مہنگائی سے راحت کی امید،۳۱؍مئی سے قبل بھیجے گئے تیل کو استثنیٰ،امپورٹ ڈیوٹی قوانین میں ابہام کے سبب لاکھوں کارگو بندرگاہوں پر پھنس گئے ہیں،تیل کے مقامی بیجوں کی قیمت کم ہوسکتی ہے
Updated: May 12, 2023, 1:14 PM IST | New Delhi
مہنگائی سے راحت کی امید،۳۱؍مئی سے قبل بھیجے گئے تیل کو استثنیٰ،امپورٹ ڈیوٹی قوانین میں ابہام کے سبب لاکھوں کارگو بندرگاہوں پر پھنس گئے ہیں،تیل کے مقامی بیجوں کی قیمت کم ہوسکتی ہے
حکومت ہند نے جون تک خام سویا بین تیل اور خام سورج مکھی کے تیل پر امپورٹ ڈیوٹی یعنی درآمدی ڈیوٹی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے درآمدی ڈیوٹی سے استثنیٰ پر واضح کیا ہے کہ ۳۱؍مارچ سےپہلے بھیجے گئے سویا آئل اور سورج مکھی کےتیل کی درآمدات کو آزاد رکھا جائے گا کیونکہ درآمدی قوانین پر ابہام کے نتیجے میں لاکھوں کارگو بندرگاہوں پر پھنس گئے تھے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سال کے شروع میں سبزیوں کے تیل کے دنیا کے سب سے بڑے درآمدکنندہ نے یکم اپریل سے شروع ہونے والے رواں مالی سال کے لیے۲؍ملین ٹن سورج مکھی کے خام تیل اور سویا تیل پر درآمدی ڈیوٹی کی چھوٹ ختم کردی۔ڈیلرز نے کہا کہ اس اقدام کے نتیجے میں ہندوستانی بندرگاہوں پر لدے ہوئے تقریباً ۹۰؍ ہزارٹن کارگو پھنس گئے، جو۳۱؍ مارچ سے پہلے لوڈ کیے گئے تھے۔
ویجیٹیبل آئل بروکریج اور کنسلٹنسی فرم سن ون گروپ کے سی ای او سندیپ باجوریا نے کہا کہ کچھ کارگو بندرگاہوں پر پچھلے چند ہفتوں سے پھنس گئے تھے۔ اب حکومت کے نئے حکم کے بعد وہ ملک میں داخل ہو سکتے ہیں۔ ہندوستان بنیادی طور پر ارجنٹائن، برازیل اور امریکہ سے سویا تیل اور روس اور یوکرین سے سورج مکھی کا تیل درآمد کرتا ہے۔
سالوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بی وی مہتا کا کہنا ہے کہ حکومتی نوٹیفکیشن درآمد کنندگان کو راحت فراہم کرے گا۔ اس کےساتھ ساتھ درآمدات سے مقامی تیل کے بیجوں کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔اس کے ساتھ کسانوں کی آمدنی میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مئی میںہندوستان کی پام آئل کی درآمدات میں بھی کمی آسکتی ہےکیونکہ سویا اور سورج مکھی کے تیل کی دستیابی میں اضافہ ہوگا۔۵؍ ڈیلرز نے گزشتہ ہفتے رپورٹ کیا کہ اپریل میں پام آئل کی درآمدات ایک ماہ پہلے کے مقابلے میں۳؍ فیصدکم ہو کر۱۴؍ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔