Inquilab Logo Happiest Places to Work

ظہران ممدانی نیویارک میئر کیلئے ڈیموکریٹک کا پرائمری الیکشن جیت گئے

Updated: June 25, 2025, 4:56 PM IST | New York

ہند نژاد امریکی مسلم سیاستداں ظہران ممدانی نے نیویارک کے میئر کیلئے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے حریف اینڈریو کومو کو شکست دے دی۔

zohran Mamdani after winning the mayoral election. Photo: INN.
ظہران ممدانی میئر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد۔ تصویر: آئی این این۔

ہند نژاد امریکی مسلم سیاستداں ظہران ممدانی نے نیویارک کے میئر کیلئے ڈیموکریٹک پرائمری انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے حریف اینڈریو کومو کو شکست دے دی۔ امریکی میڈیا کے مطابق، نیویارک کے میئر شپ کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات کا عمل رات۹؍ بجے مکمل ہوا جس میں مجموعی طور پر۱۱؍ لاکھ شہریوں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی نتائج کے مطابق، ظہران ممدانی نے ۵ء۴۳؍فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مخالف امیدوار اینڈریو کومو کو۴ء۳۶؍ فیصد ووٹ ملے، کامیابی کے بعد ظہران ممدانی نے کہا کہ یہ ان کیلئے ایک اعزاز ہے کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے نیویارک کے میئر کے انتخاب میں حصہ لیں گے۔ 

اینڈریو کومو نے ابتدائی راؤنڈ کے نتائج کے بعد منگل کی شب اپنی شکست اس وقت تسلیم کرلی جب۹۵؍ فیصد ووٹ گنے جا چکے تھے، انہوں نے مین ہیٹن میں انتخابی اجتماع کے دوران اچانک اسٹیج پر آ کر ظہران ممدانی کو ایک ’ذہین، اچھی اور مؤثر‘ انتخابی مہم پر مبارکباد دی اور ان کے ساتھ فون پر بھی رابطہ کیا۔ اگرچہ اینڈریو کومو اور موجودہ میئر ایرک ایڈمز دونوں نومبر کے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہوں گے، تاہم، ظہران ممدانی کی پرائمری میں جیت کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ 

ظہران ممدانی نے انتخابی دن کا آغاز صبح۵؍ بجکر ۴۰؍ منٹ پرآستوریا پارک میں پریس کانفرنس سے کیا اور پھر جیکسن ہائٹس میں ووٹروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہم نیویارک شہر میں ایک نئے دور کے آغاز کے قریب ہیں اور ماضی کی کرپٹ سیاست کا باب بند کر رہے ہیں جس نے اس شہر کو امریکہ کا سب سے مہنگا شہر بنا دیا۔ ان کے حامیوں نے لانگ آئی لینڈ سٹی میں ایک بریوری میں جمع ہو کر کامیابی کا جشن منایا۔ مسلم ڈیموکریٹک کلب آف نیویارک کی صدر ثمن وقار نے اس موقع کو مسلمانوں، جنوبی ایشیائیوں، تارکین وطن اور نیویارک والوں کیلئے تاریخی قرار دیا، ایک اور مہم رکن گیبی زوٹراو نے کہا کہ یہ لمحہ یقیناً ناقابل یقین ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK