Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملک میں آن لائن گیمنگ کے نئے اصول یکم مئی سے نافذ ہوں گے

Updated: April 27, 2026, 11:25 AM IST | New Delhi

بہت سے گیمز کیلئےراحت دی گئی ہے جبکہ کئی گیمز کیلئے اصول سخت کئے گئے ہیں، متعدد گیمز کیلئے رجسٹریشن کو ’اختیاری‘ رکھا گیا ہے۔

The government wants to promote e-sports gaming. Photo: INN
حکومت ای اسپورٹس گیمنگ کوفروغ دینا چاہتی ہے۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان میں ’آن لائن گیمنگ‘ کی دنیا اب پوری طرح بدلنے والی ہے۔ حکومت نے ’آن لائن گیمنگ (ترغیب اور ضابطہ) ایکٹ۲۰۲۵ء‘ کے تحت نئے قوانین کو منظوری دے دی ہے۔ یہ قوانین یکم مئی سے نافذ ہو جائیں گے۔ اس قدم کے بعد اب گیمنگ کمپنیوں اور کھلاڑیوں کیلئے ایک مضبوط نظام تیار ہو گیا ہے، جو اس انڈسٹری کو نئی سمت دے گا۔ بہت سے گیمز کیلئےراحت دی گئی ہے جبکہ کئی گیمز کیلئے اصول سخت کئے گئے ہیں۔ نئے قوانین کی سب سے بڑی اور راحت والی بات یہ ہے کہ سوشل گیمز کیلئے رجسٹریشن کو ’رضاکارانہ‘ رکھا گیا ہے۔ یعنی ایسے گیمز بغیر کسی پیشگی رجسٹریشن کےشروع ہو سکتے ہیں۔ تاہم، حکومت نے ایک حفاظتی جانچ کا انتظام بھی رکھا ہے۔ آن لائن گیمنگ اتھاریٹی آف انڈیا (او جی اے آئی) کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی گیم کی خود جانچ کر سکے۔ اگر حکومت کو لگتا ہے کہ کسی گیم سے لت پیدا ہو رہی ہے، اس میں بہت زیادہ پیسہ شامل ہے یا اس کا ملک سے کوئی مشتبہ تعلق ہے، تو وہ اس گیم کیلئے رجسٹریشن لازمی قرار دے سکتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم مئی سے او جی اے آئی مکمل طور پر کام شروع کر دے گی۔ اس میں کل۶؍ اراکین ہوں گے جس کی قیادت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری کے ہاتھ میں ہوگی۔ خاص بات یہ ہے کہ وزارت داخلہ کو بھی اس میں کل وقتی رکن کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مالیات، اطلاعات و نشریات، کھیل اور قانون کی وزارتوں کے جوائنٹ سکریٹریز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ ساتھ ہی اب گیمنگ سرٹیفکیٹ کی مدت۵؍ سال سے بڑھا کر۱۰؍ سال کر دی گئی ہے جس سے کمپنیوں کو بار بار کاغذی کارروائی نہیں کرنی پڑے گی۔ آئی ٹی سکریٹری ایس کرشنن نے کہا کہ زیادہ تر آن لائن گیمز کو رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اصلی پیسے والے گیمز پر پہلے ہی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کرشنن نے کہا کہ نگرانی صرف خاص حالات میں نافذ کی جائے گی۔ تاہم اسپورٹس گیمز کو اصل قانون کے مطابق رجسٹریشن کی ضرورت ہوگی۔ نئے قوانین آن لائن رئیل منی گیمنگ پر پابندی لگاتے ہیں جبکہ اس کا مقصد ہندوستان میں ای اسپورٹس اور آن لائن گیمنگ کو فروغ دینا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK