Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھوڑ بندر روڈ پر نئے ٹنل کا منصوبہ، ۵؍ کمپنیوں نے دلچسپی دکھائی

Updated: January 07, 2025, 11:50 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

امسال کے وسط تک کام شروع ہونے کی امید، اخراجات کا تخمینہ ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے ہے، نئے ٹنل پروجیکٹ کے کام میں تیزی۔

There is a plan to construct a tunnel from Gaymukh to Fountain Hotel. Photo: INN
گائےمکھ سے فاؤنٹین ہوٹل تک سرنگ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ( ایم ایم آر) میں رابطے بڑھانےاور راستوں کو جوڑنے کیلئے ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) گھوڑبندر روڈ پر ایک نئی سرنگ بنانے کے منصوبے پر کام کررہا ہے ۔گائےمکھ سے فاؤنٹین ہوٹل تک سرنگ کی تعمیر کے منصوبے میں ۵؍ کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پچھلے سال گھوڑبندر روڈ  پرگاڑیوں کی نقل و حرکت کو تیز رفتار اورمحفوظ بنانےکیلئے۵ء۵؍ کلومیٹر طویل نئی سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کیا گیا تھا۔ گائےمکھ اور فاؤنٹین ہوٹل کے درمیان بننے والی سڑک  پہاڑوں اور سنجے گاندھی نیشنل پارک  کے قریب  ہے اس لئے ۵ء۵؍ کلومیٹر طویل اس سرنگ میں سے۳ء۵؍کلومیٹر زیر زمین اور۲ء۲؍ کلو میٹر کیلئے اپروچ روڈ تیار کی جائے گی۔
ٹینڈر کی کارروائی 
 گھوڑ بندر روڈ پر ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے اس مجوزہ پروجیکٹ میںایل اینڈ ٹی ، میگھاانجینئرنگ ،نویوواانجینئرنگ ،ایفکانس  انفرا اسٹرکچر اور رتویک پروجیکٹ نے دلچسپی دکھائی ہے۔ آئندہ ہفتے میں ایم ایم آر ڈی اے کے ذریعہ ٹینڈر کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ ایم ایم آر ڈی اے کو امید ہےکہ ۲۰۲۵ء کے وسط تک پروجیکٹ شروع ہوجائے گا۔ اس کے ساتھ ہی گھوڑبندر روڈ پر ٹریفک کو کم کرنے کیلئے تھانے۔ بوریولی جڑواں ٹنل پروجیکٹ کا کام شروع ہو گیا ہے۔
۲؍حصوں میں پروجیکٹ مکمل ہوگا 
 نوبھارت ٹائمس کی ایک رپورٹ کے مطابق تھانے اور گجرات سے ممبئی کے مضافاتی علاقوں کی طرف جانے والی گاڑیوں کیلئے متبادل راستہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس کے تحت گائے مکھ اوربھائندر کے درمیان ۱۵ء۵؍ کلو میٹر طویل نیا راستہ بنایا جانا ہے۔ اس منصوبے کو ۲؍ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں گائے مکھ اور فاؤنٹین ہوٹل  کے درمیان ۵ء۵؍ کلو میٹر طویل راستہ ہوگا۔ دوسرے پروجیکٹ کے تحت فاؤنٹین ہوٹل اور بھائندر کے درمیان۱۰؍ کلو میٹر لمبی ایلیویٹڈ سڑک ہوگی۔ ایلیویٹڈ روڈ موجودہ ہائی وے سے اوپر ہو گی۔ ایلیویٹڈ روڈ۴؍ لین اور ٹنل کے اندر ۳؍لین پر مشتمل ہو گی۔ اس پورے پروجیکٹ کی تعمیر پر تقر یباً ۲۰؍ہزار کروڑروپے خرچ ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK