Inquilab Logo

این ایم کالج نے ایم کام کے دوسرے سال کی فیس میں صدفیصد اضافہ کردیا

Updated: August 07, 2020, 7:35 AM IST | Pallavi Smart | Vile Parle

لاک ڈاؤن کے سبب طلبہ نے اس پر نظرثانی کا تحریری طورپرمطالبہ کیا ۔انتظامیہ نےوضاحت کی کہ گزشتہ ۱۲؍ برس سے فیس کے ڈھانچے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے

Students - Pic : INN
طلبہ ۔ تصویر : آئی این این

جو طلبہ این ایم کالج سے ایم کام کرنا چاہتے ہیں ، انہیں یہ سن کر دھچکا لگے کہ کالج انتظامیہ نے دوسرے سال کی فیس میں صدفیصد اضافہ کردیا ہے۔ اس کیلئے انتظامیہ نے یہ وضاحت کی ہے کہ جو فیس اس وقت ہے ، اس میں گزشتہ ۱۲؍ برس سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اوراس طرح دیکھا جائے تو یہ قطعی کوئی بڑی رقم نہیں ہے۔
 ایم کام کے پہلے سال کے طلبہ جنہوں نے ۱۳؍ ہزار روپے فیس ادا کی تھی ، اب انہیں دوسرے سال میں ۲۵؍ ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔ ۲۹؍ جولائی کو کالج انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو ایک ای میل موصول ہوا ہے جس میں فیس میں اضافے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے ۴؍ اگست کو فیس ادا کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
 اس تعلق سے طلبہ نے حالات کو دیکھتے ہوئے نظرثانی کرنے کیلئے کالج انتظامیہ سے تحریری طور سے مطالبہ کیا ہے کیونکہ کورونا وائرس کے سبب پیداشدہ حالات میں کئی طلبہ کوفیس میں اضافہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک طالب علم نے کہا ہے کہ ’’کالج اب خودمختار ہے اور انتظامیہ نے وباکے سبب پیداشدہ حالات میں یہ تمام تبدیلیا ں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم فیس میں اضافہ کی توقع کررہے تھے لیکن اتنی زیادہ اضافہ کی نہیں۔ ہم نے سوچا تھا کہ یہ ۱۵؍ اور ۱۷؍ ہزار روپے کے آس پاس رہے گی۔‘‘ ایک اور طالب علم کا  کہنا ہے کہ ’’ہمارے بیچ میں کل ۱۲۱؍ طلبہ ہیں۔ ہمارے تعلق سے غور کرنے کیلئے ہم نے انتظامیہ سے رابطہ قائم کیا ہے لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ اس وقت کوئی بھی دوسرے کالج جانے کی کوشش نہیں کرسکتا۔‘‘
 جب اس تعلق سے پرنسپل پراگ اجگاؤنکر سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’’فیس کا ڈھانچہ ۲۰۰۸ء سے بڑھایا نہیں گیا ہے۔ انتظامیہ کو بڑے خسارے کا سامنا کرنا پڑرہا ہے خودمختاری کے بعد خاص طورپر اب جب ہم  نصاب کونئے سرے سے تیار کررہے ہیں ،  وبا کے دوران بھی کالج نے اچھے انفرااسٹرکچر کی پیشکش کی ہے۔ موثرآن لائن پڑھائی کیلئے درکار اخراجات انتظامیہ نے  کئے ہیں۔ ہمارے تمام اساتذہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور ہم انہیں ساتویں پے کمیشن کے مطابق تنخواہیں دے رہے ہیں۔ ان تمام چیزوں کو برقرار رکھنا مشکل ہوتاجارہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ یہ نوٹ کرنا اہم ہے کہ  یہ فیس اتنی زیادہ نہیں ہے کیونکہ بنیادی فیس کم ہے۔ یہ ایک غیرامدادی کورس  ہے اور انتظامیہ کو پورا خرچ برداشت کرنا پڑتا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK