Inquilab Logo

’’دنیا کی کوئی کانفرنس ’وائبرنٹ گجرات سمٹ‘ کا مقابلہ نہیں کر سکتی‘‘

Updated: January 11, 2024, 10:46 AM IST | New Delhi

ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی نے دعویٰ کیا کہ’’جب سرمایہ کار نئے ہندوستان کے تعلق سے سوچتے ہیں تو وہ نئے گجرات کے بارے میں سوچتے ہیں‘‘

Mukesh Ambani addressing the `Vibrant Gujarat Summit` (Photo: PTI)
مکیش امبانی ’وائبرنٹ گجرات سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے ( تصویر: پی ٹی آئی)

ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیئرمین  مکیش امبانی نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسی کانفرنس نہیں ہے جو وائبرنٹ گجرات کا مقابلہ کر سکے۔ امبانی ’وائبرنٹ گجرات‘  سمٹ کے ۱۰؍ ویں ایڈیشن کے افتتاح کے موقع  پر خطاب کر رہے تھے۔  انہوں نے کہا ’’ یہ کانفرنس گزشتہ ۲۰؍ سال سے کامیابی کے ساتھ  منعقد ہو رہی ہے۔میں گیٹ وے آف انڈیا کے شہر سے آیا ہوں اور اب یہ گیٹ وے آف ماڈرن انڈیا بن گیا ہے۔ مجھے گجراتی ہونے پر فخر ہے۔‘‘ مکیش امبانی نے کہا’’ جب بھی غیر ملکی نیو انڈیا( نیا ہندوستان) کے بارے میں سوچتے ہیں تو ان کے ذہن میں سب سے پہلی چیز ’نیو گجرات‘ ( نیا گجرات) آتی ہے۔‘‘ اس موقع پر وہ وزیر اعظم مودی کے گن گانا نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا’’ یہ تبدیلی کیسے آئی؟ ہمارے لیڈران کی وجہ سے جو ہمارے زمانے کی دنیا کے عظیم ترین لیڈروں میں شمار ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم  مودی ہندوستانی تاریخ کے سب سے کامیاب وزیر اعظم ہیں۔‘‘
  یاد رہے کہ بدھ کوگاندھی نگر میں وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں ’وائبرنٹ گجرات ‘ سمٹ  کا افتتاح عمل میں آیا  اس موقع پر کئی اہم شخصیات موجود تھیں ۔ خاص کر اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی جنہوں نے کئی اہم اعلانات کئے۔ مکیش امبانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب سرمایہ کار ایک نئے ہندوستان کے بارے میں سوچتے ہیں تو وہ ایک نئے گجرات کے بارے میں سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائبرنٹ گجرات سمٹ کی مسلسل کامیابی وزیر اعظم مودی کے غیر متزلزل ویژن اور اقتصادی ترقی اور ترقی کو فروغ دینے کے مسلسل عزم کا ثبوت ہے۔
  اس موقع پر انہوں نے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر بھی زور دیا۔  مکیش  امبانی نےکہا کہ اے آئی( مصنوعی ذہانت) گجرات کے ہر شعبے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔ مصنوعی ذہانت کے انقلاب سے گجرات کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔  
ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ  نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا مطلب بھی ہر طرح کی ترقی ہے۔ گجرات بہتر مصنوعات اور خدمات کیلئے مشہور ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن کو ہر ممکن تعاون دیں گے۔ ہندوستان کی ترقی کیلئے گجرات کی ترقی ضروری ہے۔ آج دنیا کی ترقی کیلئے ہندوستان کی ترقی ضروری ہے۔ آج کا ہندوستان ، نوجوانوں کیلئے اچھے مواقع لے کر آیا ہے۔ مکیش امبانی نے کہا کہ پی ایم مودی نے بین الاقوامی سطح پر شہرت یافتہ لیڈ رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK