Inquilab Logo

دہلی کوگیند بازوں سے بہتر کارکردگی کی توقع

Updated: April 24, 2024, 1:36 PM IST | Agency | New Delhi

آئی پی ایل میں آج دہلی کیپٹلس اور گجرات ٹائٹنس کے درمیان مقابلہ۔ سبھی کی نظر رشبھ پنت کی کپتانی پر بھی مرکوز ہوگی۔

Gujarat Giants captain Shubman Gill and Delhi Capitals captain Rishabh Pant. Photo: INN
گجرات جائنٹس کے کپتان شبھمن گل اور دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت۔ تصویر : آئی این این

جب بدھ کو انڈین پریمیر لیگ میں دہلی کیپٹلس کی ٹیم گجرات ٹائٹنس کا سامنا کرے گی تو اسے اپنے گیند بازوں سے بہتر کارکردگی کی توقع ہوگی جبکہ رشبھ پنت کی کپتانی پر بھی توجہ مرکوز ہوگی۔ 
 پنت کی ہوم گراؤنڈ پر واپسی توقع کے مطابق نہیں ہوئی اور دہلی کو لگاتار ۲؍ جیت درج کرنے کے بعد سنیچر کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف گھر پر ۶۷؍ رن کی زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شکست کے ساتھ ہی دہلی کی ٹیم ۸؍ میچوں میں ۳؍ جیت اور ۵؍ ہار سے ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ ۸؍ویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ ٹیم اچھی طرح جانتی ہے کہ اگر اسے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھنا ہے تو اسے جیت کے راستے پر واپس آنا پڑے گا۔ 
 سن رائزرس کے خلاف پنت کے فیصلوں پر کئی بار سوال اٹھائے گئے۔ ٹاس کے وقت، وہ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں اوس کے عنصر کا صحیح اندازہ نہیں لگا سکے اور پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پنت کا اننگز کا دوسرا اوور للت یادو کے سپرد کرنے کا فیصلہ اور بھی متنازع رہا اور سن رائزرس نے طوفانی آغاز کرتے ہوئے پاور پلے میں کوئی وکٹ گنوائے بغیر۱۲۵؍ رن بنائے۔ پنت کو بلے بازی کے دوران جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا اور ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے وہ۳۵؍ گیندوں پر صرف۴۴؍ رن بنا سکے۔ 
  سن رائزرس کے اوپنرس سے طوفانی شروعات کی توقع تھی لیکن پرتھوی شا اور ڈیوڈ وارنر نے مایوس کیا۔ نوجوان جیک فریزر میک گرک نے صرف۱۸؍ گیندوں پر۶۵؍ رن بنائے لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ تعاون نہیں ملا۔ ابھیشیک پورل نے بھی ۲۲؍ گیندوں پر۴۲؍رن کی اننگز کھیلی لیکن یہ ناکافی تھی۔ 
 سن رائزرس نے دہلی کے گیند بازوں کے خلاف آسانی سے رن بنائے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز خلیل احمد کی کوٹلہ کی شارٹ باؤنڈری میں شارٹ پچ گیند کرنے کی حکمت عملی غلط ثابت ہوئی۔ تیز گیندبازی حملہ کے سربراہ اینریک نورتجے موجودہ سیزن میں فارم سے باہر ہیں اور ٹیم کو تجربہ کار ایشانت شرما کی واپسی کی امید ہو گی جب وہ کمر میں کھنچاؤ کی وجہ سے گزشتہ میچ سے باہر ہو گئے تھے۔ کلدیپ یادو موجودہ سیزن میں دہلی کے سب سے کامیاب گیند باز رہے ہیں، جنہوں نے ۵؍ میچوں میں ۷ء۶۰؍ کے اکنامی ریٹ سے۱۰؍ وکٹ لئے، لیکن وہ سن رائزرس کے خلاف بھی کافی مہنگے ثابت ہوئے۔ انہوں نے دہلی کے گیند بازوں میں سب سے زیادہ ۸؍ گیندیں ضائع کیں لیکن سب سے زیادہ چھکے بھی کھائے۔ 
 نئے کپتان شبھمن گل کی قیادت میں گجرات ٹائٹنس کی کارکردگی میں بھی مستقل مزاجی کا فقدان رہا ہے لیکن پنجاب کنگز کے خلاف آخری میچ میں ۳؍ وکٹ کی جیت کی بدولت یہ سابق چمپئن ٹیم ۸؍ میچوں میں ۸؍ پوائنٹس لئے ہیں۔ ٹائٹنس بھی اپنی جیت کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے پلے آف کیلئے اپنے دعوے کو مضبوط کرنے کیلئے پوری کوشش کرے گا۔ گل کے علاوہ ٹیم کو بیٹنگ میں سائی سدرشن، ڈیوڈ ملر اور عظمت اللہ عمرزئی سے بہتر کارکردگی کی توقع ہوگی جبکہ راہل تیوتیا کو فنشر کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بولنگ کے شعبے کی ذمہ داری تجربہ کار موہت شرما، نور احمد اور راشد خان پر ہوگی۔ 
 دہلی کیپٹلس: رشبھ پنت (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، ابھیشیک پورل، رکی بھوئی، یش دھول، شائی ہوپ، پرتھوی شا، ٹرسٹن اسٹبس، کمار کشاگرا، سواستیک چکارا، ایشانت شرما، جھائے رچرڈسن، رسیک ڈار، وکی اوستوال، اینریک نورتجے، مکیش کمار، کلدیپ یادو، پروین دوبے، خلیل احمد، سمیت کمار، اکشر پٹیل، للت یادو، اور جیک فریزر-میک گرک۔ 
گجرات ٹائٹنس: شبھمن گل (کپتان)، ڈیوڈ ملر، ردھیمان ساہا، سائی سدرشن، شاہ رخ خان، میتھیو ویڈ، کین ولیمسن، عظمت اللہ عمرزئی، ابھینو منوہر، راشد خان، وجے شنکر، راہل تیوتیا، اسپینسر جانسن، کارتک تیاگی، جوشوا لی، درشن نالکنڈے، نور احمد، روی شرینواسن، سائی کشور، موہت شرما، جینت یادو، امیش یادو، سُشانت مشرا، سندیپ واریئر، شرت بی آر اور مانو ستار۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK