Inquilab Logo Happiest Places to Work

لا لیگا: بارسلونا کی ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف اہم فتح، ریئل میڈرڈ کو مایوس کن شکست

Updated: April 05, 2026, 9:02 PM IST | Barcelona

ایف سی بارسلونا نے رواں سیزن کا لا لیگا ٹائٹل جیتنے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو۱۔۲؍گول سے ہرا دیا ہے۔ دوسری جانب، دفاعی چیمپئن ریئل میڈرڈ کو مایورکا کے ہاتھوں اسی اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد بارسلونا کو ٹیبل پر ۷؍پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہو گئی ہے۔

Barcelona Match.Photo:X
بارسلونا کا میچ۔ تصویر:ایکس

ایف سی بارسلونا نے رواں سیزن کا لا لیگا ٹائٹل جیتنے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو۱۔۲؍گول  سے ہرا دیا ہے۔ دوسری جانب، دفاعی چیمپئن ریئل  میڈرڈ کو مایورکا کے ہاتھوں اسی اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد بارسلونا کو ٹیبل پر ۷؍پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہو گئی ہے۔میڈرڈ میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں بارسلونا نے کھیل کے آخری لمحات میں برتری حاصل کی۔کھیل کے ۳۹؍ ویں منٹ میں جولیانو سیمیونی نے ایٹلیٹیکو کو برتری دلائی، لیکن صرف تین منٹ بعد مارکس رشفورڈ نے دانی اولمو کے پاس پر گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔
 ہاف ٹائم سے ذرا پہلے ایٹلیٹیکو کے نیکو گونزالیز کو لامین یمال کو گرانے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد ایٹلیٹیکو کی ٹیم ۱۰؍ کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔ ۸۷؍ ویں منٹ میں جواؤ کانسلو کی شاندار موو کے بعد گیند رابرٹ لیوانڈوسکی کے کندھے سے ٹکرا کر جال میں جا گری، جس نے بارسلونا کی فتح یقینی بنا دی۔
آلوارو اربیلوا کی زیرِ نگرانی ریال میڈرڈ کی ٹیم مایورکا کے خلاف بے بس نظر آئی۔ اگرچہ اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے اسٹارٹنگ الیون کا حصہ تھے، لیکن ٹیم کا دفاع کمزور ثابت ہوا۔مایورکا نے ۴۱؍ ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔دوسرے ہاف میں انجری سے واپسی کرنے والے ایڈر ملیٹاؤ نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے امید جگائی۔تاہم،۹۱؍ ویں منٹ میں ویدات موریقی نے ریال میڈرڈ کے ناقص دفاع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو جیت دلا دی۔


مسلم مخالف نعروں سے افسردہ الامین  نے  بارسلونا کی فتح کے بعد جشن نہیں منایا
 بارسلونا کے منیجر ہینسی فلک نے ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف اہم میچ کے اختتام پر نوجوان فارورڈ الامین  یمل کی واضح ناراضگی کو کھیل کے دوران گول نہ کر پانے کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس برہمی کا تعلق میدان سے باہر پیش آنے والے کسی واقعے سے نہیں ہے۔
ہفتے کے روز میڈرڈ میں کھیلے گئے کانٹے کا مقابلے کے ۸۷؍ ویں منٹ میں جب رابرٹ لیوانڈوسکی نے فیصلہ کن گول کیا، تو الامین  ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منانے کے بجائے خاموش اور افسردہ نظر آئے۔ فلک نے میچ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’’وہ تھوڑا ناراض تھا۔ اس نے اپنی پوری کوشش کی لیکن گول کرنے یا آخری پاس دینے کے معاملے میں وہ بدقسمت رہا۔ وہ جذباتی ہے، لیکن ڈریسنگ روم میں سب کچھ ٹھیک ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:میسی نے انٹر میامی کے نئے نو اسٹیڈیم میں پہلا گول داغ کر بیکہم کا خواب پورا کر دیا


 ۱۸؍ سالہ الامین  نے میچ کے دوران بہترین کھیل پیش کیا، جس میں ان کا ایک شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آگیا اور انہوں نے فرمین لوپیز کے لیے گول کا بہترین موقع بھی فراہم کیا جسے وہ ضائع کر بیٹھے۔ الامین  کی حالیہ افسردگی کو ہسپانوی فٹ بال میں جاری اسلامو فوبیا کے تنازع سے بھی جوڑا جا رہا تھا۔ منگل کے روز بارسلونا میں مصر کے خلاف اسپین کے دوستانہ میچ کے دوران تماشائیوں نے مسلم مخالف نعرے لگائے تھے۔ الامین ، جو ایک مسلمان کھلاڑی ہیں اور جن کے والد مراکش سے ہجرت کر کے اسپین آئے تھے، نے انسٹاگرام پر ان نعروں کی شدید مذمت کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ کے ساتھ جنگ کے دوران ایران نے انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن میں ریکارڈ قائم کر دیا


الامین  نے اپنے بیان میں کہاکہ میں ایک مسلمان ہوں۔ اسٹیڈیم میں جو نہیں اچھلتا وہ مسلمان ہے  کے نعرے سنے گئے۔ اگرچہ یہ میرے خلاف ذاتی نہیں تھے، لیکن بطور مسلمان یہ ناقابلِ برداشت اور توہین آمیز ہے۔ الامین رواں سیزن میں اب تک ۱۹؍ گول اسکور کر چکے ہیں، جن میں سے ۱۴؍ لا لیگا اور۵؍ یورپی مقابلوں میں کیے گئے ہیں۔ ہینسی فلک کو امید ہے کہ یمال منگل کے روز چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں دوبارہ اپنی بہترین فارم میں نظر آئیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK