلئے آتا ہے تو دوچار دنوں تک پانی برابر اور اچھے دبائو سے آتا ہے بعد میں پھر وہی حالت ہوجاتی ہے۔ تقریباً اسی طرح کی شکایت توصیف پٹیل، ایوب انعامدار اور عارف شیخ نے بھی کی جو اس مورچہ میں شامل تھے۔
گرام پنچایت کے دفتر میں موجود انتظامی افسر سجیت ریکھا مدھوکر دھنگر نے مظاہرین کی باتیں غور سے سننے کے بعد بتایا کہ ’’نیرل کی آبادی اچانک کافی بڑھ گئی ہے، ممبئی سے بڑی تعداد میں لوگ یہاںمنتقل ہوئے ہیں اس لئے ہمیں انتظامات کرنے میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بجلی بار بار منقطع ہونے کی وجہ سے بھی ہمیں کام کرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہم اپنی جانب سے کوششیں کررہے ہیں۔‘‘
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آج (پیر) سے ہی مظاہرین کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کام شروع کردیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’میری کوشش ہے کہ سب کو دو وقت پانی دستیاب ہو۔‘‘ انہوں نے مظاہرین کے سامنے اپنے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فوراً ریپیڈ ریسیڈینسی جائیں اور معلوم کریں کہ پانی کیوں نہیں پہنچ رہا ہے اور اس کو حل کریں۔ اس ہدایت کے بعد شام سوا چھ بجے کے قریب خود انتظامی افسر سجیت دھنگر نے ریپیڈ ریسیڈینسی فیز ایک اور دو کا دورہ کرکے تمام عمارتوں کی ٹنکیوں اور ان میں پانی سپلائی کا معائنہ کیا اور ساتھ ہی پانی بچت اور ذخیرہ کرنے سے متعلق مشورے بھی دیئے۔