Inquilab Logo

کرسی کی خاطر نتیش کمار کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں :تیجسوی یادو

Updated: August 01, 2020, 4:04 AM IST | Patna

بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے ہانگ کانگ میں انتخابات ملتوی کیے جانے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: نتیش کمار سمجھتے ہیں کہ بہار ہانگ کانگ سے بھی زیادہ ترقی یافتہ ہے، وزیراعلیٰ ۴؍ماہ سے باہر نہیں نکلے ہیں۔

Tejaswi Yadav. Photo: INN
تیجسوی یادو۔ تصویر: آئی این این

بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادونے نتیش کمار پر کرسی کی خاطر کچھ بھی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں عام لوگ علاج ومعالجہ کی سہولتوں کے فقدان سے پریشان ہیں ، لوگ مررہے ہیں ، لیکن ان سب کا وزیر اعلیٰ پر کوئی اثر نہیں ہورہا ہے۔ تیجسوی یادو نےجمعہ کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ہانگ کانگ میں انتخابات کے ملتوی ہونے کی خبر کو شیئرکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار سمجھتے ہیں کہ بہارزیادہ ترقی یافتہ ہے، یہاں کے صحت خدمات کا بنیادی ڈھانچہ سبھی طرح کی ضروری سہولتوں سے آراستہ ہےاور ہانگ کانگ سے بھی زیادہ مؤثراورباصلاحیت ہے، اس لیے یہاں وقت پر انتخابات ہوں گے۔ آرجے ڈی لیڈر نے کہا کہ نتیش کمار کرسی کی خاطر کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں چاہے عام لوگ مریں تو مریں ، انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
 اس سےقبل تیجسوی یادو نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کئی متاثرین کاویڈیو سوشل میڈیا پر شیئرکیا۔ انہوں نے اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے کہا کہ آپ میری نہیں ، لیکن عوام کی تو سنیں ۔ویڈیو میں چکیا علاقےکے سیلاب زدگان یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے ان کی خبرگیری کرنے اب تک کوئی نہیں آیا۔
 قابل ذکر ہے کہ آرجے ڈی جولائی کے اوائل ہی سےکورونا وائرس کے پیش نظر اسمبلی انتخابات کے انعقاد پر نظر ثانی کرنے کی بات کہتی رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے متعدد بار کہا ہے کہ وہ عام لوگوں کی جان کو خطرے میں ڈال کر الیکشن کرانے کے حق میں نہیں ہیں ۔ البتہ اگر الیکشن کمیشن سبھی ضروری باتوں کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کرانا چاہتا ہے تواس کے لیے آرجے ڈی تیار ہے لیکن وہ روایتی طریقے سے ہونا چاہیے۔ یاد رہے کہ آرجے ڈی کے ساتھ ہی اپوزیشن کی مختلف جماعتوں نے ورچوئل ریلی کو روکنے کے لیے الیکشن کمیشن کو میمورنڈم بھی دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK