Inquilab Logo

بو رڈ امتحان سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، طلبہ اور والدین میں تذبذب

Updated: October 26, 2021, 9:34 AM IST | saadat khan | Mumbai

سی بی ایس ای اور سی آئی ایس سی ای بورڈ کئی ماہ قبل ۲؍مرحلے میں آن لائن امتحان منعقد کرنے کا اعلان کرچکے ہیں،نومبر میں پہلے مرحلے کے امتحان کی تیاریاں،ریاستی بورڈکی خاموشی پر تشویش،جلد سے جلد اس تعلق سے اعلان کئے جانے کا مطالبہ،ورشا گائیکواڈ نےماہرین سے مشورہ طلب کیا

State board students are still in a dilemma over their exams.
ریاستی بورڈ کے طلبہ اپنے امتحان کے تعلق سے اب بھی مخمصہ میں ہیں

بورڈ امتحان ۲۰۲۲ء سےمتعلق ابھی تک حکومت کی جانب سےکسی طرح کی معلومات فراہم نہ کئے جانے سے طلبہ اور والدین میں تذبذب ہے۔امتحان آن یا آف لائن منعقدکئے جائیں گے، اس بارےمیں کسی طرح کا فیصلہ نہیں کیاگیاہے۔جبکہ سی بی ایس ای اورسی آئی سی ای بورڈ نے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحان ۲؍مرحلےمیں آف لائن منعقدکئے جانےکا اعلان تو کئی مہینےقبل ہی کردیاتھا۔ نومبرمیں ان بورڈ کے ذریعے پہلےآف لائن سمسٹر امتحان کے انعقادکی تیاریاں کی جارہی ہیں۔لیکن اسٹیٹ بورڈ کی طرف سے اس معاملہ میں اختیار کی گئی خاموشی سےطلبہ اور والدین میں تشویش پائی جارہی ہے۔اب ریاستی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڈ نے بورڈ امتحان آ ف یا آن لائن منعقدکئے جائیں اس ضمن میں اسکول، کالج ، تعلیمی تنظیموں ، اساتذہ اور تعلیمی ماہرین سےمشو رہ طلب کیاہے ۔ مجموعی طورپر اس بارےمیں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکاہے ۔
 واضح رہےکہ گزشتہ سال کووڈ ۱۹؍کی وجہ سے اسکولوںکےبندہونے سے بورڈ امتحان منسوخ کرکے طلبہ کو انٹرنل اسسمنٹ کی بنیادپر پاس کیاگیاتھا۔لیکن کورونا کی تیسری لہر کے خوف سے سی بی ایس ای اور سی آئی ایس سی ای بورڈ نے طلبہ کے تحفظ اور آسانی کیلئے  امسال دسویں اور بارہویں جماعت کے ۲؍امتحان منعقدکئے جانے کا اعلان کیاہے۔پہلا سمسٹر امتحان ۵۰؍ فیصد نصاب پر مشتمل ہوگا جبکہ دوسرا سمسٹر امتحان بقیہ ۵۰؍فیصد نصاب کےمطابق منعقد کیاجائے گا۔ یہ امتحان آف لائن منعقدکئے جائیں گے۔ پہلا سمسٹر امتحان نومبر میں منعقدکیاجائے گا۔ مگر اسٹیٹ بورڈ نے اس طرح کا کوئی منصوبہ نہیںتیار کیاہے اورنہ ہی اس بارےمیں کوئی اطلاع دی ہے ۔ اب ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نےاس بارےمیں اسکول ، کالج ، تعلیمی تنظیموں،اساتذہ اور تعلیمی ماہرین سے مشو رہ طلب کیا ہے۔گزشتہ جمعہ کو انہوںنے ایک ورچیول میٹنگ کے دوران اساتذہ ، پروفیسر، پرنسپل اور تعلیمی ماہرین سے آف لائن بورڈ امتحان منعقدکئے جانے سےمتعلق گفتگو کی ۔ 
  اس موقع پر ایک اسکول کے پرنسپل نے کہاکہ ’’فی الحال اسکول اور جونیئر کالج دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کا پہلا سمسٹر امتحان آن لائن لے رہے ہیں۔ اگر۲۰۲۲ءمیں آف لائن بورڈ امتحان نہیں منعقد کئےگئے تو پہلے سمسٹر کے مارکس دوسرے سمسٹر کے مارکس میں جمع کرکے طلبہ کا رزلٹ تیار کیاجاسکتاہے۔ ایک تعلیمی ماہر نے کہاکہ جس طرح سی بی ایس ای اور سی آئی ایس سی ای نے ۲؍مرحلے میں بورڈ امتحان منعقد کیا ہے اسی طرح اسٹیٹ بورڈ کوبھی ۵۰؍فیصد نصاب کی بنیادپر امتحان منعقدکرنے پر غور کرنا چاہئے تھا۔ ایک ٹیچرنےکہاکہ ’’کوروناکی موجودہ صورتحال میں پہلی مرتبہ بورڈ کے امتحان ۲؍مرحلےمیں منعقدکئے جارہے ہیں۔آئندہ سال کے حالات کیسے اور کیا ہوںگے اس بارےمیں ابھی سے قیاس کرنا قبل ازوقت ہے۔‘‘
 آ ف لائن امتحان کے تعلق سے اسکولوں، جونیئر کالجوں اور طلبہ کی کیارائے ہے۔وزیر تعلیم ورشا گائیکواڈ ا س کا جائز ہ لے رہی ہیں۔ طلبہ آف لائن امتحان کیلئے تیار ہیں یانہیں اس کا تجزیہ کیاجارہاہے ۔ ایک پرنسپل نے بتایاکہ طلبہ کو آف لائن امتحان کی تیاری کرنےکی ہدایت دی گئی ہے۔طلبہ اور والدین بھی آف لائن بورڈ امتحان کے حق میں ہیں۔اسٹیٹ بورڈ نے ستمبراکتوبر میں دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کاآف لائن سپلمنٹری امتحان منعقد کیاتھاجو کامیابی سے ہمکنا رہواہے۔ 
 اس تعلق سے مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک پریشد ممبئی کے صدر شیوناتھ دراڈے نے انقلاب کو بتایا کہ ’’کووڈ کی وجہ سے گزشتہ سال کی طرح امسال بھی اسکول جون ۲۰۲۱ءمیں شروع نہیں ہوسکے تھے۔جس کی وجہ سے دسویں اور بارہویں جماعت کے اسکول بھی وقت پر شروع نہیں ہوسکےتھے۔ کوروناکےمعاملا ت میں کمی آنےکےبعد حکومت نے ۴؍اکتوبر سے ممبئی سمیت ریاست میں ۸؍ویں تا ۱۲؍ویں جماعت کے آف لائن اسکول اور جونیئر کالج شروع کرنےکی اجازت دی ہے۔ اس کےباوجود ۱۰۰؍فیصد طلبہ اسکول نہیں آرہے ہیں ۔ جس کےسبب ان جماعتوںکے طلبہ کو آن لائن بھی پڑھایاجارہاہے ۔ عموماً ہر سال دسمبر میں دسویں اور بارہویں جماعت کے نصاب مکمل کرکے طلبہ کو بورڈ امتحان کی تیاری کیلئے ۲؍مہینہ کا موقع فراہم کیاجاتا ہے لیکن اس مرتبہ ابھی تک اسٹیٹ بورڈ کی طرف سے امتحان سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے ۔امتحان آف یا آن لائن منعقدکئے جائیں گے یہ تک نہیں بتایا گیاہے جس سے طلبہ ،والدین اور اساتذہ میں تذبذب ہے۔جبکہ سینٹرل بورڈ نے امتحان کے بارےمیں پوری معلومات جاری کردی ہے ۔ ایسےمیں ریاستی وزیر تعلیم سے اپیل ہے کہ وہ بورڈ امتحان سےمتعلق جلد ازجلد وضاحت کریں ۔‘‘ اطلاع کےمطابق دیوالی کی چھٹی کے بعد بورڈ امتحان کس طرح منعقدکئے جائیں گے اور اس کا ٹائم ٹیبل جاری کیاجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK