Inquilab Logo

نئی دہلی نے جموں وکشمیر کو اپنی غلط اور غیر سنجیدہ پالیسی سے جہنم بنا ڈالا : ڈاکٹر فاروق عبداللہ

Updated: December 14, 2023, 9:58 AM IST | New Delhi

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو کشمیریوں کے جذبات کا کوئی خیال نہیں

Former Chief Minister Dr. Farooq Abdullah
سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ نئی دہلی نے جموں وکشمیر کو اپنی غلط اور غیر سنجیدہ پالیسی سے جہنم بنا ڈالا ہے اور حکومت کو اس تاریخی ریاست کے عوام کے احساسات اور جذبات کا کوئی خیال نہیں ہے۔ پارلیمنٹ کے احاطے میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے یہ باتیں کہیں۔دفعہ ۳۷۰؍ کی منسوخی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جموں و کشمیر کیلئے کچھ نہیں چھوڑا گیا ہے، آپ (مرکزی حکومت)واقعی اسے جہنم میں لے جا رہے ہیں، ’جنت‘ کیلئے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔‘‘
 انہوں نے کہاکہ ’’مجھے بتائیں کہ ’جنت‘ کیلئے کیا کیا جا رہا ہے؟ ہر جگہ الیکشن ہو رہے ہیں، ہمارا کیا قصور ہے کہ یہاں نہیں ہو رہا؟ اور کون سی ریاست؟ اسے یونین ٹیریٹری میں تبدیل کر دیا گیا؟ کیا آپ نے اسے جہنم نہیں بنا دیا؟ آپ کہتے ہیں کہ شدت پسندی کو ختم کر دیا گیا ہے، لیکن کیا ایسا ہے؟ آپ ہمارا دل نہیں جیت رہے ہیں۔‘‘ وزیر اعظم مودی کے ساتھ اپنی پچھلی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ مرکز کو کشمیریوں کا دل جیتنے کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ مرکز اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے درمیان اعتماد پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے صاف کہہ دیا کہ آپ کو ہم پر بھروسہ نہیں ہے اور ہمیں آپ پر بھروسہ نہیں ہے۔ تو ہم یہ اعتماد کیسے قائم کریں گے؟ ‘‘
 فاروق عبداللہ کے مطابق ’’وزیر اعظم کا کہنا ہےکہ دل کی دوری اور دلی کی دوری کو مٹانا ہے لیکن اس میں فاصلہ ہے ،کیا اسے آج تک کم کیا گیا؟یہ ہمارا قصور نہیں ہے، ہم کھڑے ہیں اور اس ملک کے ساتھ کھڑے ہیں ،ہم کسی دوسرے ملک کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے لیکن کم از کم جموں وکشمیر کے عوام کی عزت تو کرو، کشمیری عوام کا دل جیتنے کی کوشش کرو۔اگر انہیں (مرکزکو) کشمیر کو جہنم سے جنت بنانا ہے، تو انہیں یہاںکے لوگوں کے جذبات واحساسات کو سمجھنا ہوگا۔‘‘
  وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سےدفعہ ۳۷۰؍کے اطلاق کیلئے جواہر لعل نہرو کو ذمہ دار قرار دینے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جب جموں وکشمیر کو خصوصی درجہ دینے کی دفعہ کا اطلاق عمل میں لایا گیا اُس وقت جواہر لعل نہرو امریکہ میں تھے اور مرکزی وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل اور بھگوا نظریہ رکھنے والے اور بھارتیہ جن سنگھ کے بانی سیاما پرساد مکھرجی سابقہ ریاست کو خصوصی آئینی مراعات دینے  کے عمل میں شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK