Updated: September 13, 2025, 8:36 PM IST
| New Delhi
اب تک ملک میں اسکریپنگ پالیسی کی پیش رفت معمولی رہی ہے۔ اگست۲۰۲۵ء تک صرف۳؍ لاکھ گاڑیاں اسکریپ کی گئی ہیں جن میں سے۴۱ء۱؍ لاکھ سرکاری گاڑیاں تھیں۔ ہر ماہ اوسطاً۱۶۸۳۰؍ گاڑیاں اسکریپ ہو رہی ہیں۔ نجی شعبے نے اس ماحولیاتی نظام کی تعمیر میں۲۷۰۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔
نتن گڈکری۔ تصویر:آئی این این
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آٹوموبائل انڈسٹری کو ایک بڑا پیغام دیا - اگر ملک میں تمام۹۷؍ لاکھ بیکار اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو ختم کردیا جائے تو ہندوستان کو جی ایس ٹی کی شکل میں ۴۰؍ہزار کروڑ روپے کا فائدہ مل سکتا ہے۔اے سی ایم اے کے سالانہ اجلاس۲۰۲۵ء سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ بڑے پیمانے پر صفائی مہم سے نہ صرف حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ ۷۰؍ لاکھ ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی اور ۵؍برسوں کے اندر دنیا کی نمبر ایک آٹوموبائل انڈسٹری بننے کے لیے ہندوستان کی بولی کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیئے:ہندوستان اور پاکستان میچ کے اشتہارات کی شرح میں ۲۰؍فیصد کمی
اب تک ا سکریپنگ پالیسی کی پیش رفت معمولی رہی ہے۔ اگست۲۰۲۵ء تک صرف۳؍ لاکھ گاڑیاں اسکریپ کی گئی ہیں، جن میں سے۴۱ء۱؍ لاکھ سرکاری گاڑیاں تھیں۔ ہر ماہ اوسطاً۱۶۸۳۰؍ گاڑیاں اسکریپ ہو رہی ہیں۔ نجی شعبے نے اس ماحولیاتی نظام کی تعمیر میں۲۷۰۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ہندوستان کی گاڑیوں کی اسکریپنگ پالیسی، جسے رضاکارانہ گاڑیوں کے جدید کاری پروگرام کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، پرانی، غیر محفوظ اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو ماحول دوست طریقے سے ختم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق گڈکری نے آٹوموبائل مینوفیکچررز پر زور دیا کہ وہ نئی گاڑی خریدنے کے دوران اسکریپج سرٹیفکیٹ تیار کرنے والے صارفین کو کم از کم۵؍ فیصد رعایت کی پیشکش کرکے اسکریپنگ کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خیراتی کام نہیں ہے کیونکہ اس سے مانگ بڑھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکریپنگ اور تبدیل کرنے کا چکر صنعت کی ڈیمانڈ پائپ لائن کو مضبوط رکھ سکتا ہے۔