Inquilab Logo

سرکاری خریداری کے قوانین میں تبدیلی سے ’میک ان انڈیا‘ کو تقویت ملے گی: نرملا

Updated: December 07, 2021, 11:34 AM IST | Agency | New Delhi

حکومت نے کہا ہے کہ گھریلو کاروباریوںکی حوصلہ افزائی کرنے اور ’میک ان انڈیا‘ کو فروغ دینے کے لئے سرکاری خریداری کے لئے جنرل فائنانشیل رولز(جی ایف آر) کے قوانین میں تبدیلی کی ہے جس کا سیدھافائدہ ملک کے عام کاروباریوں کو ملے گا۔

Nirmala Sitharaman. Picture:INN
نرملا سیتا رمن ۔ تصویر: آئی این این

 حکومت نے کہا ہے کہ گھریلو کاروباریوںکی حوصلہ افزائی کرنے اور ’میک ان انڈیا‘ کو فروغ دینے کے لئے سرکاری خریداری کے لئے جنرل فائنانشیل رولز(جی ایف آر) کے قوانین میں تبدیلی کی ہے جس کا سیدھافائدہ ملک کے عام کاروباریوں کو ملے گا۔
 لوک سبھا میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ایک ضمنی سوال کے جواب میں پیر کو بتایاکہ اگر۲۰۰؍کروڑ روپےسے کم کی خریداری کی جانی ہے تو اس میں بین الاقوامی شراکت داری کو شامل نہیںکرنے کا حکومت نےفیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے قوانین میں تبدیلی کی گئی ہے جس کا سیدھا فائدہ ملک کے کاروباریوں کو ہوگا اور حکومت کی میک ان انڈیا پہل کو فروغ ملے گا۔
 انہوں نےکہاکہ حکومت مینوفیکچرنگ کو فروغ دے رہی ہے اور چھوٹے کاروباریوں کی حوصلہ افزائی کیلئےاقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے حکومت نے سرمایہ کاروں کا چارٹر بنایا ہے اور اس کی وجہ سےسرمایہ کار پر جوش ہیں۔ حکومت نے وبا کے دوران بھی مراعات جاری رکھی ہیں، جس کے تحت ۴ء۱؍ لاکھ کروڑ روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے۔مرکزی وزیرنےکہاکہ مینوفیکچرنگ شعبہ میں مائکرو، مائکرو اسکوپک اور چھوٹی صنعتوں پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس کے لئے حکومت نے گزشتہ ۲؍ سال کےدوران کئی اقدامات کئے ہیں۔ حکومت نے ۱۰؍ اہم شعبوں میں خودکفیل ہندستان مہم کے تحت ملک کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں اوربرآمد کو فروغ دینے کی پہل شروع کی ہے۔ ان شعبوں میں آٹوموبائل اور آٹو، مواصلات اور نیٹ ورکنگ اور کپڑےکی پیداوار شامل ہے۔ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مختلف کمپنیاں آئی پی اولارہی ہیں اور ان میں جوش و خروش سے سرمایہ کاری ہورہی ہے۔نرملا سیتارمن کا کہنا تھا کہ ۲۱۔ ۲۰۲۰ء میں ۶۱؍کمپنیاں آئی پی او لیکر آئیں جبکہ ۲۲۔ ۲۰۲۱ء میں۶۷؍کمپنیاں آئی پی او لیکر آئی ہیں جن میں ۶۷؍ایم ایس ایم ای کی کمپنیاں تھیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سال آئی پی او نکالنے والی کمپنیوں نے ۵۲؍ ہزار کروڑ روپے حاصل کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK