Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریپو ریٹ میں تبدیلی کی امید نہیں: ایس بی آئی ریسرچ

Updated: April 05, 2026, 5:03 PM IST | Mumbai

مغربی ایشیا میں جاری بحران کے درمیان ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی پیر سے شروع ہونے والی تین روزہ میٹنگ میں ریپو ریٹ میں کسی تبدیلی کی امید نہیں ہے۔

Sbi Bank.Photo:INN
ایس بی آئی بینک۔ تصویر:آئی این این

مغربی ایشیا میں جاری بحران کے درمیان ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی پیر سے شروع ہونے والی تین روزہ میٹنگ میں ریپو ریٹ میں کسی تبدیلی کی امید نہیں ہے۔   ایس بی آئی ریسرچ کی اتوار کو جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایم پی سی کی پچھلی میٹنگ کے بعد مغربی ایشیا کے بحران کی شکل میں دنیا میں ایک بڑا جیو-پولیٹیکل تغیر آیا ہے۔ خاص طور پر آبنائے ہرمز کے بند ہونے سے عالمی تجارت متاثر ہوئی ہے۔ یہ ۱۹۷۳ء کے بعد خام تیل کی مارکیٹ میں سب سے بڑا خلل ہے۔  
رپورٹ کے مطابق خام تیل اس وقت ۱۰۰؍ ڈالر فی بیرل سے اوپر ہے اور روپیہ ۹۳؍ روپے فی ڈالر سے نیچے چل رہا ہے۔ ساتھ ہی ’’سپر ایل نینو‘‘ اثر کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان تمام عوامل کے پیش نظر آر بی آئی ۸؍اپریل کو جاری ہونے والے بیان میں فی الحال موجودہ صورتحال برقرار رکھے گا۔   رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال ۲۶۔۲۰۲۵ء میں غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے انڈین کیپٹل مارکیٹ سے۶ء۱۶؍ ارب ڈالر کی خالص نکاسی کی، جو ۱۹۹۱ء کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ صرف مارچ میں ہی انہوں نے۶ء۱۳؍ ارب ڈالر نکالے، جو مارچ ۲۰۲۰ء (۹ء۱۵؍ ارب ڈالر) کے بعد سب سے زیادہ ہے۔  

یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء: فائنل کے ٹکٹ کی قیمت ۱۱؍ ہزار ڈالر تک پہنچ گئی


روپیہ دباؤ میں ہے اور ۱۱۴؍ دنوں میں اس میں تین روپے فی ڈالر کی گراوٹ آ چکی ہے۔ خام تیل کی قیمت اوپر بنی ہوئی ہے۔ ان سب کا مجموعی نتیجہ یہ ہوگا کہ اگلی تین سہ ماہیوں میں صارف قیمت پر مبنی افراطِ زر کی شرح ۵ء۴؍ فیصد سے زیادہ رہے گی۔

یہ بھی پڑھئے:انجلینا جولی کی بیٹی شائیلو نے کے پاپ گلوکارہ ڈایونگ کے میوزک ویڈیو میں کیمیو ادا کیا

 
موسم کے ماہرین نے اس سال جون اور اگست کے درمیان ایل نینو اثر کے فعال رہنے کی۶۲؍ فیصد امکان ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی اس سال ’’سپر ایل نینو‘‘ رہنے کی بات کہی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ درجہ حرارت طویل مدتی اوسط سے دو ڈگری سیلسیس سے بھی زیادہ رہے گا۔ اس سے ہندوستان میں مانسون متاثر ہوگا، جس پر آج بھی زیادہ تر خریف کی فصلیں منحصر ہیں۔  یہ تمام عوامل ریپو ریٹ میں کمی کی امید کو کم کرتے ہیں۔ ایس بی آئی ریسرچ کو توقع ہے کہ مرکزی بینک ریپو ریٹ میں تبدیلی کے بجائے روپے کو مضبوط کرنے کے اقدامات کرے گا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK